شیطانی چرخہ

آج گھر آتے ہوئے موٹر سائیکل کا ایک حادثہ دیکھا۔ خدا کا شکر ہے کہ بندے کی جان بچ گئی۔ موٹر سائیکل کے حادثات معمول بن چکے ہیں۔ بڑے بزرگ موٹر سائیکل کو شیطانی چرخہ کہا کرتے تھے۔ موٹر سائیکل کے حادثات میں زیادہ قصوروار موٹر سائیکل سوار ہی ہوتے ہیں۔ چند وجوہات اور احتیاطی تدابیر کی نشاندہی کر رہا ہوں۔
1: سائیڈ مرر یا بیک ویو مرر :
موٹر سائیکل کی سب سے اہم چیز سائیڈ مرر ہے۔ میرے ذاتی خیال میں اس کی اہمیت ہیلمٹ سے بھی زیادہ ہے۔ لیکن بدقسمتی سے جتنی اہم یہ چیز ہے اتنا ہی ہم اس کو نظر انداز کرتے ہیں۔ خدا کا واسطہ ہے موٹر سائیکل میں کم از کم دائیں طرف کا سائیڈ مرر لازمی لگوائیں۔ اور ہر چند سیکنڈ بعد اس میں پیچھے سے آنے والی ٹریفک کو دیکھتے رہیں۔
2: غلط اوور ٹیکنگ:
حادثات کی ایک اور بڑی وجہ غلط اوور ٹیکنگ بھی ہے۔ موٹر سائیکلسٹ کی اکثریت بائیں طرف سے اوور ٹیک کرتی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ ہمیشہ دائیں طرف سے اوور ٹیک کریں اگر اگلی گاڑی والا فوراً راستہ نہیں دیتا تو تھوڑا انتظار کرلیں۔ البتہ ہیوی ٹریفک مثلا ً ٹرک ٹریلر وغیرہ کے ڈرائیور چونکہ انتہائی دائیں طرف چلتے ہیں تو ان کو بائیں طرف سے اوور ٹیک کرنا مجبوری ہوتا ہے
3: اوور لوڈنگ:
اصولی طور پر تو 70cc موٹر سائیکل ایک بندے کی سواری ہے لیکن ہمارے ہاں اس پر چار چار افراد ایک وقت میں سوار ہوتے ہیں۔ اور پھر بھی سپیڈ کم نہیں رکھتے۔ اوور لوڈنگ سے بریک درست طریقے سے کام نہیں کرتے۔
4: بہت سے موٹر سائیکلسٹ مڑتے وقت پیچھے نہیں دیکھتے اور سپیڈ میں جاتے جاتے اچانک ایک طرف مڑجاتے ہیں۔ اس طرح اپنی جان بھی خطرے میں ڈالتے ہیں اور اپنے سے پیچھے آنے والے کی جان بھی.
5: ہیلمٹ :
ہیلمٹ کا استعمال نہایت ضروری ہے۔ کسی بھی حادثہ کی صورت میں ہیلمٹ آپ کے دماغ اور چہرے کو کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھتا ہے ۔ یاد رکھیے دماغ پر لگی چوٹ اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔
6: کم عمر ڈرائیورز:
موٹر سائیکل کے حادثات کا ایک اور سبب اس کے کم عمر ڈرائیور\ رائڈرز ہیں۔ ہم روزانہ بارہ پندرہ سال کی عمر کے بہت سے لڑکوں کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ نو عمری میں انسان کا جذباتی پن جوبن پر ہوتا ہے لیکن ساتھ اس کے اندر محدود قوت فیصلہ بھی ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں نوعمر لڑکے موٹر سائیکل کو سنبھال نہیں پاتے اور گھبراہٹ میں ایکسیڈنٹ کروا بیٹھتے ہیں۔
7: سیفٹی راڈز :
آج سے پندرہ بیس سال پہلے تک موٹر سائکل میں سیفٹی راڈز کا استعمال عام تھا۔ سیفٹی راڈز حادثہ کو روکتے تو نہیں البتہ کسی بھی حادثہ میں آپ کے اور آپ کی موٹر سائیکل کے نقصان کی شدت کو کم ضرور کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیفٹی راڈز بہت سے شاپنگ بیگز لٹکانے کے کام بھی آتے ہیں۔ اکثر دیہات میں یا شہر میں خصوصاً گوالوں کو دیکھا گیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل کے پائدان (foot rest) کی بجائے سیفٹی راڈز پر پاؤں رکھ کر موٹر سائیکل چلا رہے ہوتے ہیں۔ یاد رکھیے یہ ایک خطرناک عمل ہے۔ کیونکہ اس طرح آپ ایمرجنسی بریک نہیں لگا سکتے۔
8: کلچ اور بریک کا درست استعمال :
کسی بھی گاڑی میں کلچ اور بریک کا درست استعمال نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ لیکن موٹر سائیکل میں ان کا استعمال اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔ یاد رکھیے چاہے آپ موٹر سائیکل بیس کلومیٹر کی سپیڈ پر چلا رہے ہوں یا سو کلومیٹر کی سپیڈ پر، کبھی بھی بریک لگاتے وقت کلچ نہ دبائیں۔ ایسا کرنے کی صورت میں آپ کی موٹر سائیکل سلپ ہو جائے گی اور نتیجہ خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔
بریک ہمیشہ چھوٹے چھوٹے وقفوں میں لگائیں اس سے بھی سلپ ہونے کا اندیشہ بہت کم رہ جائے گا۔ اگلی بریک کا استعمال بہت کم کریں۔
9: بروقت فیصلہ:
ڈرائیونگ کے دوران فیصلہ کی صلاحیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اکثر اوقات آپ کو چند سیکنڈز کے اندر اندر درست فیصلہ کرنا ہوتا ہے ورنہ ایک چھوٹی سی غلطی کا نتیجہ بہت بڑے نقصان کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔
10: لباس کی احتیاط:
موٹر سائیکل چلاتے وقت گرم چادر ہرگز نہ لیں۔ چادر کے کونے اکثر موٹر سائیکل کی چین میں پھنس جاتے ہیں اور اس کی وجہ سے جان جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ اسی طرح خواتین بھی چادر یا عبایا کو احتیاط سےاوڑھیں ۔

Advertisements
julia rana solicitors london

یہ چند ضروری وجوہات اور احتیاطی تدابیر بیان کی ہیں خدارا ان پر عمل کیجیے اور اپنے آپ کو اپنے اہل خانہ کو اور دوسروں کو نقصان سے بچائیے ۔ آپ کی ذرا سی بے احتیاطی کسی بڑے نقصان کا باعث بھی ہو سکتی ہے ۔

Facebook Comments

ظہیر اقبال سیال
طالب علم اور اپنے آپ کو شناخت کرنے کی طرف گامزن

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply