گالی دو ، ووٹ لو۔ چوہدر ی نعیم احمد باجوہ

 

رک ،  رک۔ ۔۔ رک ۔۔۔ پچھلے ساڑھے پینتیس منٹ سے تیری مغلظات سن رہے ہیں ۔ ملکی اقتصادیات ،  عالمی تعلقات ، امن عامہ کی صورت حال ، تعلیم ، پولیس ، لوٹ مار چوری چکاری کی بات کرتے جا رہے ہو۔ہم برداشت کررہے ہیں اور تم بڑھتے ہی جارہے ہو۔
گھٹیا معیار تعلیم ، طبقاتی بنیادوں پر تقسیم تعلیمی نصاب کی بات تم چھوڑو۔ گندگی کے ڈھیروں ، کھلے گٹروں ، اور روزانہ ان میں گرنے والوں کی بات نہ کرو۔ ہم یہاں رہتے ہیں ۔ یہ ہمارا شہر ہے۔ ہمیں یہ سب معلوم ہے ۔ ان سب باتوں سے ضروری بات ،  وہ بتاؤ پہلے۔ تم کون ہو۔؟ تمھارا عقیدہ کیا ہے ۔؟ تمھارامسلک کیا ہے ۔؟ اچھا یہ بھی چھوڑو۔ یہ بتا ؤقادیانیوں کو گالی دے سکتے ہو؟ ۔ووٹ کی بات بعد میں کرنا۔تعلیم ،صحت ، عدلیہ، پولیس ، امن عامہ ، بجٹ کی بات بعد میں۔ پہلے گالی دو۔
ہمیں معلوم ہے تم نے احمدیوں کے پیشوا کو گالی دینے والے حلف نامے پر دستخط کئے ہیں۔ لیکن وہ تو سرکاری کاغذ ہیں ۔ ہمارے سامنے تو اپنے عقیدے کا اظہار تم نے کیا نہیں۔بپلک میں احمدیوں کو گالی دی نہیں۔ جب تک تم ایسا نہ کر و گے  پوتر نہ ہوگے ۔ اور ہم کسی ناپاک ، اچھوت، کافر کے منہ نہیں لگتے ۔ ووٹ دینا تو دور کی بات۔
جبران ناصر ! تم قائد کی بات کرتے ہو ۔ جناح کی بات کرتے ہو ۔ وہ چلا گیا ۔ اب ہم ہیں ۔ اب قائد اپنا اپنا ۔ جناح اپنا اپنا۔تم کس دنیا سے آئے ہو ۔؟ تمھیں نہیں معلوم یہاں صرف ختم نبوت کے نام پر چورن بکتی ہے ۔ہم نے پچھلی بار بھی مجاہد ختم نبوت کو ووٹ دئیے تھے،  اب بھی ایسا ہی کریں گے۔اس نے وعدہ کیا تھا اسلامی طریقے سے ہمارے مسائل حل کرنے کا۔ اسلامی طرز پر نالیوں ، گلیوں سٹرکوں کی صفائی کرنے کا ۔ اسلامی پولیس ، عدل فاروقی ، نفاذ شریعت کا۔ وہ تو ذرا اس پر برا وقت آگیا اور ہمارے ہی علاقے کی ایک کم سن بچی سے ریپ کیس میں پکڑا گیا۔ صرف اس لئے ہمارے مسائل ذرا تاخیر کا شکار ہوئے۔ لیکن اب پھر وہ میدان میں ہے ۔ مرد کا بچہ ہے جیل سے چھوٹ آیا ہے ۔
تمھیں نہیں پتا الیکشن میں کیا لے کر آتے ہیں۔ تم کوڑھ مغز ہو ۔ یہ بات تو پنڈی والے کو بھی معلوم ہے ۔ اسی لئے تو اس نے گزشتہ سال اسمبلی میں کھڑے ہو کر ختم نبوت کا نعرہ لگایا۔ ایک سال پہلے سے الیکشن کی تیاری شروع کر دی ۔ دیکھو آج کس کامیابی سے اپنی الیکشن مہم چلا رہا ہے ۔ تم نے دیکھا نہیں وہ کیپٹن کیسے دھاڑا تھا اسمبلی فلور پر ؟۔ راتوں رات قوم کی آنکھ کا تارا بن گیا تھا ۔یہ ہوتے ہیں لیڈر۔ تم آئے ہو قائد کی باتیں کرنے ۔!
تم پر تو ’’ حرف راز ‘‘ بھی نہیں کھلا ۔ دیکھو کیسے کیسے راز وہاں قوم کو سنائے جاتے ہیں ۔ کیسی کیسی پچیدہ گُھتیاں بآسانی لمحوں میں سلجھائی  اور پھرچیخ چیخ اور اچھل اچھل کر منہ سے جھاگ پھینکتے ہوئے قوم کو سکھائی جاتی ہیں ۔دیکھو اس ’’دانشور ‘‘ کی طرف کیسے روزانہ لوگوں کے’’ ایمانوں ‘‘کو بچاتا اور انہیں حرارت دیتا ہے۔ یہ ہوتے ہیں مجاہد ۔ واللہ اگر وہ آج الیکشن میں کھڑا ہو جائے تو ریکارڈ کامیابی حاصل کرے ۔
جبران ناصر ! کچھ تو سبق لے گجرات والوں سے ۔ دیکھ وہ کیسے اپنے باپ کی ’’ شہادت ‘‘ کو ختم نبوت کے نام سے سالوں سے فروخت کر رہے ہیں۔ دیکھ ساجد و مسجود کو۔ دیکھ صاف چلی شفاف چلی کو۔ دیکھ سجادہ نشینوں کو۔ اور دیکھ پردہ نشینوں کو ۔ ہر ایک کے بھیجے میں یہ بات آسانی سے گھس گئی ۔ ایک  تو ہی الٹی کھوپڑی لے کرآگیا ہے کہیں سے ۔
دیکھ خاموش رہ ۔۔۔ کچھ نہیں بولنے کا ۔۔۔ پورے ساڑھے پینتیس منٹ تیری بکواس سن لی ۔ اب ہماری سنے گا۔ تجھے توہمارا شکر گزار ہونا چاہئے کہ تجھ سے رعایت کر رہے ہیں ، تجھ سے بات کر رہے ہیں ۔ ورنہ ہمارے مجاہدوں کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ بات چیت میں ضائع کریں۔

لگتا ہے تو مشال خان کی مثال بھول گیا ہے ۔ گوجرانوالہ میں ماہ رمضان میں جلتی کائنات کو بھی بھول گیا ہے ۔اور اس رمضان میں سیالکوٹ میں سوسالہ پرانی گرتی ہوئی مسجد بھی تجھ سے اوجھل ہو گئی ہے ۔ تُو تو کوڑھ مغز ہے “جبر ‘‘ تو تمھارے نام کا حصہ ہے جبران۔ پھر بھی تم ان قادیا نیوں کو جبری کافر سمجھنے سے قاصر ہو ۔ تُف ہے تم پر ۔
دیکھ ہم جیالے ہیں ۔ ہم مجاہد ہیں ۔ دیکھ اس سٹرک کو اور ا س میں پڑے گڑھوں کو۔۔۔ جہاں گٹروں کا پانی جمع ہوتا ہے ۔ دیکھ کھلے گٹروں کو۔۔۔ ا س میں کل ایک اور پرسوں دو بچے گرے تھے ۔پچھلے ماہ رکشا الٹا تھا ۔ اس میں سوار پانچ میں سے ایک خاتون سات ماہ کی حاملہ تھی ۔ اس کا بچہ ضائع ہوگیا تھا۔ نہیں نہیں ضائع نہیں قربان ہوا تھا ۔ پچھلی بار بھی ہم نے ووٹ ختم نبوت کے نام پر دیا تھا ۔ ہمارا امیدوار پکا مجاہد تھا ۔ اس نے اسی جگہ کھڑے ہو کر احمدیوں کو خوب لتاڑا تھا ۔ مجمع پاگل ہو گیا تھا اس کی تقریر سن کر۔ وہی لیڈر جیتا تھا یہاں سے ۔ کوئی بات نہیں اگرہمارے بچے مرے ۔ کوئی بات نہیں ہماری عورتیں اس گند میں روز گرتی ہیں پر ہم نے ووٹ تو ایمان کے لئے دیا ناں؟۔ اپنا ایمان تو بچا لیاناں؟۔ہم تم سے بھی کچھ نہیں مانگتے ۔ بس گالی دو اور ووٹ لو۔ہمیں نہیں چاہئے پکی سٹرک ، اور صاف پانی ۔ ہم مجاہد ہیں اور مجاہدوں کو سر پر بٹھاتے ہیں ۔ یہ جناح کاپاکستان ہمیں سمجھ نہیں آتا۔ یہ قائد کے نعرے تم اپنے پاس رکھو۔
ہمارا مجاہد، ہمارا بہادر شیر دل لیڈر آیا تھا اس بار بھی ۔ ووٹ اس کا پکا ہے۔ تمھیں پتا ہے اس کے جلسے میں سب سے زیادہ نعرے کس نے لگائے تھے ۔ ؟اسی باپ نے جس کا بچہ ضائع ۔۔۔ نہیں نہیں قربان ہو اتھا۔
میں نے کہا بس۔۔۔ اب تو کچھ نہیں بولے گا ۔۔۔ پورے ساڑھے پینتیس منٹ تمھاری سنی اب ہماری سنو! ہمارے نا تعلیم یافتہ بچے ، ہمارے بیمار بچے ، خراب رستے ،کھلے گٹر، ہمارے ایمان کی حرارت کم نہیں کر سکتے ۔ ووٹ آج بھی اس کا جیسا نعرہ مقدس۔ عزت بھی اس کی جس کا بیانیہ پاکیزہ۔۔ ۔اور۔۔۔ ختم نبوت کے نعرہ سے مقدس نعرہ اور کون سا ہے۔ ایسا نعرہ جو کبھی پرانا نہیں ہوتا ۔ ہر بار تقدیس کے آنسوؤں میں دھل کے آتا ہے ۔
جبران ناصر ! لگتا ہے تو ٹویٹر بھی نہیں دیکھتا ۔ میں تمھیں بتاتا ہوں ۔ دیکھ ہمارا ایک مجاہد تمھیں کیسے جواب دے رہا ہے۔ اس کا نام ہے’’ شریر النفس‘‘ shareer_un_nafs @۔دیکھ۔۔۔ میں نے کہا ۔۔۔ اس کے نام پر انگلی مت اٹھائیو۔۔۔ مت بولو کہ وہ خود اپنے آپ کو شریر لکھتا ہے ۔۔۔ ہے پکا مجاہد ۔ لکھتا ہے:
’’قادیانیوں کی پاکستان کے لئے خدمت یا ان کی حب الوطنی پر کسی کوکوئی  شک نہیں ۔ وہ بھی پاکستانی ہی ہیں ۔ بس مسلمان نہیں ہیں ۔ دنیا ادھر کی ادھر ہو جائے وہ مسلمان نہیں ہیں ۔ نہیں ہیں ۔ نہیں ہیں ۔ اینڈ آف ڈسکشن۔!!!‘‘

Advertisements
julia rana solicitors london

بس تم سے بھی اینڈ آف ڈسکشن۔ تم بھی یہاں سے رفو چکر ہو جاؤ۔ اب اس گندے پانی سے مکھیاں اڑاتے ، مچھروں کو بھگاتے، اپنی شلوار گھٹنوں تک گند میں  دھنساتے نکل جاؤ۔۔ شڑپ ۔۔۔۔ شڑپ۔۔۔ شڑپ۔۔۔

 

Facebook Comments

چوہدری نعیم احمد باجوہ
محبت کے قبیلہ سے تعلق رکھنے والا راہ حق کا اایک فقیر

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply