سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے امیدواروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں ، نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر اس بات کا نوٹس لیں ۔ تمام توپوں کا رخ مسلم لیگ کی طرف ہے، ہمارے نمائندوں کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ہیں، جیپ کا نشان کس کا ہے ، عوام بہتر جانتی ہے ہمارے امیدواروں کو جیپ کے نشان سے الیکشن لڑنے پر مجبور کیا گیا ۔ لندن میں ہارلے سٹریٹ اسپتال آمد کے موقع پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارے انتخابی امیدوار کو بلا کر ڈرایا دھمکایا گیاہے،نگراں وزیراعظم اورچیف الیکشن کمشنرنوٹس لیں،ایسے اقدامات ملک کے لیے نقصان دہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے،تمام توپوں کا رخ مسلم لیگ کی طرف ہے۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں ہمارے امیدوار رانا اقبال سراج کو تھپڑ مارے گئے ہیں اوران کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندوں کی تذلیل کی جارہی ہے۔ہمارے نمائندوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندوں کو جیپ کے نشان پرالیکشن لڑنے پرمجبور کیا جارہا ہے۔ اگردھاندلی ہوئی توطوفان اٹھے گا، جس کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں