کراکس: وینز ویلا کے دارالحکومت کراکس میں سالانہ فوجی تقریب سے خطاب کے دوران صدر نکولس میدورو پر بارودی مواد سے لدے ڈرونز نے حملہ کردیا۔ تاہم ڈرونز کو اسٹیج کے قریب ہی مار گرادیا گیا۔
دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور نیشنل گارڈ کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ وزیر اطلاعات وینز ویلا کے مطابق اسٹیج پر موجود صدر نکولس میدورواور دیگر وزرا بال بال بچ گئے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
ملک میں افرا تفری پھیلی تو صدر نکولس نے قوم سے خطاب کیا اور کولمبیا پر ڈرون حملے کا الزام دھردیا۔
صدر نکولس میدورو نے مزید کہا کہ حملے کی سازش میں ملوث چند افراد پکڑے گئے، ابتدائی تحقیقات میں سازش کے تانے بانے کولمبیا سے ملے ہیں،
یہ سازش دائیں بازو کی ہے تاہم حکومت کے خلاف پر تشدد کارروائیاں مسلسل ناکام ہوں گی۔
وینزیلا کے صدر کا کہنا تھا کہ عوام اور فوج اُن کی حفاظت کریں گے۔ حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں پتہ چلا کہ ڈرون حملے کیلئے سی فور دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکا خیز مواد سے بھرے کئی ڈرونز ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں