اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے کے ازخود نوٹس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جمعے کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں4 رکنی بینچ نے عمران خان کیخلاف ووٹ کی رازدری ظاہر کرنے پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔
اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ بابر اعوان کچھ دیر میں پہنچیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ بابر اعوان سے زیادہ ہمیں یہاں جواب چاہیے تھا۔
الیکشن کمیشن نے بابر اعوان کی آمد تک سماعت ملتوی کی جو کچھ دیر بعد دوبارہ شروع ہوگئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بابراعوان نے اپنے مؤکل کا دستخط شدہ معافی نامہ اور بیان حلفی جمع کرایا۔
عمران خان نے جواب میں موقف اپنایاکہ ووٹ کی رازداری جان بوجھ کر افشا نہیں کی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ووٹ کی رزاداری ظاہر کرنے پر عمران خان سے دستخط شدہ معافی نامہ اور بیان حلفی طلب کیا تھااور گزشتہ روز بابر اعوان کا تحریری جواب مسترد کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنا ووٹ کاسٹ کرنے این اے 53 اسلام آباد کے پولنگ اسٹیشن پر گئے جہاں انہوں نے پولنگ بوتھ کے پیچھے جاکر مہر لگانے کی بجائے میڈیا کے سامنے ہی بیلٹ پیپر پر مہر لگائی جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں