مکہ مکرمہ:لاکھوں مسلمان آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے،جس کیلئے عازمین کی میدان عرفات آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عازمین حج رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئےمیدان عرفات میں جمع ہونا شروع ہوگئے۔
رواں سال مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ خطبہ حج دیں گے ، ، جسے پہلی بار اردو زبان میں بھی پیش کرنے کا خاص اہتمام کیا گیا ہے،اس کے بعد عازمین نماز ظہر اور نماز عصر ایک ساتھ ادا کریں گے، عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگا۔
اس دوران حجاج کرام اﷲ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کریں گے، سورج غروب ہوتے ہی حجاج میدان عرفات سے نکلیں گے اور مزدلفہ پہنچیں گے اور مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔
حجاج مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں چنیں گے، دس ذی الحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد وہ جمرات جائیں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

رواں سال سعودی عرب میں مناسک حج کی ادائیگی کیلئے خصوصی حج ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے جس سے عازمین حج کو طبی امدادسے لے کر راستوں کی معلومات حاصل کرنے کی بھی سہولت مہیا ہوگی، اسے وہ افراد بھی استعمال کرسکتے ہیں جنہیں عربی اور انگریزی زبان نہیں آتی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں