بالی وڈ اداکار رشی کپور اور تاپسی پنوں کی ریلیز ہونے والی فلم ملک پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی۔ پاکستانی سنسر بورڈ نے انوبھو سنہا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ملک کی نمائش پر پاکستان بھر میں پابندی عائد کردی، فلم میں اداکار رشی کپور اور اداکارہ تاپسی پنوں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم آج بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونی تھی۔ فلمساز دیپک مکوٹ نے کہا ہے کہ ہم اس فیصلے سے پریشان ہیں کیونکہ فلم میں بھارت میں موجود مسلمانوں کے ساتھ برتے جانے والے تعصب کے بارے میں بات کی گئی۔ ہم پاکستانی سنسر بورڈ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ دوسری جانب فلم کے ہدایت کار انوبھو سنہا نے ٹویٹر پر پاکستانی شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا پیارے پاکستانیو! یہ پوسٹ کرنے پر کچھ لوگ مجھے غدار یا ملک دشمن کہیں گے لیکن مجھے پرواہ نہیں۔ میں نے حال ہی میں فلم بنائی ہے جس کا نام ملک ہے۔ بدقسمتی سے آپ اس فلم کو قانونی طور پر نہیں دیکھ سکیں گے کیونکہ آپ کے سنسر بورڈ نے اس فلم پر پابندی عائد کردی ہے۔ مجھے یاد ہے جب فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا تو بہت سے پاکستانی اور بھارتیوں نے اس کے خلاف لکھا تھا۔ بھارت میں بہت سے لوگوں نے اسے مسلمانوں کی فلم قرار دیا تھا ، جبکہ پاکستان میں اسے ویسی ہی روایتی فلم قرار دیا گیا تھا ، جیسی اس سے قبل بھی مسلمانوں کے بارے میں بن چکی ہیں۔ لیکن میں شروع سے کہتا آرہا ہوں کہ یہ فلم محبت سے متعلق ہے، وہ محبت جو مسلمانوں اور ہندوئوں کے درمیان ہے اور اب یہ فلم منظر عام پر آگئی ہے، یہ بالکل بھی مسلم اور پاکستان مخالف فلم نہیں، یہ آپ کی فلم ہے، یہ میری فلم ہے، آپ کے ملک میں ہندو اقلیتوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور ہمارے ملک میں مسلمان اقلیت ہیں۔ ہم سب مل کر امن کے لئے کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے معلوم ہے کہ کبھی نہ کبھی آپ یہ فلم دیکھ لیں گے۔ میں چاہتا ہوں آپ سب یہ فلم قانونی طور پر دیکھیں، لیکن اگر آپ اسے قانونی طور پر نہیں دیکھ سکتے تو غیر قانونی طور پر دیکھیں اور مجھے اس سے متعلق اپنی رائے سے آگاہ کیجئے کہ کیوں سنسر بورڈ نے اس پر پابندی لگائی ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں