جمشید دستی صاحب خدارا شور نہ کریں۔

جمشید دستی صاحب خدارا جمہوریت کو چلنے دیں شور شرابہ نہ کریں ۔ بہت مشکلوں سے اس ملک میں جمہوریت لوٹی ہے ۔ اسے پلنے بڑھنے اور پروان چڑھنے دیں ۔ کیوں شور شرابہ کرکے اس معصوم نوخیز جمہوریت کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں ؟ اگر آپکو پانی چوری کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا اور ایک مقدمہ کی ضمانت ہونے پر دوسرے مقدمہ میں فوری گرفتار کرلیا گیا اور دہشت گردی کی دفعات جَڑ دی گئی ہیں تو کیا ہوا ؟
پورا شریف خاندان بھی تو فرداً فرداً جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکا ہے ۔ اگر پولیس کسٹڈی میں آپ پر بچھو چھوڑے جاتے ہیں تو میاں صاحب کو بھی تو اٹک قلعہ میں مچھر کاٹتے رہے ہیں ۔ اب دیکھیں نا آپ ایک حلقہ کے عام سے ایم این اے ہیں۔ آپکو پہنچنے والی تکلیف کی وجہ سے اگر دوتہائی سے بھی زیادہ اکثریت والی جمہوری حکومت مضبوط ہوسکتی ہے تو آپکو تھوڑا برداشت کرلینا چاہیے ۔ ہاں ایک اور بات کہ کچھ لوگ آپکی اور محترم مجید اچکزئی صاحب کی تصاویر ایک ساتھ لگا کر آپ دونوں کا موازنہ کررہے ہیں ۔ اب دیکھیں نا صاحب آپ میں اور اچکزئی صاحب میں کیا مماثلت ؟
آپ نے جمہوریت کے لیے کیا ہی کیا ہے ؟ جبکہ انکی پارٹی اور خاندان نے جمہوریت کی خاطر کیا کچھ نہیں کِیا ؟ وہ ایک قوم پرست پارٹی کے قوم پرست رہنما ہیں ،جنہوں نے جمہوریت اور اصولوں کو اپنے علاقہ اور قوم کی ترقی پر ترجیح دی ۔ جب جمہوریت پر کٹھن وقت آیا تو انکی پارٹی اور خاندان کے سربراہ جناب محمود خان اچکزئی چادر لپیٹ کر جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوگئے اور ایک جمہوری خاندانی حکومت کو گرنے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ اس سب کچھ کے بدلے اگر انہیں حوالات میں ائیر کولر مہیا کردیا گیا ہے تو کوئی کفر تو نہیں ٹوٹ پڑا ۔ تو برائے مہربانی شور نا کریں اور جمہوریت کو چلنے دیں جمہوریت میں ہی اس ملک کی بقا ہے ۔
آپکا خیر اندیش ظہیر تریڑ ۔۔۔۔۔

Facebook Comments

ظہیر تریڑ
میانوالی کا رہائشی دبئی میں رہائش پذیر اردو کا طالبِ علم

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply