اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نےجعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو آج چوتھی بار طلب کرلیا۔
منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج بروز پیر27اگست کو طلب کرلیا ہے۔
پی پی رہنماؤں کو بھجوائے گئے نوٹس میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 27 اگست کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں 35ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے معاملے میں پوچھ گچھ کیلئے متعلقہ تفتیشی افسران کے روبرو پیش ہوں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کے چار میں سے ایک اکاؤنٹ جو زرداری گروپ نامی کمپنی کے نام پر ہے اس کو جعلی بینک اکاؤنٹس کے لین دین میں استعمال کیا گیا جس کے ثبوت بھی حاصل کرلئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کی بینکنگ عدالت 17 اگست کو منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری سمیت دیگرملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کوحکم دیا تھا کہ تمام ملزمان کو 4 ستمبرتک گرفتار کرکے پیش کیا جائے تاہم آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کرارکھی ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں