برفیلے ذخائر میں کمی پر تحقیق کیلئے نئی سیٹلائٹ

عالمی تپش یعنی گلوبل وارمنگ کی وجہ سے کرہ ارض پر برف کے ذخائر تیزی سے پگھل رہے ہیں اور اب اس پر تحقیق کیلئے ناسا کا نئی سیٹلائٹ اگلے ماہ مدار میں بھیجا جارہا ہے۔ آئس سیٹ ٹو کا پورا نام  آئس کلائوڈ، لینڈ ایلی ویشن سیٹلائٹ ٹو ہے جسے ستمبر کے وسط میں خلا میں روانہ کیا جائے گا۔ یہ سیٹلائٹ ہر موسم میں برف کی کمی بیشی کو نوٹ کرے گا اور زمین پر برفیلے ذخائر میں کسی کمی یا اضافے کو ایک انچ کے پانچویں حصے تک بھی محسوس کر سکے گا۔ آئس سیٹ ٹو میں جدید ترین لیزر ٹیکنالوجی اور دیگر آلات نصب ہیں۔ یہ سیارچہ تین برس تک زمین کی برفیلی سطحوں اور چادروں میں تبدیلی پر گہری نظر رکھے گا۔ آئس سیٹ ٹو کے متعلق ناسا کے سائنسدان ٹام ویگنر نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ خود امریکا سے بھی بڑے رقبے پر نظر رکھے گا اور وہاں موجود برف کا مطالعہ کرے گا۔ اس کے علاوہ سیٹلائٹ سے قطبین پر موجود برف کی تہوں پر بھی تحقیق کی جائے گی جو بہت تیزی سے پگھل رہی ہیں اور ان کے گھلنے سے عالمی سمندروں کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس جدید ترین سیٹلائٹ پر ایک ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔ اس میں نصب لیزر سے برف کے گھٹنے اور بڑھنے کی سہ جہتی تصویر بنائی جاسکے گی۔ دیگر ماہرین نے آئس سیٹ ٹو کو ایک بہترین اختراع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ 500 کلومیٹر کی بلندی پر رہتے ہوئے زمین اور سمندروں پر موجود برف کو اچھی طرح سے دیکھتے ہوئے اس کی واضح تصویر اور ڈیٹا فراہم کرے گا۔ اس میں سب سے اہم سسٹم کا نام  ایڈوانسڈ ٹوپوگرافک لیزر آلٹی میٹر سسٹم ہے جو سبز لیزر کی شعاعیں خارج کرے گا۔ اس طرح برف سے ٹکرانے والی بعض لیزر شعاعیں دوبارہ سیٹلائٹ تک پہنچیں گی اور اس طرح برف کا تفصیلی نقشہ بنانا ممکن ہوگا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply