• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • قومی اسمبلی کا اجلاس، نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

قومی اسمبلی کا اجلاس، نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

اسلام آباد:پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کی 15 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس جاری ہے،جہاں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اسمبلی کے اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور تمام اراکین نے بصد احترام کھڑے ہوکر قومی ترانہ سنا جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اجلاس کے آغاز میں نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور حلف کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے15 اگست کی تاریخ کا اعلان کیا اور طریقہ کار بھی بتایا۔

اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا جس کے بعد اراکین کی جانب سے دستخط کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود، شہبازشریف، رانا ثناءاللہ،  نوید قمر اور دیگر اراکین قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔

عمران خان قائدایوان کیلئےمخصوص نشست کے ساتھ والی نشست پر براجمان ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری نفیسہ شاہ کے ساتھ والی نشست پر موجود ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ساتھ بیٹھے ہیں جبکہ شہبازشریف، احسن اقبال اور رانا تنویر ساتھ ساتھ بیٹھے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی میں آئے اور انہوں نے عمران خان کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے جبکہ  سابق صدرآصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویزاشرف، محمدمیاں سومرو، سابق وزرائے اعلیٰ شہباز شریف، پرویز خٹک اور قومی اسمبلی کے 2 سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا اور فخرم امام بھی حلف اٹھائیں گے۔

قوم پرست رہنماء سردار اختر مینگل بھی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے جبکہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے شاہ زین بگٹی بھی آج قومی اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اسدقیصر بھی قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے، وہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار نامزد ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر مسلسل ساتویں بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے جبکہ خواجہ آصف مسلسل چھٹی بار، غوث بخش مہر بھی چھٹی بار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا پانچویں بار رکن قومی اسمبلی کاحلف اٹھارہی ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

قومی اسمبلی کے اجلاس کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی گئی ہے، ریڈ زون میں کسی بھی غیرمتعلقہ فرد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،سیکیورٹی کیلئے پولیس اوررینجرز اہلکار تعینات ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply