کپتان صاحب اب وکٹ اڑانا نہیں ،بچانا پڑے گی۔۔۔۔ ارشد بٹ

الیکشن کمشن کی نااہلی، غلط بیانی، معلوم اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر قومی انتخابات مکمل طور پر متنازع ہو چکے ہیں۔ ایک جماعت پی ٹی آئی کے علاوہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔ ان سیاسی جماعتوں نے ایک گرینڈ الائنس کے تحت پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ سے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ متوقع  وزیر اعظم عمران خان اور متوقع  حکمران جماعت پی ٹی آئی کو ملکی پارلیمانی تاریخ کی سب سے بڑی اپوزیشن سے پالا پڑنے والا ہے۔ اب فاسٹ باؤلر کپتان نیازی کی بیٹنگ کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے فاسٹ باولر اچھے بیٹس مین نہیں ہوتے۔ بس ایک آدھ چھکا چوکا لگا کر پویلین واپس آجاتے ہیں۔

الیکشن میں کس قدر دھاندلی ہوئی، کیا منصوبندی کے تحت ریاستی ادارے منظم دھاندلی میں ملوث تھے یا مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے چند نشستوں پر دھاندلی کی گئی۔ یا دھاندلی ہر گز نہیں ہوئی کیونکہ الیکشن نتائج میں تاخیر کی وجہ نئے سسٹم آر ٹی ایس کی ناکامی تھی۔ یہ بحث ابھی جاری تھی کہ “نادرا،”نے الیکشن کمیشن کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ نادرا نے الیکشن کمیشن کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ آرٹی ایس سسٹم نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ بلکہ نادرا نے یہ کہا کہ آر ٹی ایس سسٹم مکمل فعال تھا اور بغیر کسی رکاوٹ چلتا رہا۔ نادرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پورے ملک سے پچاس فیصد نتائج موصول ہو نے کے بعد الیکشن افسروں  کی جانب سے  نتائج بھیجنا بند کر دیئے گئے  تھے ۔ مراد یہ ہے کہ نادرا کو ملک بھر سے پچاس فیصد  انتخابی نتائج پر مبنی فارم 45 موصول ہونے کے بعد مزید فارم 45 ملنا بند ہو گئے۔

FaceLore Pakistan Social Media Site
پاکستان کی بہترین سوشل میڈیا سائٹ: فیس لور www.facelore.com

شواہد سے پتہ چلتا ہے آر ٹی ایس سسٹم کا استعمال روکنے کا وہی وقت تھا جب سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹوں کو بغیر فارم 45 فراہم کئے پولنگ بوتھوں سے باہر نکال دیا گیا۔ ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق الیکشن افسروں نے الیکشن کمیشن کے حکام کی ہدایات کے بعد آر ٹی ایس سسٹم کا استعمال بند کر دیا جبکہ سسٹم بغیر کسی خرابی مکمل فعال تھا۔

اس کے بعد ملک بھر سے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے دھاندلی کے ایک جیسے الزامات کی بھر مار کر دی۔ تقریباً  سب سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹوں کو مستند انتخابی نتائج یعنی فارم 45 فراہم کئے بغیر پولنگ بوتھوں سے باہر نکال دیا گیا۔ فارم 45 کی فراہمی کا تعلق آرٹی ایس سسٹم سے صرف اتنا ہے کہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد فارم 45 پر نتائج لکھ کر موبائل فون سے اس فارم کی تصویر الیکٹرونک سسٹم آر ٹی ایس کے ذریعے فارورڈ کی جاتی ہے۔ یاد رہے آر ایم ایس یعنی رزلٹ مینجمنٹ سسٹم الیکشن کمشن کا ایک علیحدہ سسٹم ہے جس کا کام آرٹی ایس سسٹم سے موصول ہونے والے فارم 45 کے نتائج کو جمع کیا جاتا ہے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ۔۔۔۔
1۔ الیکشن کمشن کے عہدیداروں نے الیکشن افسروں کو آرٹی ایس سسٹم استعمال کرنے سے کیوں اور کس وقت منع کیا؟
2۔ آرٹی ایس سسٹم فعال ہونے کے باوجود اس کا استعمال کیوں بند کیا گیا؟
3۔ چیف الیکشن کمشنر اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو دروغ گوئی سے کیوں کام لینا پڑا کہ آر ٹی ایس سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے۔
3۔ سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹوں کو انتخابی نتائج یعنی فارم 45 فراہم کیوں نہیں کئے گئے؟ انہیں پولنگ بوتھوں سے کیوں نکالا گیا؟
4۔ نادرا کو موصول نہ ہونے والے بقیہ پچاس فیصد نتائج یعنی فارم 45 کہاں اور کس کی نگرانی میں مرتب کئے گئے؟
5۔ بغیر نتیجہ کے ووٹوں کے تھیلے الیکشن کمیشن کے علاوہ کس ادارے کی تحویل میں رہے؟

ان ایشوز کی پارلیمانی اور عدالتی تحقیقات کے ذریعے حقائق کو سامنے لائے جانے کی ضرورت ہے۔ تحقیقات کے سامنے آنے تک جمہوری نظام کے تسلسل کے لئے عمران خان کو اکثریتی پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے حکومت تشکیل کرنے کا حق دیا جانا چاہے۔ اپوزیشن نے پارلیمان میں جانے کا اعلان کر کے عمران خان اور پی ٹی آئی کا یہ حق تسلیم کر لیا ہے۔
عمران خان کے امتحان کا وقت شروع ہو چکا ہے۔ ان کو وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کی سچائی جاننے کے لئے سنجیدہ اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔ قومی یکجہتی، جمہوری نظام کے تسلسل، سیاسی استحکام اور وسیع تر قومی مفاد میں اپوزیشن کے مشورے سے ایک پارلیمانی  کمیشن کے علاوہ ایک جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کرنا چاہیے۔ تاکہ سچائی عوام کے سامنے آ سکے۔

Advertisements
julia rana solicitors

عمران خان کو ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ اب ان کا کام وکٹ اڑانا نہیں بلکہ اپنی وکٹ بچانا ہے۔ کپتان سے زیادہ کون جانتا ہو گا کہ بیٹنگ کرتے وکٹ بچانا، فاسٹ باؤلنگ سے وکٹ اڑانے سے  بہت  مختلف ہو تا ہے!

  • merkit.pk
  • julia rana solicitors
  • julia rana solicitors london
  • FaceLore Pakistan Social Media Site
    پاکستان کی بہترین سوشل میڈیا سائٹ: فیس لور www.facelore.com

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply