مردانہ کمزوری

کل شام میں اپنے مطب میں بیٹھا تھا کہ ایک نوجوان آیا اور کہنے لگا ۔۔۔حکیم صاحب میری بیوی کے خیال میں میرے ساتھ کوئی خاص مسئلہ ہے،اس کا کہنا ہے کہ میں کمزور ہوں ۔۔۔مجھ میں مردانہ صفات نہیں ہیں ۔۔ میں یہ بات سن کر حیران رہ گیا، کیوں کہ اسے دیکھ کر مجھے ایسا کچھ نہیں لگا تھا۔عمر سے تیس کے پیٹے میں ہوگا۔۔۔اس کا معائنہ کیا تو اسے واقعی ایسا کوئی مرض لاحق نہ تھا کہ بیوی کے منہ سے ایسے الفاظ سننا پڑتے۔اس کے مطابق اس کے دو بچے تھے۔۔۔۔مجھے اس کا کیس کچھ سمجھ نہ آیا ،لیکن میں نے اپنی حکیمی کی دھاک بٹھانے کے لیئے کچھ نہ کچھ تو دواء کرنا ہی تھی،اس لیئے اسے جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ خمیرے اور شربت تھما دئیےاور ساتھ ہی وٹامنز کی کچھ گولیاں ۔۔اور پندرہ دن استعمال کرنے کے بعد پھر آنے کا کہا۔

Advertisements
julia rana solicitors

بعض اوقات مرد اپنے آپ کو گھریلو مسائل کی وجہ سے بھی بیمار سمجھنے لگتے ہیں اور پریشان نظر آتے ہیں۔کوئی بھی انسان اس وقت تک بوڑھا نہیں ہوتا جب تک وہ خود کو ذہنی طور پر بوڑھا تسلیم نہ کرلے۔بعض اوقات لوکل مسافر بسوں میں بکنے والا سستا لٹریچر بھی ایسے ذہنی خلفشار کا باعث بن جاتا ہے۔۔۔ایسے میں بہت سے جوان بھی کسی نہ کسی حکیم کے در پر دستک دے بیٹھتے ہیں ،جہاں مریض کی جیب کے مطابق اسے بیمار ی کی تفصیلات بیان کردی جاتی ہیں کیوں کہ 98فیصد حکیموں کی دکان انہی شعبدہ بازیوں کے مرہون منت قائم ہے۔
خیر وہ مریض پندرہ دن بعد واپس آیا۔۔۔ اور پہلے سے بھی کہیں بڑھ کر الجھا ہوا محسوس ہوا۔سوال کرنے پر معلوم ہوا کہ بیوی اب بات کرنے کو بھی تیار نہیں ۔۔۔اور الگ کمرے میں بستر لگائے ہوئے ہے۔
مجھے قطعاً یہ بات سمجھ نہ آرہی تھی کہ ایک صحت مند شوہر پر اس کی بیوی کیوں ذہنی تشدد کر رہی ہے۔۔انہی سوچوں میں غلطاں و پیچاں میں نے نوجوان کو اگلی بار بیوی کو ساتھ لانے کی تاکید کرتے ہوئے مزید پندرہ روز کی دوائی دے کر رخصت کردیا۔
پندرہ دن بعد دونوں میاں بیوی میرے سامنے بیٹھے تھے۔۔۔میں نے خاتون سے پوچھا کہ بی بی آپ کو اپنے شوہر سے کیا شکایت ہے ؟جبکہ وہ ایکدم صحتمند نوجوان ہے۔
خاتون بنا کسی لحاظ کہ یوں گویا ہوئی۔۔۔ حکیم صاحب ،انہیں مردانہ کمزوری ہے۔
میں اس کی بے باکی پر حیران رہ گیا۔۔۔اس کے شوہر نے شکوہ کناں نگاہ اس پر ڈالی اور پھر ملتجیانہ انداز میں میری طرف دیکھنے لگا۔۔
میں نے سارے لحاظ بالائے طاق رکھتے ہوئے دریافت کیا کہ بی بی تمھارے خیال میں مردانہ کمزوری کا مطلب کیا ہے؟
تو کہنے لگی۔۔۔۔۔حکیم صاحب!میرے ابا دیہات میں رہتے ہیں،زمینداری کرتے ہیں ،ہم دو بہنیں ہیں، انہوں نے ہمیں پیار سے کبھی دھی رانی سے کم بلایا ہی نہیں اور میرے شوہر مجھے نام لینا تو درکنار ہمیشہ گالی دے کر بلاتے ہیں،
کیا گالی دینا کوئی مردانہ صفت ہے حکیم صاحب ؟
مجھ سے کوئی غلطی ہوجائے تو یہ میرے پورے میکے کے بخیے ادھیڑ دیتے ہیں ۔۔۔آپ بتائیں کہ میری غلطی میں میری ماں ،بہن کا کیا قصور؟
کیا یہ بھی کوئی مردانہ صفت ہے؟
حکیم صاحب! میرے ابا مجھے شہزادی کہتے ہیں اور یہ حرام زادی۔۔۔۔ حکیم صاحب میرے خیال میں تو اصل مرد وہ ہوتا ہے جو کسی حرام زادی کو بھی عزت سے مخاطب کرے۔۔۔۔۔اب آپ بتائیے کیایہ مردانہ کمزوریوں کا شکار ہیں یا نہیں ؟؟
میرا سر شرم سے جھک گیا ۔۔۔۔ جبکہ اس کا شوہر آنکھیں پھاڑ ے اسے گھور رہا تھا۔۔۔اور ایکدم غصے سے چلایا کہ اگر یہی مسئلہ تھا تو تم مجھے گھر پر بھی بتا سکتی تھیں نا ؟؟ اتنے تماشے اور مجھے ذہنی اذیت میں مبتلہ کرنے کی کیا ضرورت تھی ؟
میں جو اتنے سالوں سے آپ کا یہ رویہ اور ذہنی تشدد برداشت کر رہی ہوں اس کے سامنے تو یہ کچھ بھی نہیں۔۔اور ہاں حکیم کے پاس آنے سے پہلے مجھے بتا دیتے تو اتنا پیسہ نہ برباد ہوتا ۔
کچھ دیر بعد دونوں چلے گئے ۔۔۔۔۔میں کافی دیر تک وہیں مطب کے پیچھے بنے کمرے میں سوچ بچار کرتا رہا،باہر نکلا تو میرا شاگرد مجھے دیکھتے ہی بولا
حکیم صاحب وہ میاں بیوی باہر نکلے تو میں پندرہ دن کی دوائی پیک کر کے دینے لگا ۔۔۔پر اس کی بیوی بڑی گھٹیا نکلی، اس نے دوائی میرے منہ پر ماری او ر کہنے لگی ۔۔ خود کھا لینا،اور اپنے اس نامرد لٹیرے حکیم کو کھلا دینا۔
میری زبان پر گالی آتے آتے رہ گئی۔۔۔کہ یکبارگی ذہن میں مردانہ کمزوری کا طعنہ کسی ہتھوڑے کی مانند برسا تھا۔
کیا میں بھی مردانہ کمزوری کا شکار ہوں ؟؟؟؟
خود سے کیے سوال نے مجھے اپنے آپ سے ہی نظریں ملانے کے قابل نہ چھوڑا تھا۔

Facebook Comments

عامر اشفاق
میں نعرہ مستانہ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 0 تبصرے برائے تحریر ”مردانہ کمزوری

  1. hats Off ! speechless ! mirdana kamzori ka ye pehlo hamri ankhon se ojhal tha…maaf kijaiy ga iss tareef ke mutabiq tou hmari 80% fesad abadi mirdana kazori ka shikar hy.

Leave a Reply to Dr Hassan Auj Cancel reply