پاکستان اورسوئٹزرلینڈ کے درمیان طے پانے والے دوہرے ٹیکسوں سے بچائو کے ترمیمی معاہدے پرعمل درآمد سوئس پارلیمنٹ کی جانب سے تاحال معاہدے کی توثیق نہ ہونے کے باعث التوا کاشکار ہوگیا ہے۔ فیڈرل بورڈآف ریونیو کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون وترقی کا رکن بننے کے بعد پاکستان اورسوئٹزر لینڈکے درمیان دوہرے ٹیکسوں سے بچائو کے ترمیمی معاہدے پردستخط کیے گئے تھے جس کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے معلومات کے تبادلے کے پائلٹ پراجیکٹ کوحتمی شکل بھی دی جاچکی ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معلومات کاتبادلہ جنوری 2018 سے متوقع تھا تاہم ترمیمی معاہدے کی دونوں ممالک کے متعلقہ فورمز سے توثیق ضروری تھی۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ پاکستان میں معاہدے کی وفاقی کابینہ توثیق کر چکی ہے، سوئٹزرلینڈ کے دونوں ایوانوں سے توثیق ضروری تھی، ایک ایوان سے توثیق ہوچکی ہے جبکہ دوسرے ایوان سے ابھی توثیق ہونی باقی ہے جس کے باعث معاہدے پرعمل درآمد کا آغاز نہیں ہوسکا۔ افسرکے مطابق توقع ہے کہ جلد سوئس پارلیمنٹ کے دوسرے ایوان سے بھی توثیق کے بعد معاہدے پر عمل درآمد شوع ہوجائے گا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں