نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں میں خواجہ آصف اور رقوم منتقلی الزام میں علیم خان کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی ہے۔ اسلام آباد میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف و دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں جب کہ پی ٹی آئی کے علیم خان کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کے الزام میں تحقیقات کی منظوری دی گئی، اجلاس میں کیپٹن(ر)صفدر کے حلقہ این اے 21 مانسہرہ میں پی ڈبلیو ڈی کو 9 ارب روپے جاری کرنے اور من پسند ٹھیکیداروں کے ذریعے غیر معیاری کام کروانے پر تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔ نیب نے اجلاس میں سابق وفاقی وزیر بابر خان غوری کے خلاف 974 بھرتیوں اور 2 ارب 85 کروڑ روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے سے متعلق ریفرنس دائر کرنے اور صوبائی ورکس ویلفیئر بورڈ پنجاب، سندھ، بلوچستان کے افسران کے خلاف آلات کی خریداری میں خرد برد پر انکوائری کی منظوری دی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے این ٹی ایس کے ہارون رشید اور وحید اللہ ناگارہ، سابق ریجنل سربراہ محمد جاوید اور محب الرحمان کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ این ٹی ایس کے عہدیدار پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں بدعنوانی اور امتحانات کے عمل میں غیر شفافیت کے مرتکب پائے گئے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں