سب کو عید مبارک سوائے۔۔۔

آپ تمام بھائیوں اور بہنوں کو عید مبارک۔ رکیے ایک منٹ۔ معذرت چاہتا ہوں میری بس ایک ہی بہن ہے لہذا فقط عید مبارک۔

ٹھہریے۔ آپ نے تو کل عید کر لی تھی ناں؟  یہ پوپلزئی کی مقلد عوام بھی ناں بس امت کی تفسیم کا باعث ہے۔ ان کو ہٹا کر امت الحمد للہ اتفاق و اتحاد کی مظہر ہے۔ بس آپ اور آپ کے ساتھیوں کو چھوڑ کر باقیوں کو عید مبارک۔

سیاہ کرتا؟ آپ شیعہ ہیں؟ ارے آپ کو تو کافر نہ ماننے والوں کو بھی ہم کافر مانتے ہیں، آپ کا عید سے کیا کام۔ آپ بیچ میں سے ہٹ جائیے۔ آپ اور آپ کے قبیل کے علاوہ تمام امت کو عید مبارک۔ 

یہ کیا؟ آپ عید والے دن بھی نعتیں پڑھ رہے ہیں؟ بریلوی ہیں ناں؟ آپ کی عید تو خادم حسین رضوی کے ساتھ بنتی ہے۔ یار کچھ تو شرم کیا کرو۔ اتنی گالیاں دیتے ہو تم لوگ۔ دیکھو مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں۔ لیکن تم لوگ تو ہو ہی بدعتی۔ مسلمان کہاں۔ معذرت، میں اپنی مبارکباد واپس لیتا ہوں۔ آپ کے علاوہ سب کو عید مبارک۔ 

آپ پنجابی ہیں؟ جناب آپ کی وجہ سے میرے گھر میں بھنڈی خراب آتی ہے اور دودھ پھٹ جاتا ہے۔ کیوں میرا استحصال کرتے ہو؟ سارا ملک آپ لوگ کھاجاتے ہیں یار۔ یقین کریں آپ لوگ نہ ہوتے تو اسلام کی اس تجربہ گاہ میں یگانگت و اخوت رہتی۔ آپ بھی ایک جانب ہوجائیے۔ آپ کے علاوہ سب کو عید مبارک۔ 

آپ کون؟ پشتون؟ یقیناً پشتین آپ کا محبوب ہوگا۔ آپ نے بھی نعرہ مارا تھا ناں وہ دہشتگردی کے پیچھے وردی والا؟ بھائی جو ملک کی فوج پہ تنقید کرے میں اسے پاکستانی تو کیا مسلمان بلکہ انسان بھی نہیں مانتا۔ پھر کون سی عید مبارک؟ واپس کرو میری مبارکباد۔ بھاڑ چولہے میں جاؤ بھاگو یہاں سے۔ تمہیں چھوڑ کر باقی تمام لوگوں کو عید مبارک۔ 

بھائی آپ کی ٹائم لائن پر کل عمران خان پہ تنقید دیکھی۔ دیکھیے آپ بات سمجھتے کیوں نہیں۔ اس ملک کا مسیحا صرف اور صرف عمران خان ہے۔ مجھے نہیں پسند کہ کوئی خان صاحب کو ایک لفظ بھی غلط کہے۔ کیا کہا؟ تنقید؟ مت کریں تنقید۔ ایسا کرنے سے آپ بالکل پٹواری لگتے ہیں۔ بلکہ لگتے کیا، مجھے تو یقین ہے آپ ہیں ہی پٹواری۔ بس تقیہ کیے بیٹھے ہیں۔ آپ تو لعنت کے مستحق ہیں اور میں آپ کو عید کی مبارکباد دے رہا ہوں۔ کیسا احمق آدمی ہوں میں بھی۔ تم پٹواریوں کو چھوڑ کر باقی سب کو عید مبارک۔ 

ارے اتنی خاموشی؟ یہ کوئی مبارکباد کا جواب کیوں نہیں دے رہا؟ لگتا ہے پیچھے کوئی بچا ہی نہیں۔ کیسے کیسے عجیب لوگ ہوتے ہیں۔ مبارکباد کا جواب بھی نہیں دیتے۔ 

Advertisements
julia rana solicitors london

Facebook Comments

معاذ بن محمود
انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاست اور سیاحت کا انوکھا امتزاج۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply