قصّہ حاتم طائ جدید -7- ظفرجی

قصّہ حاتم طائ جدید -7-
ظفرجی
میں خاموشی سے اٹھا اور گھر آگیا-مجھے امید تھی کہ شاداں اس پرائیویٹ میٹنگ کو راز رکھے گی اور تنہائی میں میری بات پر ضرور غور کرے گی- آخر ایک جوان عورت کب تک بیوگی کا بوجھ اٹھا سکتی ہے-لیکن جو کچھ ہوا وہ میرے وہم و ادراک سے بھی ماورا تھا-شام تک بچّے بچّے کی زبان پر ایک ہی کہانی تھی ……………….
” دل پھینک مولوی اور معصوم بیوہ !”
جاہلوں نے کہا بڑا مولوی بنا پھرتا ہے جو بیواؤں سے عشق لڑاتا ہے – کوئی کہتا اجی دیکھو ذات کا مولوی اور بیواؤں سے جپّھے … توبہ توبہ کیا زمانہ آ گیا ہے- مخالف فرقے والوں نے تو میرے خلاف پورا جلسہ ہی کر ڈالا- شعلہ بیان خطیبوں نے میرے مسلک کو دھو دھو کر نچوڑا اور سکھا سکھا کر دھویا- ہم مسلکوں نے اسے “اسلام کے خلاف گہری سازش” قرار دیکر “اعلانِ جہاد”کر دیا- حالات اس نہج پر پہنچ گئے کہ “چکیاں پولیس “کو گاؤں میں باقاعدہ ایک چوکی قائم کرنا پڑی-
دوسری طرف محلے کی خواتین نے میری بیوی کا ناطقہ بند کر کے رکھ دیا- زوجہ بھی بھڑک اٹھی کہ مانا ،گرمیء شوق، دستارِ فضیلت سے اونچی ہو گئی ہے مگر بیوہ کو تو معاف کردے-
اگلے ہی روز وہ نیک بخت یہ کہتی ہوئی میکے سدھاری کہ میں نے تجھے زندگی کا ہر سُکھ معاف کیا ، تیری نیّت شروع سے ہی خراب تھی- تیرے خطبات اور وعظ و نصیحت کے پیچھے “شاداں،کا خفیہ ہاتھ” تھا- روکھی سوکھی کھا کر گزارا کر لونگی ، مگر تجھ جیسے ٹھرک باز کے ساتھ ایک دن نہ گزاروں گی-میری تو دنیا ہی ویران ہو گئی- گھر میں تنہائی کاٹتی اور باہر لوگ- آخر ایک دن اس جاہل قوم کو سلام کر کے گاؤں سے ستر کوس دور چلا آیا- مالٹوں کے اس باغ میں آ کر طبیعت شاداں و فرحاں ہوئی- ٹھیکیدار اچھا آدمی تھا- خدا اجر دے ، بنا کسی منّت سماجت کے مجھے مالی رکھنے پر رضامند ہو گیا-
اب یہیں شب باشی کرتا ہوں- دل بہلانے کو یہ مرغ پال رکھا ہے- رات کا کھانا باغ کا مالک دے جاتا ہے- لوگوں کے ہوش تو اڑا چکا ، اب صبح شام طوطے اڑاتا ہوں- اچھا اب میری صدا کا وقت ہوا چاہتا ہے —- ذرا کانوں میں انگلیاں ڈال لو —دفعتاً وہ شخص گلا پھاڑ کر چلایا —- “مافی مافی مافی — زوجہ ایک ہی کافی —-“اور باغ سے سارے طوطے اڑ گئے-حاتم نے موبائل ریکارڈنگ آف کرتے ہوئے کہا ،
” اے پیرِ مرد،تیری داستانِ پُر الم سُن کر بمشکل ہنسی روکی ہے- افسوس کہ تو نے عرب کا سرمہ سرگودھا میں بیچنے کی کوشش کی ، جس کی وجہ سے معاشرے کی آنکھیں باہر آ گئیں- جس شخص کو “مالٹے اور کھجور”کا طبیعاتی فرق معلوم نہ ہو اسے مولوی کیا مالی بھی نہیں ہونا چاہیے-
اے شخص سُن کہ سرزمینِ شاد باد پر تین طرح کے مولوی پائے جاتے ہیں- ایک وہ پیٹ پرست جو مُردوں کے نام پر زندوں کا رزق ڈکار رہے ہیں- معاشرہ جس حال پہ راضی ہو ، یہ مذہب کو اسی رنگ میں ڈھال کر “مال”سے غرض رکھتے ہیں- انہیں “عوامی مولوی” کہا جاتا ہے-دوسرے وہ بنیاد پرست جو معاشرے کا بازو مروڑ کر اسے سیدھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں- اپنے گرد تعصب کا دائرہ کھینچ کر چوکڑی مار کے بیٹھ جاتے ہیں- اگر کوئی بھولا بھٹکا “کافر”اس دائرے میں گھسنے کی کوشش کرے تو اسے “گھسّن” مار کر باہر نکال دیتے ہیں- انہیں”ضِدّی مولوی” کہا جاتا ہے-
تیسرے وہ بندگانِ خُدا جو اوروں کےلئے خود کو اچھی مثال بنا کر پیش کرتے ہیں- معاشرہ انہیں دیکھ کر خود بخود رنگ پکڑتا ہے- بڑے بڑے گنہگار ان کی محفل میں آ کر تائب ہو جاتے ہیں- انہیں “صالحین”کہا جاتا ہے ، مگر ایسے صالحین یہاں خال خال ہی ملتے ہیں اور یہی ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی کم نصیبی ہے-اس کے بعد حاتم نے جیب سے شہزادی حسن بانو لاٹری فارم نکالا- مولوی مقصود کا اس پر انگوٹھا لگوایا- اس کے شناختی کارڈ کی تین عدد کاپیاں ہمراہ پاسپورٹ سائز فوٹو لیکر ، پہلی فلائیٹ سے ہی اسلام آباد روانہ ہو گیا-(جاری ہے)

Facebook Comments

ظفرجی
جب تحریر پڑھ کر آپ کی ایک آنکھ روئے اور دوسری ھنسے تو سمجھ لیں یہ ظفرجی کی تحریر ہے-

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply