• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • ولاگنگ کے پاکستانی گرو۔عرفان جونیجو سے ایک انٹرویو۔۔۔۔۔راشد احمد

ولاگنگ کے پاکستانی گرو۔عرفان جونیجو سے ایک انٹرویو۔۔۔۔۔راشد احمد

پاکستان میں سوشل وڈیجیٹل میڈیا نے بہت سی روایتی اجارہ داری کو ختم کیا ہے۔یہ اجارہ داری خواہ سفرنامے کی ہو یا فلم میکنگ کی،مضمون نگاری کی ہو یا اشتہار سازی کی ۔ان تمام شعبوں میں کچھ سال پہلے تک اخبار،ٹی وی اور ریڈیو وغیرہ سے منسلک لوگوں کی نہ صرف اجارہ داری تھی بلکہ نئے لوگوں کے لئے اس فیلڈ میں بغیر کسی سفارش یا مضبوط حوالے کےجگہ بنانا قریب قریب ناممکن تھا،لیکن جب سے سوشل میڈیا کا آغاز ہوا ہے اور اس کی مقبولیت گھر گھر تک پہنچی ہے روایتی اجارہ داری بھی ختم ہورہی ہے۔
آپ لکھنے کے شوقین ہیں اور کوئی اخبار آپ کو شائع نہیں کررہا تو بلاگنگ کیجئے۔آنلائن آپ کو پڑھنے والے بھی زیادہ ملیں گے اور فیڈ بیک بھی فوری مل جائے گا۔گزشتہ ایک دوبرس میں بلاگنگ کوپاکستان میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور سینکڑوں لوگ مختلف بلاگنگ سائٹس پہ لکھ رہے ہیں۔اسی طرح آپ کوئی فلم یا ڈرامہ بنانا چاہتے ہیں تو اپنا موبائل پکڑیں اور ریکارڈ کرکے یوٹیوب پہ ڈال دیں۔لوگوں تک اسے پہنچانا یوٹیوب کا کام ہے۔اس عمل کو ’’ویڈیو بلاگنگ‘‘ کہا جاتا ہے،مختصراً اسے ولاگنگ بھی کہہ دیا جاتا ہے۔
پاکستان میں بلاگنگ کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی،لیکن ولاگنگ کو پاکستان میں ایک برس قبل تک کچھ خاص مقبولیت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔اس کی ایک وجہ تو لمبے عرصہ تک یوٹیوب کی بندش تھی لیکن ہمارے ہاں لوگوں کا زیادہ reserve ر ہنا بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔گزشتہ ایک ڈیڑھ برس سے ولاگنگ کو بھی کافی مقبولیت حاصل ہونی شروع ہوئی ہے۔اگر آپ یوٹیوب پہ ولاگنگ لکھیں تو آپ کو سینکڑوں پاکستانی ولاگرز مل جائیں گے۔ولاگنگ کو اس قدر مشہور ومقبول کرنے کا سہرا ’عرفان جونیجو‘ کے سر بندھتا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان یوٹیوبر عرفان جونیجو نے یکم جنوری 2017کو اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ ایک سیلیبریٹی بن گئے۔ان کی بلاگنگ ویڈیوز اس قدر مشہور ہوئیں کہ دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں نوجوانوں نے انہیں نہ صرف فالو کرنا شروع کردیا بلکہ خود بھی ولاگنگ شروع کردی۔اب یوٹیوب پہ پاکستانی ولاگرز کی ایک قابل ذکر تعداد موجود ہے جس میں عرفان جونیجو نہ صرف سرفہرست ہیں بلکہ اپنی چلبلی طبعیت،مطالعہ و فلم بینی کے ذوق ،سفر کرنے کے شوق اور طنزو مزاح کی وجہ سے نہ صرف پاکستان میں مقبول ہیں بلکہ ہندوستان میں بھی اچھی خاصی ’’فین فالوونگ‘‘ رکھتے ہیں۔

اس وقت ان کے یوٹیوب چینل پہ سبسکرائبرز کی کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز ہے۔مختلف سوشل میڈیا سائٹس پہ بھی ان کے فالورز کی تعداد تین لاکھ کے قریب ہے۔صرف یوٹیوب پہ ان کی ویڈیوز تین کروڑ دفعہ دیکھی جا چکی ہیں۔یوٹیوب سے ہٹ کر حال ہی میں انہوں نے ایک موبائل فون کمپنی کے لئے ایک اشتہار بھی بنایا ہے جسے خاصی مقبولیت ملی ہے۔ان کے کہے گئے جملے سوشل میڈیا پہ زبان زد عام ہیں جن میں ’’سینز(scenes) کچھ ایسے ہیں‘‘ اور Not Coming Slow کو بہت زیادہ شہرت ملی۔
ہم نے سوچا کیوں نہ عرفان جونیجو کا پہلا باقاعدہ انٹرویو کیا جائے اور ان سے سوالات کرکے جہاں ان کا مفصل تعارف حاصل کیا جائے وہیں یوٹیوب اور سوشل میڈیا کے حوالہ سے ان کی رائے بھی جانی جائے۔سو پیش ہے عرفان جونیجو کا انٹرویو۔امید ہے یہ آپ کو پسند آئے گا۔

آپ کا ابتدائی تعارف و تعلیم وغیرہ؟
میرا نام عرفان ہے۔میری پیدائش کراچی میں ہوئی اور تعلیم بھی یہیں سے حاصل کی۔میرپورخاص سے چونکہ آبائی تعلق ہے اس لئےعید اور شادیوں وغیرہ میں آناجانا ہوتا ہے۔میں نے مارکیٹنگ میں BBA کیا ہے۔ابھی MBA کررہا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے یہ مکمل نہیں ہوپائے گا کیونکہ اس میں میری دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔ایسا نہیں کہ یہ مشکل مضمون ہے لیکن مجھے عملی زندگی میں اس کی اہمیت زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔

ولاگنگ سے ابتدائی تعارف کیسے ہوا؟
میں یوٹویوب پہ ایک امریکی ولاگر (Casy Neistat ) کی ویڈیوز دیکھتا تھا جو شروع میں تو مجھے پسند نہیں آتی تھیں کیونکہ اپنی زندگی کیمرے میں ریکارڈ کرکے لوگوں کو دکھانی جس میں کوئی پرائیوسی نہیں اور توجہ کا طالب ہونا مجھے پسند نہیں تھا،پھر میں نے سوچا کہ اس میڈیم کو ٹیلیویژن پروگرامز کی طرز پر استعمال کیا جا سکتا ہے جس میں آپ جتنی چاہیں اپنی پرائیویسی دکھائیں یا نہ دکھائیں،لیکن یہ اس حوالہ سے بھی مجھے مشکل لگتا تھا کیونکہ پاکستان میں آپ بوجوہ اس طرح نہیں دکھا سکتے۔انہی دنوں میں نے تیمور صلاح الدین عرف مورو کا امریکہ کا ولاگ دیکھا تب مجھے لگا کہ یہ پاکستان میں ہوسکتا ہے۔

آپ نے ایک دفعہ بتایا تھا کہ آپ نے ’’اسنیپ چیٹ اسٹوریز‘‘ سے آغاز کیا تھا.سوال یہ ہے کہ اسنیپ چیٹ اسٹوریز سے آپ کو کس نے متعارف کروایا؟اسنیپ چیٹ پہ کس کو زیادہ دیکھتے تھے؟
جب میں نے یوٹیوب کا آغاز کیا تھا تو اس وقت میرے snap chat پہ سو سے بھی کم فالوورز تھے۔دوستوں نے ہی اس سے متعارف کروایا تھا۔مجھے اس کے بارہ میں زیادہ معلومات نہیں تھیں لیکن جب انہوں نے ’’اسٹوری‘‘ کا آغاز کیا تب مجھے یہ اچھی لگی کہ اس میں آپ جینئوئن چیزیں ہی شیئر کر سکتے ہیں جو آپ کی زندگی میں ہورہا ہے وہی۔فضول کے فارورڈ پیغامات و ویڈیوز نہیں تھیں۔یہ آپ کا اپنے فالوورز سے حقیقی تعلق بناتا تھا۔

پہلا ولاگ بناتے وقت خود اعتمادی کی کیا کیفیت تھی اور کیا خاندان یا دوستوں وغیرہ نے سپورٹ کیا؟
خوداعتمادی کی ظاہر ہے شروع میں کمی تھی۔یہ فکر تھی کہ لوگ کیا سوچیں گے کہ اسے کیا ہوگیا ہے،کیا کررہا ہے۔دوستوں نے سپورٹ کیا،لیکن فیملی غیر جانبدار رہی،نہ ہی انہوں نے مخالفت کی نہ ہی حمایت کی،بس چپ چاپ دیکھتے رہے کہ لڑکا کچھ کررہا ہے۔آہستہ آہستہ جب شہرت ملنی شروع ہوئی الحمدللہ تو وہ بھی خوش ہوئے اور اب خاندان کے بچے میرے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں۔

شروع میں دیکھنے والوں کی کمی کی وجہ سے بد دل ہوئے؟
نہیں بد دل تو کچھ خاص نہیں ہوا کیونکہ میرے لئے آٹھ سو یا ہزار ’’ویوز‘‘ بڑی بات تھی۔تھوڑی سی بد دلی ہوئی پانچویں چھٹے ماہ میں لیکن اس وقت کچھ بڑے برانڈز سے شراکت داری کی وجہ سے اور انٹرنیشنل فٹ بالر کی پاکستان آمد اور ان کے ساتھ بنائے گئے ولاگز کی وجہ سے چینل کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔

خود کو motivate کیسے کیا ؟
مجھے موٹیویشن کی کچھ خاص ضرورت محسوس نہیں ہوئی کیونکہ مجھے ویڈیوز بنانے میں مزہ آرہا تھا اور ابھی بھی مجھے یہ کام کرتے ہوئے ہمیشہ لطف آتا ہے۔جب کسی کام میں آپ کو مزہ آنا شروع ہوجائے تو اس کے لئے کوئی خاص کوشش نہیں کرنی پڑتی۔وہ کام خودبخود ہوتا جاتا ہے۔

یوٹیوب سے آغاز کرتے وقت اسے کیرئر بنانے کا سوچا تھا اور آپ کے پسندیدہ ولاگرز کون سے ہیں؟
نہیں ایسا کچھ خاص تو نہیں سوچا تھا،لیکن یہ سوچا تھا کہ مکمل توجہ اور محنت سے اس کام کو کرنا ہے اور اسی جذبے سے اس کام کو کیا۔پسندیدہ ولاگرز میں ’’کیسی نائیسٹیٹ‘‘ ڈین میس،پیٹر مکینن اور مورو بھائی شامل ہیں۔اس کے علاوہ بھی ہیں لیکن سردست یاد نہیں آرہے۔

ہندوستان اور پاکستانی یوٹیوب کمیونٹی کو آپ کیسے دیکھتے ہیں اور پسندیدہ ہندوستانی ولاگرز؟
بھارتی کمیونٹی بہت بڑی ہے اور وہاں یوٹیوب پہ کبھی پابندی بھی نہیں لگی۔جب دنیا میں ولاگنگ کا ٹرینڈ آیا تب ہمارے ہاں پابندی تھی وہاں لوگوں نے اس حوالہ سے اپنی پہچان بنائی جبکہ ہمارے ہاں صرف فیس بک تک ہی لوگ محدود رہے۔انڈیا میں اشتہارات سے کمائی بھی پاکستان کی نسبت زیادہ ہے۔وہاں دیکھنے والے بھی زیادہ ہیں۔ہندوستان میں یوٹیوب کا دفتر بھی ہے جس کی وجہ سے ہندوستانی یوٹیوب کمیونٹی ہم سے کہیں آگے ہے۔وہاں fan festival کا انعقاد بھی ہوچکا ہے،لیکن اس کا ہمیں فائدہ یہ ہے کہ ہماری زبان اور وہاں کی زبان ایک ہی ہے جو آسانی سے سمجھی جا سکتی ہے اس لئے ہمیں بھی اس کا فائدہ تو ہے۔حال ہی میں مجھے ہندوستان سے کافی لوگوں نے نہ صرف دیکھنا شروع کیا ہے بلکہ پسند بھی کررہے ہیں اور تعریف بھی کررہے ہیں۔پسندیدہ ولاگرز میں ’’ایم ایس کے ولاگز‘‘،بی بی کی وائنز،ممبائیکر نکھل وغیرہ شامل ہیں۔

کیا 2018 میں یوٹیوب سے کیرئر بنانا ممکن ہے؟
بھیا یہ صرف شوق کا کام ہے۔جذبے اور لگن کا کام ہے۔ایک بچہ جب فٹ بال کھیلتا ہے تو وہ کیرئر بنانے کے لئے فٹ بال نہیں کھیلتا۔اسے اس کام میں مزہ آتا ہے اور پھر یہ کیرئر بن جاتا ہے۔اگر کسی بچے سے پوچھیں کہ بارسلونا کے لئے کھیلنا ہے تو وہ اس لئے نہیں کھیلے گا کہ اسے اپنا کیرئر بنانا ہے بلکہ اسے بارسلونا کے ساتھ کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔یہ اس کا شوق اور لگن ہے،کیرئر بن جاتا ہے۔جو لوگ یوٹیوب میں ’’کیرئر‘‘ بنانے آتے ہیں وہ ناکام ہوجاتے ہیں یا پھر ان کے کام میں اپنائیت نظر نہیں آتی۔لوگ اسے قبولنے سے انکاری ہوتے ہیں۔جو لوگ اس لئے content بناتے ہیں کہ یار مزہ آئے گا۔میں اپنے خیالات کا اظہار کروں گا،لوگ مجھے سنیں گے اور ہم خیال لوگوں ایک ہی جگہ اکٹھے ہوں گے تو ہی کامیابی ملتی ہے وگرنہ محض کیرئر کی خاطر یوٹیوب پہ آنے والے ناکام ہی ہوتے ہیں۔

کیا آنے والے دنوں میں ڈیجیٹل میڈیا ،ٹیلیویژن کو بیکار کردے گا؟
جی ہاں!میری رائے میں یہ زمانہ ڈیجیٹل میڈیا کا ہے ۔میری نسل کے لوگ اور میرے دوست اب ٹی وی صرف کرکٹ اور فٹ بال کے براہ راست میچ وغیرہ دیکھنے کے لئے ہی دیکھتے ہیں۔مجھ سے بعد کی جو نسل ہے وہ تو میچز وغیرہ بھی براہ راست انٹرنیٹ پہ دیکھتی ہے۔آنے والا دور بھی ڈیجیٹل میڈیا کا ہی ہے۔فیس بک نے ابھی laaliga سے شراکت داری کی ہے براہ راست میچ دکھانے کے لئے تو یہ میچز فیس بک پہ دیکھے جا سکیں گے۔

یوٹیوب کی اشتہارات کے حوالہ سے نئی پالیسی کے حوالہ سے آپ کی کیا رائے ہے؟
میرے علم میں یہ نئی پالیسی نہیں ہے کیونکہ میں یوٹیوب اشتہارات پہ زیادہ توجہ نہیں دیتا کیونکہ میری بنیادی ذرائع آمد sponsored videos ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ’’بکاو‘‘ کا طعنہ بھی سننا پڑتا ہے۔

یوٹیوب پاکستانیوں سے بہ نسبت ہندوستان کے سوتیلا سلوک کیوں کرتا ہے؟
اس کی بنیادی وجہ وہاں کی مارکیٹ کا بڑا ہونا اور اچھی کوالٹی کے پروگرامز کا بننا ہے ،جبکہ ہمارے ہاں انتہائی واہیات چیزیں یوٹیوب کے trending section میں ٹرینڈ کررہی ہوتی ہیں،یہ مسئلہ وہاں بھی ہے لیکن وہاں اچھی کوالٹی کے پروگرام بھی زیادہ ہیں بہ نسبت ہمارے،ہم جب اچھا کام کرنا شروع کردیں گے،تو ہم سے بھی سوتیلا سلوک ختم ہوجائے گا۔جوں جوں یہاں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت بڑھتی جائے گی یوٹیوب کا ’’سلوک‘‘بھی بہتر ہوتا جائے گا۔

کیا آنے والے وقت میں پاکستانی یوٹیوبرز کمیونٹی کو یوٹیوب کی طرف سے کوئی اہمیت ملنے کی توقع ہے,مثلا انہیں انٹرنیشنل ایوینٹز میں بلایا جاے یا انہیں appreciation دی جاے؟
جی ہاں باالکل!اس کی توقع تو باالکل ہے،لیکن ہم لوگ اس کے انتظار میں نہیں بیٹھے ہوے۔ہم اپنا کام کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔توقع اس لئے بھی ہے کیونکہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں بزنس کے مواقع زیادہ ہیں بہ نسبت ایک مستحکم مارکیٹ کے۔بہرحال ہمارا کا م بڑھیا چل رہا ہے۔

لٹریچر سے دلچسپی کب اور کیسے پیدا ہوئی؟
مجھے کتب سے نفرت تھی،پڑھنے کا دل ہی نہیں کرتا تھا،پھر یوں ہوا کہ میں اپنے ایک استاد کی علمیت سے متاثر ہوا۔BBA میں ضروری کورسز History of Ideas اور Ethics میں نے ایک ہی استاد اسد شہزاد صاحب سے لئے۔وہ مختلف موضوعات پہ بڑی علمی رائے رکھتے تھے جس سے میں متاثر ہوا اور سوچا کیوں نہ یہ کتابیں پڑھ کے دیکھی جائیں کہ ان میں لکھا کیا ہے ۔یہیں سے پڑھنے کا آغاز ہوا۔فکشن مجھے کبھی بھی اتنا اچھا نہیں لگا۔سوانح عمری اور نان فکشن مجھے دلچسپ لگتی ہیں۔آج کل میں ایرک بارکر کی کتاب Barking up the wrong Tree پڑھ رہا ہوں۔یہ آج تک تک میری سب سے دلچسپ کتاب ہے۔مطالعہ کتب کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اپنی سوچ کو الفاظ میں ڈھالنے کا ہنر آجاتا ہے اور اس کا مجھے بڑا فائدہ ہوا سکرپٹ وغیرہ لکھنے کے حوالہ سے۔پسندیدہ کتب میں Barking up the wrong Tree اور The Autobiography of Malcolm X
شامل ہیں۔اس کے علاوہ فکشن کی ایک کتاب Dongre to Dubai مجھے پسند ہے جو بمبئی کے انڈر ورلڈ کی کہانی ہے۔

فلمیں کس نوعیت کی پسند کرتے ہیں؟
مجھے ایسی فلمیں پسند ہیں جن کا تاثر گہرا ہو جو دیکھنے کے بعد آپ کو یاد رہ جائے۔جس سے آپ کوئی سبق سیکھیں۔جن میں ڈرامہ کے ساتھ ساتھ ایکشن وغیرہ بھی ہو۔شاید اس طرح میں اپنی پسند نہ بتا سکوں لیکن میں موویز کے نام بتا دیتا ہوں۔ڈینزل واشنگٹن کی مووی Inside Man میری آل ٹائم فیورٹ ہے۔اسی طرح 8 Mile مجھے اچھی لگتی ہے۔pursuit of Happiness بھی اچھی لگتی ہے۔ایسی موویز اچھی لگتی ہیں جن میں زیادہ بھاشن نہ ہو کہانی اچھی ہو۔فلم ایسی ہو کہ جب آپ رات کو سوئیں تو اس کی کہانی آپ کے ذہن میں چل رہی ہو۔

سیاحت کا شوق تو آپ کو ہے،اگر باہر کسی ملک جانے کا موقع ملے تو کون سے ملک جائیں گے؟
آئس لینڈ۔Ice Land دیکھنا چاہوں گا۔

یوٹیو ب سے پہلی اور آخری کمائی؟
یوٹیوب سے پہلی کمائی چھ ڈالر تھی۔پہلے مہینے کی کمائی تھی چھ ڈالر اور گزشتہ ماہ یعنی جولائی کی کمائی تین سو ڈالر کے آس پاس تھی۔اس میں ،میں یہ اضافہ کرنا چاہوں گا کہ اگر یہی ویوز میری ویڈیوز کے کسی یورپی ملک یا امریکہ وغیرہ میں ہوتے تو پانچ چھ ہزارڈالر آسانی سے کمائے جا سکتے تھے۔اسی وجہ سے پاکستانی یوٹیوبرز کی اسپانسرڈ ویڈیوز آپ کو زیادہ ملتی ہیں کیونکہ یوٹیوب کا ریٹ بہت کم ہے۔جتنا یوٹیوب مجھے ایک ویڈیو کا دیتا ہے اس سے میرے کیمرہ وغیرہ کے اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے۔

آپ کی شخصیت میں طنزومزاح کا عنصر نمایاں ہے اس کا سرا کہاں جاتا ہے؟
میں نے کبھی اس نظریئے سے لٹریچر نہیں پڑھا اور نہ ہی فلمیں دیکھی ہیں کہ طنزومزاح سیکھوں۔ویسے میں بہت سنجیدہ قسم کا آدمی ہوں۔عام طور پر میں جب دوستوں کے ساتھ ہوتا ہوں تو یہ چیز نمایاں ہوتی ہے،لیکن چونکہ اب میں کیمرہ کے سامنے بھی comfortable محسوس کرتا ہوں اس لئے یہ چیز ویڈیوز میں بھی نظر آجاتی ہے۔

پاکستان میں سوشل میڈیا کا مستقبل کیا ہے؟
میرے نزدیک سوشل میڈیا کو استعمال کرکے لوگ خود مختار بن سکتے ہیں۔کامیابی اور آپ کے بیچ میں کوئی تیسرا نہیں ہے۔اگر گلوکار بننا ہے تو لیپ ٹاپ اور ’’ساونڈ کلاوڈ‘‘ چاہئے۔اگر فلم میکر بننا ہے تو کیمرہ اور یوٹیوب چاہئے۔اگر آپ کو فوٹو گرافر بننا ہے تو صرف انسٹا گرام چاہئے۔کوئی ڈائریکٹر وغیرہ کی خوشامد کی ضرورت نہیں۔اپنا کام کریں اور بس۔سارے پیسے محنت کے ہیں۔

عام مشاہد ہ ہے کہ لوگ مشہور ہونے کے بعد بدل جاتے ہیں،جبکہ آپ میں عاجزی نظر آتی ہے،اس کی وجہ؟
ویسے یہ عجیب سی بات ہے کہ میری حقیقی زندگی کے دوست اور رشتہ دار کہتے ہیں کہ عرفان تم پہلے سے زیادہ humble ہوگئے ہو،جبکہ دوسری طرف اب مجھے اس طرح کے کمنٹس بھی آرہے ہیں کہ آپ بدل گئے ہیں۔ایروگنٹ ہوگئے ہیں۔صورتحال یہ ہے کہ لوگ اب جج بھی زیادہ کرتے ہیں۔دو سال پہلے اگر کوئی کہتا کہ میں نے ملنا ہے اور میں اس وجہ سے انکار کرتا کہ میرا فٹ بال کا میچ ہے تو یہ عام سی بات تھی اور انہیں برا نہیں لگتا تھا۔اب اگر کہوں تو وہ کہیں گے یار یہ تو rude ہوگیا ہے۔ویسے آنلائن میں نے اپنا انٹریکشن بہت کم کردیا ہے کیونکہ فون زیادہ استعمال کرنے کی عادت ہوگئی تھی۔حقیقی زندگی میں اگر کوئی سر راہ مل جائے تو شعوری کوشش کرکے اس سے اچھی طرح ملتا ہوں پیار محبت سے۔آنلائن سب سے زیادہ میسجز اس بات کے آتے ہیں کہ آپ سے ملنا ہے،تو میں ایسے میسجز کو نظر انداز کردیتا ہوں کیونکہ سب سے ملنا ناممکن ہے اور اگر کسی ایک سے ملوں اور باقیوں سے نہ ملوں تو یہ زیادتی ہے۔

پڑھائی میں کیسے تھے؟
پڑھائی میں بہت اچھا تھا اور صرف پڑھائی اور کھیل تک محدود تھا۔پڑھائی،گھر اور اسکول۔
کیا کبھی آپ کی نیند پوری بھی ہوتی ہے؟(عرفان جونیجو کی طبعیت ہر وقت خوابیدہ سی رہتی ہے)
دراصل یہ نیندکا مسئلہ نہیں ہے بلکہ سستی اور کاہلی کی وجہ سے ہے کیونکہ جسمانی مشقت کم ہے۔اگر میں کھیل وغیرہ شروع کردوں تو میں کیمرہ وغیرہ کے سامنے بھی فٹ نظر آوں گا اور zombie state سے بھی باہر آجاوں گا۔

آپ نے جو کیمرہ یا ڈرون وغیرہ خریدے،اپنے پیسوں سے خریدے یا گھر والوں سے پیسے لے کر؟
میں نہیں چاہتا کہ میرے شوق پورے کرنے کے لئے میرے گھر والے پیسے دیں۔میرے گھر والے کھانا,چھت اور کپڑے دیتے ہیں،یہی بہت ہے۔اب یہ کہتے ہوے برا لگتا ہے کہ مجھے ڈرون دلا دیں۔مجھے کیمرہ دلا دیں.ہمارا فیملی بزنس ہے معاشی لحاظ سے ہم مضبوط ہیں الحمدللہ یہ بات کبھی چھپائی نہیں لیکن مجھے یہ برا لگتا ہے کہ بھائی کو کہوں میرے شوق پورے کریں.مزہ تب ہے جب اپنے شوق خود پورے کریں.

اچھا ولاگ بنانے کے لیے کیا شرائط ہیں؟
اچھا ولاگ بنانے کے لیے بس ایک ہی شرط ہے کہ کہانی اچھی ہو اور بات اس طرح کریں کیمرے سے جیسے اپنے دوست سے بات کررہے ہیں.کہانی سے مراد کہانی سنانا نہیں ہیں بلکہ ولاگ میں جو بھی ہورہا ہے اسے آپ پیش کیسے کرتے ہیں.کہیں اگر گھومنے گئے ہیں تو بجاے وہاں کی سیر کروانے کے اس طرح ولاگ بنائیں جیسے دوست آپ کے ساتھ ہیں.

ٹی وی دیکھتے ہیں؟
نہیں باالکل بھی نہیں.

ٹی وی سیریز وغیرہ دیکھتے ہیں؟
جی دیکھتا ہوں اور آج کل میرا فیورٹ sacred Games ہے اور Money Heist ہے.آل ٹائم فیورٹ Breaking Bad ہے.

کھانے میں خاص پسند یا جو مل جاے کھا لیتے ہیں؟
جو مل جاے الحمدللہ لیکن اگر پلاو یا بریانی بنی ہوئی ہو یا چکن کڑاہی ہو تو تھوڑا زیادہ کھا لیتے ہیں.

اپنا کونسا ولاگ سب سے زیادہ پسند ہے؟
ابھی جو میں نے اشتہار بنایا اس کی making کی ویڈیو اور رانی کوٹ والی ویڈیوز پسندیدہ ہیں.

ڈریم کیمرہ کون سا ہے؟
اے سیون 3.(A7-3)

کیمرہ, مائک,ڈرون ,لینس وغیرہ کون سے استعمال کرتے ہیں؟
کیمرہ:.A6500
مائک:روڈ ویڈیو مائک پروپلس
لیپ ٹاپ: میک بک پرو 2017
سافٹ ویئر, فائنل کٹ پرو,لیکن ابھی ایڈوب سیکھنے کی طرف جارہا ہوں.
لینس بہت ساری ہیں.سگما,سونی وغیرہ وغیرہ.

دوستی اور محبت بارے آپ کی کیا راے ہے؟
دوستی اور محبت زندگی میں ضروری ہے.اچھے دوست ہوں اور ایسی محبت ہو جو غیر مشروط طور پر آپ کی حمایت کرتی ہوں ہر حال میں,دکھ سکھ کی گھڑی میں ساتھ ہوں تو لگتا ہے دنیا میں کچھ بھی ہو جاے مجھ کچھ نہیں ہوگا.خوش قمست ہیں وہ لوگ جنہیں اچھے دوست اور اچھی محبت میسر ہے.

عام طور پہ کہا جاتا ہے کہ ہمارے ہاں بہت ٹیلنٹ ہے,آپ کی کیا راے ہے؟
میری راے یہ ہے کہ ٹیلنٹ ہے,لیکن میری جو نوجوانوں سے انٹریکشن ہوتی ہے اس میں سے بہت کم ایسے ہیں جو اپنے کام میں لگے ہوئے ہیں.اکثر ایسے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ کوئی آئے گا اور انہیں کامیاب کرے گا.ان کے ٹیلنٹ کی تعریف کرے گا اور ان کو آفس میں بٹھا کے کہے گا یہ لو پانچ لاکھ روپے تنخواہ۔بہت کم ہیں جو سر جھکا کے اپنے کام میں لگن سے مصروف ہیں.

پسندیدہ اداکار،اداکارہ،گائیک؟
نواز الدین صدیقی اور رونالڈو ڈی کیپریو.اداکارہ میں دیپیکاپاڈوکون اچھا کام کرتی ہیں.ہالی ووڈ میں نیٹلی پورٹمین ہیں.ویسے بہت ساری ہیں لیکن مجھے نام کم یاد رہتے ہیں.گارڈیئن آف گیلیکسی کی کامورا,سنگر میں The weekend.

ولاگنگ میں مشکل مرحلہ کون سا ہے؟
ایڈٹنگ سب سے مشکل مرحلہ ہے.

آپ کی ویڈیوز کی نمایاں خوبی اعلی پائے کی موسیقی بھی ہوتی ہے,انتخاب کیسے کر لیتے ہیں؟
بہت سے لوگ میری ویڈیوز اسی وجہ سے دیکھتے ہیں بشمول میرے بھائی کہ انہیں ان ولاگز کی موسیقی پسند ہے اور وہ ڈاون لوڈ کرکے گاڑی میں سنتے رہتے ہیں.میں نے خود کو ایک جگہ محدود نہیں کرلیا,میری گاڑی میں ہر طرح کا گانا چلتا رہتا ہے.کبھی کائیگو تو کبھی کمار سانو.الگ الگ موسیقی سن کے آپ کو سمجھ آجاتی ہے کہ موسیقی کے توسط سے کیا پیغام کیسے دینا ہے.یہ پھر لوگوں کو اچھا لگتا ہے.

کاپی رائٹس سے کبھی آپ کو مسئلہ ہوا؟
ویڈیو کاپی رائٹس سے مجھے کبھی مسئلہ نہیں ہوا جو کہ سنگین جرم ہے کیونکہ ویڈیو فوٹیج ساری میری اپنی ہوتی ہے.ہاں کبھی کبھار موسیقی کے حوالہ سے کاپی رائٹس کا ایشو ہوا ہے.ناران والے ولاگ میں جہاں میں رافٹنگ کررہا ہوں وہاں پر جو میوزک ہے اس پہ کاپی رائٹ ہے اور اس ولاگ کی ساری آمدنی اسی بھائی صاحب کو گئی ہے.

نئے ولاگرز میں سے کس کو اپ ٹو دا مارک سمجھتے ہیں؟
دراصل مارک تو کوئی ہے نہیں.ہر کسی کا مختلف ہے,لیکن نئے ولاگرز میں سے جن میں پوٹینشل ہے وہ شہزاد ہے,مومنہ ہیں,شارق اور بلال شیخ وغیرہ.یہ سب صحیح ڈائریکشن میں کام کررہے ہیں.غلطیاں مجھ سمیت ہر کوئی کرتا ہے.

آپ کے نزدیک یوٹیوب پہ کس طرح کے چینلز کی مانگ زیادہ ہے؟
پاکستان میں مستحکم ’’ٹیک یوٹیوبر‘‘ کم ہیں.خواتین یوٹیوبر کم ہیں. گیمز کے چینلز بہت کم ہیں.

برانڈ اور یوٹیوبرز کی کتنی بنتی ہے؟
کبھی کبھار بہترین معاملہ ہوتا ہے اور کبھی اس کے الٹ.مختلف برانڈز کے ساتھ کام کیا ہے جو ہر طرح کی آزادی دیتے ہیں جیسے اسلام آباد یونائٹڈ اور کبھی برانڈ ٹی وی والی چیزیں مانگتا ہے.دس دفعہ لوگو لگاو,چھ دفعہ نام لو.بعض دفعہ ایجنسی اچھی ہوتی ہے,بعض دفعہ ایجنسی بھی تنگ کرتی ہے.میں ترجیح دیتا ہوں کہ برانڈ کے ساتھ براہ راست کام ہو.بیچ میں کوئی اور نہ ہو.اس طرح کام کا مزہ آتا ہے.

کیا برانڈ یوٹیوبرز کو کم رقم دیتے ہیں یا محنت کرنے والے کو صلہ ملتا ہے؟
آپ وقت کے ساتھ سیکھتے ہیں کہ آپ کے کام کی کیا اہمیت اور قیمت ہے.جب آپ کو مختلف لوگوں کے ریٹس پتہ لگ جائیں تو پھر آپ کو کام کی صحیح قیمت ملتی ہے.کبھی کبھی محنت سے بہت زیادہ صلہ ملتا ہے.اگر کسی بڑے برانڈ کو اچھے بجٹ سے ولاگ بنوانا ہے تو وہ یا مورو سے بنوائیں گے یا مجھ سے.اگر کوئی مجھ سے کام نہیں کروانا چاہتا تو صرف مورو بچیں گے یا مورو نہیں کرنا چاہتا تو مجھ سے کام کروائیں گے,اس صورت میں نارمل ریٹ سے زیادہ پیسہ بھی ملتا ہے.اس حوالہ سے میں نے اور مورو نے بڑی اچھی دوستی بنائی ہوئی ہے.(قہقہہ)لیکن جب یوٹیوبرز کے سبسکرائبرز بڑھ جائیں گے تو پھر برانڈز کے پیسے ان سب میں تقسیم ہوں گے.جب یوٹیوب کمیونٹی بڑھے گی تو اشتہارات کی رقم بھی بڑھ جاے گی.

حال ہی میں آپ نے شان دار اشتہار بنایا ہے.اس حوالہ سے کیا تجربہ رہا؟
تجربہ یہ تھا کہ جب آپ تخلیق پہ فوکس کرتے ہیں تو بڑی زبردست چیز بن جاتی ہے.لاجسٹک میرے اوپر تھا ہی نہیں یہ پیرو بھائی کررہے تھے.میں نے آزادی سے اپنا کام کیا.اس وجہ سے آسانی ہوگئی.

پاکستان میں یوٹیوب کی ادائیگی کا کیا تناسب اور معیار ہے؟
بہت کم ہے.دس لاکھ ویوز پہ جہاں انٹرنیشنلی آپ کو 1500 ڈالر سے 6000 ڈالر ملتے ہیں وہاں پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ 150 سے 200 ڈالر ملتے ہیں.

Advertisements
julia rana solicitors

آپ نے اپنی ویدیوز میں B Roll کیوں کم کردیا ہے؟
اب حسب ضرورت ہی استعمال کرتا ہوں.میں نے یہ سوچا کہ صرف یہ نہ ہو کہ محض بی رول ہی کا غلبہ ہو ولاگ میں.کچھ اور چیزیں بھی ہونا ضروری ہوں.ویسے میں اب تک break پہ ہی ہوں.تجربات کررہا ہوں.ولاگ کا ابتدائیہ تبدیل کیا ہے.مختلف چیزوں سے تجربات کررہا ہوں.بیٹھ کے کہانی سناتا ہوں اور پھر کلپس آتے ہیں.
انٹرویو بہت طویل ہوگیا ہے اس وجہ سے چند ایک سوالات شامل ہونے سے رہ گئے۔کوشش ہوگی عرفان جونیجو کے ساتھ پھر کبھی نشست ہو اور ان کا ایک اور انٹرویو بھی کیا جائے۔عرفان بھائی ! آپ کے قیمتی وقت اور تعاون کا بہت بہت شکریہ۔

Facebook Comments

راشداحمد
صحرا نشیں فقیر۔ محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply