بینظیر انکم سپورٹ کے نام پر لوٹ مار

نو سر باز نت نئے طریقوں سے عوام کو ہمیشہ لوٹنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔وارتوں کے طریقے بدل جاتے ہیں لیکن ہمیشہ سادہ لوح ، معصوم یا لالچی لوگ ان کا نشانہ بنتے ہیں۔ لالچی کہنا شاید کچھ مناسب بھی نہیں کیونکہ اس پرآشوب دور میں مہنگائی نے ہر شخص کی کمر توڑ دی ہے اور لوگ شارٹ کٹ کے ذریعہ مال کماکر اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔احباب سے گزارش ہے کہ جہاں بھی شارٹ کٹ سے دولت ہاتھ آنے کی امید نظر آئے ایک دفعہ ٹھنڈے دماغ سے سوچیں کہ اسکے تانے بانے کسی دہشت گردی ، فراڈ یا جرم سے تو جا کے نہیں ملتے۔ آج کے دور میں آپکے خاندان اور دوست احباب کے علاوہ اگر کوئی ہمدردی جتا رہا ہے تو اس کے پیچھے چھپی مکروہ چال یا فریب نظر سے ہوشیار رہیں۔
گزشتہ دنوں 03485837190 سےایک ایس ایم ایس موصول ہوا کہ بینظیر پروگرام سے 35 ہزار مبارک ہوں 03412406170 پر کال کریں۔ ہمیشہ کی طرح میں نے اس پیغام کو نظر انداز کیا لیکن معلوم نہیں کتنے سادہ لوح افراد نے رابطہ کیا ہوگا اور اس فریب کا شکار ہوئے ہوں گے۔ دو دن بعد پھر ایک اور نمبر 03485818470 سے ایس ایم ایس ملا کہ بینظیر پروگرام سے31 ہزار مبارک ہوں معلومات کے لئے 03497062235 پر کال کریں۔
ازراہ تجسس میں نے مطلوبہ نمبر پر کال کی سلام کے بعد ہی مجھے اندازہ ہوگیا کہ یہ ایک ریکارڈ شدہ کال ہے ریکارڈنگ ملاحظہ فرمائیں۔
“السلام علیکم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے محمدشہزاد مخاطب ہوں جی۔ جی جی پہلے میر ی بات چپ چاپ خاموشی سے سن لینا میں آپکو ساری تفصیلات سے آگا ہ کردیتا ہوں۔ ٹھیک ہے جی ۔ یہ جو آپ کے موبائل پر 31 ہزار کا میسج ملا ہے میں اسکو لینے کا طریقہ کار سمجھا رہا ہوں ذرا غور سے سن لینا۔ آپ کے قریب شہر میں یا گاؤں میں ایزی پیسہ یا موبی کیش یا یو پیسہ کی دوکان ہو گی پی سی او والی۔ جہا ں سے آپ اپنے موبائل پر ایزی لوڈ کرواتے ہیں۔ ہاں جی آپ اس دوکان پر چلے جانا اور آپ نے باہر کھڑے ہوکر جمشید بھائی کو کال کرنی ہے۔ جمشید بھائی کی پی سی او والے سے بات کرانی ہے اور پی سی والے کو کہنا ہے کہ میں نے 31 ہزار ڈی پوزٹ کروانے ہیں۔ پی سی او والا اگر پوچھے تو اسے انعام یا بینظیر انکم سپورٹ کا نہیں بتانا کیونکہ اس کی وجوہات یہ ہیں کہ یہ سرکاری پیسے ہیں اور اس پر اس پی سی او والے کوئی کمیشن نہیں ملتا اور وہ آپکو پیسے دینے سے انکار کر دے گا۔ اور اگر پی سی او والا پوچھ لے تو بتانا ہے کہ جمشید بھائی میرے بھائی دوست یا عزیز ہیں۔ آپ نے صرف شناختی کارڈ ساتھ لے جانا ہے اور اسکی کوئی فیس نہیں دینی۔ اور پی سی او پر جانے سے پہلے جمشید بھائی 03078323015 سے ضرور بات کر لینی ہے۔ اللہ حافظ۔
میں نے ریکارڈنگ کو کافی مختصر کردیا، لیکن جمشید بھائی اورڈی پوزٹ پر اتنا اصرار کیا گیا کہ شاید وہ اس گفتگو کا مرکزی خیال تھے۔ اس کے بعد جمشید بھائی کو کال کی اور ان سے ڈی پوزٹ کا مطلب پوچھا اور اس کے بعد کی گفتگو الفاظ میں نہیں لکھی جا سکتی۔ دوسرے ایس ایم ایس میں دئیے گئے نمبر پر کال کی تو ریکارڈنگ مختلف تھی لیکن مدعا یہی تھا کہ عثمان بھائی سے رابطہ کرکے کس طرح 35 ہزار ڈی پوزٹ کروانے ہیں۔ آپ ان نمبرز پر کال کرکے خود بھی ریکارڈ شدہ کال سن سکتے ہیں۔
ایک دفعہ رقم ڈی پوزٹ ہو گئی تو ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ دوکاندار وہ پیسے کس سے وصول کرے گا۔ آپ سے گزارش ہے کہ اس پیغام کو ہر خا ص و عام تک پہنچا دیں شاید کوئی غریب لٹنے سے بچ جائے اور متعلقہ حکام سے گزارش ہے کہ ان عناصر کے خلاف بر وقت کاروائی کریں۔

Facebook Comments

محمد کمیل اسدی
پروفیشن کے لحاظ سے انجنیئر اور ٹیلی کام فیلڈ سے وابستہ ہوں . کچھ لکھنے لکھانے کا شغف تھا اور امید ھے مکالمہ کے پلیٹ فارم پر یہ کوشش جاری رہے گی۔ انشا ء اللہ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply