امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے جاری بیان پر قائم ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا تھا، جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان امریکا کا ایک اہم شراکت دار ملک ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی نئی سول حکومت کے ساتھ امریکا کے موثر اور کارآمد تعلقات قائم ہوں گے۔ ہم مائیک پومپیو اور پاکستانی وزیراعظم کی بات چیت سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے چند روز قبل آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لئے ممکنہ بیل آئوٹ پیکیج کی شدید مخالفت کی تھی تاہم اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ہیدر نورٹ نے کہا کہ امریکا کے موقف میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں آئی لیکن مستقبل کے بارے میں ہم کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں