تتھاگت نظم..(23)بھیڑ سے یہ کہا تتھا گت نے (۲)

بھیڑ سے یہ کہا تتھا گت نے (۲)
………………….
بھِیڑ سے یہ کہا تتھا گت نے
جنس تو جسم کی ضرورت ہے
ہر کوئی چیز، وایُو، جل، بھوجن وایُو : ہوا
جسم کے واسطے ہے، تو سمجھو
جنس بھی ایک اہم عنصر ہے
پانی، کھانا، لباس سے پرہیز
گر ضروری نہیں، تو اے لوگو!
جنس کو کیوں تلانجلی دی جائے؟
جنس، لوگو، گنہ کا نام نہیں
حدّت و حرکت و حیات ہے جنس
جسم اور جنس کے تعلق سے
نسل در نسل چلتا ہے جیون!
جسم اور جنس کا بہم رشتہ
باہمی امن سے عبارت ہے
روح کی فوقیت مسّلم ہے
جسم ، لیکن، وہ گھر ہے جس کا مکیں
چاہتا ہے کہ گھر میں امن رہے
بھیڑ سے یہ کہا تتھا گت نے
عمر بھر جنس کو دبانے سے
روح کمزور ہوتی جاتی ہے!!
……………………………………..

Facebook Comments

ستیہ پال آنند
شاعر، مصنف اور دھرتی کا سچا بیٹا

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply