ماسکو: کئی جانیں نگلنے والے بلیو وہیل گیم کا ماسٹر مائنڈ بالآخر قانون کے شکنجے میں آہی گیا۔ روس کی پولیس نے سفاک ملزم کو گرفتار کرکے تصاویر اور شناخت جاری کردی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نکیتا نیرونوو نامی سفاک ملزم کو ایک سال قبل ہی گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم اس کی گرفتاری اور شناخت کو اب ظاہر کیا گیا ہے۔
روس کی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اب تک اپنے جرم کا اعتراف نہیں کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میں نے صرف ان لڑکیوں کی مدد کی جو اس دنیا سے ناامید ہوچکی تھیں۔
22 سالہ ملزم کا کہنا مزید ہے کہ نوجوان لڑکے لڑکیاں بدکار ہوتے ہیں جبکہ ماسکو کی مقامی پولیس ملزم سے 10 کم عمر لڑکیوں کو موت کے لئے اکسانے کی تحقیقات کررہی ہے۔
ماسکو پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نکیتا نیرونوو ماسکو کے نواحی علاقے کا رہائشی ہے اور وہ اس گیم کو اپنے گھر سے بیٹھ کر ہی آپریٹ کرتا تھا۔
ملزم سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے ذریعے لوگوں سے رابطے کرتا تھا اور انہیں گمراہ کرکے ان کی ذہن سازی کرتا تھا جس کے بعد اس سے رابطہ کرنے والے افراد خود کشی کرلیا کرتے تھے۔
مقامی پولیس نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نکیتا نیرونوو کا تعلق ایک اچھے گھرانے سے ہے وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اچھی تنخواہ پر بحیثیت مالی تجزیہ کار اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں