• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • گیس پیپر برائےانتخابات 2018 مضمون: پاکستان تحریک انصاف ۔۔مجاہدافضل

گیس پیپر برائےانتخابات 2018 مضمون: پاکستان تحریک انصاف ۔۔مجاہدافضل

ہم پہلےبھی کئی برسوں سے سیاست کے طالب علموں کو سیاسی مشکل سوالات کے آسان جوابات مہیا کرتے رہے ہیں تاکہ وہ اور ان کے لیڈرز مختلف سوشل میڈیا گروپوں کو واضح اور مفصل جواب دے سکیں ۔آج صرف کچھ چیدہ چیدہ مگر اہم سوالات و جوابات ،جن کے جوابات دینے میں پی ٹی آئی کے کارکنان و لیڈران مکمّل طورپر ناکام رہے ہیں ،مندرجہ ذیل ہیں.۔

سوال نمبر 1 : کیا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بائیس برسوں میں دو چار سو امیدوار بھی ایسے پیدا نہیں کر سکے جن کو پارٹی کا ٹکٹ بلا خوف وخطر دے سکیں ؟
جواب : عمران خان نے بائیس سال میں ہزاروں نوجوان اور لیڈر تیار کیےہیں ،مگر یہ الیکشن اور ہماری جنگ چوروں کے ساتھ ہے ۔ جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ چور ،چور کو بہتر پہچانتا ہے ،ہمارے پاس جو چور لوگ ہیں اور جن پر اعتراض کیا جا رہا ہے ان کا کام صرف مخالف پارٹیوں کے چوروں کی پہچان کروانا ہے ۔مثال کے طور پر ایک بندوق ڈاکو کے پاس ہوتی ہے جو صرف دوسروں کو ڈرانے اور نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے ،مگر ایک پولیس والے کے پاس بھی ویسی ہی بندوق ہوتی ہے ،اس کا کام انہی ڈاکووں سے حفاظت کرنا اور لوگوں کا امن و امان قائم رکھنا ہوتا ہے ،حقیقی معنوں میں سارے کام ہمارے وہی نوجوان کریں گے جو ہماری شب و روز محنت کا حاصل ہیں ۔

سوال نمبر2 : پاکستان تحریک انصاف پانچ سالوں میں پانچ ہزار نوکریاں نہیں پیدا کر سکی، ایک کروڑ نوکریوں کے مواقع کس طرح سے پیدا کریں گے ؟
جواب : سب سے پہلی بات یہ ہے کہ اس وقت ہمارا منشور نوکریوں سے زیادہ ضروری معاملات جیسا کہ دہشتگردی اور کرپشن کا گند صاف کرنا تھا ۔ یہ سارے کا سارا خیبرپختونخواہ پاکستان میں پھیلایا گیا تھا ،جو کہ خیبرپختونخواہ میں صاف کر دیاگیا ہے ۔ مثال کے طور پر بڑا میچ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ بھی بڑا ہونا چاہیے،ابھی پانچ سال لگا کر ہم نے بڑے میچ کے لیے صاف شفاف اور بہتر صوبہ تیار کیا ہے ،مستقبل میں آپ انشااللہ دیکھیں گے کہ کیسے ہم بڑے میچز کھیلتے ہیں اور ایک کروڑ نوکریوں کا سفر خیبرپختونخواہ سے شروع ہوکر پورے ملک میں کیسے پھیلتا ہے ۔

سوال نمبر3 :ریحام خان کو پہلے پی ٹی آئی والے بھابی اور مادر ملت جیسے القابات سے یاد کرتے تھے ،اب بازاری عورت کہتے ہوئے بھی عار محسوس نہیں کرتے ،منافقانہ سوچ نہیں ہے ؟
جواب : یہ سوال بہت پیچیدہ مگر اس کا جواب بہت سیدھا ہے،آپ کو ایک مثال سے واضح طور پر سمجھائے دیتے ہیں ،نواز شریف کو 2017 میں سارے وزیراعظم سمجھتے اور کہتے تھے ،2018 میں نواز شریف کو سب کرپٹ اور چور کہتے ہیں ،کل کون سا انسان کیا کر بیٹھے گا ،اس کے مطابق ہی اسکو دنیا یاد کرے گی ۔باقی ساری بات آپ خود سمجھ گئے ہوں گے ۔

سوال نمبر4 :پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹس میرٹ پر نہیں دیے گئے،آپ اس کے بارے میں کیا رائے دیں گے ؟
جواب :پاکستان تحریک انصاف ایک نظریاتی جماعت ہے ، کوئی ٹکٹ بھی میرٹ کو بائی پاس کر کےنہیں دیا گیا ،بلکہ اس وقت جن لوگوں کی پاکستان اور پارٹی کی ضرورت ہےان کو آگے لایا گیا ہے ۔ میں پہلے بھی بتا چکا ہوں،ہمارے جو اصل لوگ ہیں وہیں اپنی جگہوں پر برقرار رہیں گے ،ان کی ذمہ داریاں ان چوروں کو کچھ چوروں کے ذریعہ پکڑ لینے کے بعد شروع ہوں گی ۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سوال نمبر 5 :عمران خان کو ان کے خاندان والے تک نہیں مانتے ،ان کے بھائی ان کے سخت مخالف ہیں ،ریحام خان تو یہاں تک بھی کہتی ہیں کہ ان کی بہنیں ان سے بہت زیادہ خفا ہیں ،اس کی کیا وجہ بتائیں گے ؟
جواب : یہ بہت ضروری اور بہت زیادہ دفعہ پوچھا جانے والا سوال بھی ہے ،عام طور پر زندگی میں آپ تھوڑا سا کامیاب ہو کر دکھاد یں ،سب سے پہلے آپ کے اپنے رشتے دار ناراض ہو جائیں گے ،آپ کو ماننے سے انکار کر دیں گے ،آپ کی کامیابی کو کسی سفارش اور روپے پیسے کا شاخسانہ قرار دیں گے ،نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مثال آپ کے سامنے ہے ۔ابو لہب جیسے لوگ جو آپ کے قبیلے سے تعلق رکھتے تھے،اللہ کی دعوت کااعلان کرنے پر آپ کے مخالف ہوگئے،جب کہ وہ دعوت اس دنیا کی سب سے اچھی اور سچی دعوت تھی تو پھر عمران خان جیسے ناچیز کی کیا اوقات ہے ۔؟
نوٹ : سیاسی سوال و جوابات کا سلسلہ آنے والے آنے والے دنوں میں جاری رہے گا ،باقی تمام سیاسی مضامین کا بھی احاطہ کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی ۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور لیڈران ان سوالات کو بمع جوابات اچھی طرح سے یاد کر لیں تاکہ سوشل میڈیا اور بی بی سی پر مفت کی ہزیمت نہ اٹھانی پڑے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply