سب الٹا ہے۔۔۔ مبشر علی زیدی

وزیراعظم جسٹس ثاقب نثار نے لاہور میں ایک کمہار کی دکان کا دورہ کیا اور چکنے گھڑوں کی عدم دستیابی پر برہمی ظاہر کی۔ انھوں نے کمہار کے چاک کا معائنہ کیا اور اسے معیار کے مطابق نہ پاکر پانچ ہزار روپے جرمانے کی پرچی لکھی۔ وزیراعظم جسٹس ثاقب نثار نے فارغ بیٹھے کمہار کے گدھے کی سرزنش بھی کی۔
میاں نواز شریف نے دلوں کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ اس موقع پر انھوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ ن کی آئندہ حکومت فیس بک سے ٹوئیٹر تک نئی موٹروے اور واٹس ایپ پر پانچ ہزار میگاواٹ کے بجلی گھر بنائے گی۔ مریم نواز نے الیکشن کے بعد تمام کپتانوں کا احتساب کرنے کا اعلان کیا۔
چیف جسٹس عمران خان نے جیکب آباد میں زیادہ گرمی پڑنے کے مقدمے میں میاں نواز شریف کو عمر قید اور ایک ہزار ارب روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کے گرماگرم بیانات کی وجہ سے جیکب آباد سمیت پوری دنیا گلوبل وارمنگ کا شکار ہورہی ہے۔ انھوں نے امریکا اور شمالی کوریا کے مذاکرات منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ٹرمپ اور کم جونگ ان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
ممتاز پراپرٹی ڈیلر آصف زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے اسپین کے بادشاہ کے محل کا سودا سعودی عرب کے شہزادہ محمد سے اور نیویارک کے ٹرمپ ٹاور کا سودا چین کے قبلائی خان سے کروادیا ہے۔ فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ بکنگھم پیلس کے لیے روس اور تاج محل کے لیے فرانس سے بات چیت چل رہی ہے۔ انھوں نے مستقبل قریب میں دبئی کی زمین کی قیمت گرنے اور قطر کی پراپرٹی کا نرخ بڑھنے کی پیش گوئی بھی کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف ملک ریاض نے آئی ایس پی آر میں پریس کانفرنس کی اور قومی میڈیا کو ڈی ایچ اے کے نئے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کو جلد آزاد کرواکے وہاں بھی ڈی ایچ اے بنایا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کو بریگیڈیئر کے ہاتھ کی بنی ہوئی چائے اور میجر جنرل کے ہاتھ کے بنے ہوئے سموسے پیش کیے گئے۔
جنرل قمر جاوید باوجوہ نے جیونیوز کے ڈائریکٹر نیوز کی حیثیت سے انتظام سنبھال لیا۔ پہلی بلیٹن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ نیوزروم میں ملک دشمنوں کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے رپورٹر کو چینل کی پالیسی سے آگاہ کیا اور قلم اور کیمرے کو کم سے کم زحمت دینے کی تلقین کی۔

Facebook Comments

مبشر علی زیدی
سنجیدہ چہرے اور شرارتی آنکھوں والے مبشر زیدی سو لفظوں میں کتاب کا علم سمو دینے کا ہنر جانتے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”سب الٹا ہے۔۔۔ مبشر علی زیدی

  1. مبشر زیدی نے اس کالم میں طنز کے نشتر سے قوم کے بدن سے پیپ نکال کر چوراہے پر لاکھڑا کیا ہے۔
    اللہ تعالی ان کے قلم میں برکت ڈالے

Leave a Reply