اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اہم علاقائی و حریف طاقتوں میں اختلافات مشرق وسطیٰ کو بڑے تنازع میں دھکیل سکتا ہے۔ سلامتی کونسل میں مشرق وسطی اور شمالی افریقہ پر بحث کے دوران پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے خطاب کے دوران کہا کہ علاقائی کشیدگی اور بڑی طاقتوں کی سیاست سے مشرق وسطیٰ کا تنازعہ پھیل سکتا ہے جہاں کثیر الجہتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ یک طرفہ اقدامات اور غلط اندازے خطے کے عوام کے لیے مشکلات ہی لاتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا ہے۔ فلسطین کے معاملے پر دو ریاستی حل کو عالمی برادری کے سامنے روندا جارہا ہے اور سلامتی کونسل کے ایکشن نہ لینے سے صورتحال بدتر ہوئی۔ مشرق وسطیٰ میں امن کا راستہ مسئلہ فلسطین کے حل میں ہے، یمن میں 22 ملین افراد کو درپیش صورتحال مسئلے کے سیاسی حل کا تقاضہ کرتی ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں