یمن وار اور ورلڈکپ۔ بنت الہدیٰ۔

دن چڑھتے ہی سورج کی کرنوں میں دوڑ لگاتے ہوئے میدان میں فٹ بال کھیلتے بچے اپنی کاروائی میں مصروف تھے۔۔
یہ ننھے چیمپئن سخت گرمی میں بھی چہرے پر جھلملاتی ہوئی چمک دل میں معصومیت سمیٹے لبوں پر مسکان سجائے ، ننھے ننھے قدم اٹھا کر گیند کو آگے کی طرف بڑھاتے ہوئے اور اپنے مقابل سے بچتے بچاتے گول کے قریب پہنچے ہی تھے کہ اک شور سا مچ گیا ۔ یوں جیسے انہیں چئیر اپ کرنے کے لئے لوگ اپنی جگہ سے اٹھ اٹھ کر پکار رہے ہوں۔
بچے اس ہنگامے اور افراتفری میں اپنی تمام تر توجہ گیند پر ہی مرکوز رکھے ہوئے تھے کہ کہیں ان کی سماعتیں انہیں دھوکہ نہ دے جائیں اور وہ اپنے ہدف سے دور نہ ہوجائیں آخر مقابل ٹیم بھی تاک میں تھی کہ موقع ملتے ہی گیند کو ہدف سے دور اچھال دے۔
ننھے کھلاڑی نے آوازوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پوری توجہ کے ساتھ گیند کو ہدف کی طرف اچھالا۔۔۔۔
اور یہ ہوا ایک گول۔۔۔!!!
نشانہ بالکل صحیح مقام پر داغا گیا۔۔۔
فضا میں پرواز کرتے جنگی طیارے نے پھر ایک میدان چت کردیا۔
ایک کلسٹر بم اور ایک گول۔۔!

Facebook Comments

بنت الہدی
کراچی سے تعلق ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply