سیاہ تتلی۔۔۔مریم مجید ڈار

وہ چار سال کی تھی جب اسے ماں سے پہلا تھپڑ پڑا ۔ وہ کچھ دیر روئی، سنبھل گئی! سرخ گال بھی کچھ دیر بعد اپنی اصل رنگت میں آ گیا۔
تکلیف رفع ہو گئی، نفرت اس بچی کے گال سے دل میں اتر گئی۔۔
منظر بدلتا ہے! بچی ایک اندھیرے سٹور میں خوفزدہ بیٹھی ہے، گالوں پر سوکھ چکے آنسووں کے نشان ہیں۔ وہ اپنے کمزور گھٹنوں کو بانہوں میں سمیٹے اپنے باپ کی منتظر ہے کہ وہ آئے گا اور اسے سٹور میں بند کئیے جانے کی سزا سے نجات دلائے گا!
اس نے غلطی سے ماں کا قیمتی چینی دان توڑ دیا تھا۔ اس کے وجود میں بھی کچھ ٹوٹا تھا
کیا؟؟ شاید بھروسہ؟؟ شاید اعتماد!؟؟
نہیں!! اس کا ماں سے جذباتی واسطہ ٹوٹ گیا تھا۔  ۔ چپلوں کے سرخ نشان اس کی کمر پر اس رشتے کی موت کا کتبہ تھے۔۔
وقت مزید آگے کو بھاگا!!
بچی نے اپنا یونیفارم دھونا، استری کرنا اور بال باندھنا سیکھ لیے ہیں۔ اب وہ سکول جاتی ہے اوراس نے دوست بنائے ہیں۔
اس کے ٹیچرز اس سے خوش ہیں۔۔۔ وہ جو اپنے گھر کی معطون ترین ہستی ہے وہ سکول کی شائیننگ سٹار ہے!
اس کی مس اسے “مائی ڈانسنگ بٹر فلائی” کہتی ہیں اور ڈانسنگ بٹرفلائی کے پروں میں انوکھے رنگ بھرتے چلے جاتے ہیں۔۔
“کل میرے سکول میں اینول رزلٹ فنکشن ہے، سب کے پیرنٹس آئیں گے، آپ نے بھی آنا ہے” ۔ وہ اپنے ماں باپ سے کہہ رہی ہے۔
“میرے پاس اتنا فالتو وقت نہیں ان چونچلوں کے لئے” ماں جواب دیتی ہے۔۔وہ آس بھری نظروں سے باپ کو تکتی ہے “ابو”؟؟؟ ” بیٹا میری تو کل ضروری میٹنگ ہے” ۔۔بچی اپنی امید اور جوش اس کمرے کے دروازے میں رکھ کر پلٹ آتی ہے۔۔۔۔
اگلے دن سکول میں وہ اپنی فرسٹ پوزیشن کی ٹرافی اور انعام خود وصول کرتی ہے اور اس ہال میں اپنا رزلٹ خود وصول کرنے والی وہ تنہا بچی ہے۔ گھر واپس آ کر وہ اپنا رزلٹ اور سنہری ٹرافی پلنگ کے نیچے رکھے ایک خالی گتے کے کارٹن میں ڈال دیتی ہے۔۔
اس کارٹن میں اس کی زندگی کے ادوار، اس کی امیدیں اور  جذباتی وابستگیاں پڑی ہیں۔
وقت کا پہیہ گھومتا رہا، گھومتا رہا!!
اس نے توقعات چھوڑ دیں ہیں، وہ جذبات چھپانے میں ماہر ہو چکی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس نے اپنے باطن میں ایک ایسا جہنم بھڑکا لیا ہے جہاں ہر خوش گمانی، رشتوں کی لطافت اور توقعات بھڑ بھڑ جلتی ہیں۔۔وہ بچی نوجوان لڑکی بن چکی ہے۔
خوبصورت، دلکش !! مگر زہریلی!! ۔۔
سکول جانے والے قدم اب کالج کی راہ پر چل پڑے ہیں اور بغاوت اور لاتعلقی اس کے چہرے پر نارنجی آگ بن کر بھڑکتی ہے!!
چھوٹی چھوٹی باتوں پر دھنک کر رکھ دینے والی لاپرواہ ماں اس کی اٹھان اور تیور دیکھ کر ہڑبڑا جاتی ہے ۔ تشدد نے اب دوسرا روپ اختیار کر لیا ہے اور اب اس کی چال ڈھال اور رویے کو “جوانی” کے طعنوں اور “حسن پر ناز” کے ترازو میں تولنے کا آغاز ہوتا ہے!
ماں کو بچپن سے روا رکھا جانے والا بے رحمی کی حد تک لاتعلق سلوک جانے کیسے بھول گیا؟؟
مگر!! اسے نہیں بھولا!!
وہ ڈانسنگ بٹر فلائی اب کالج کی ڈرامہ سوسائٹی اور میگزین کی صدر ہے۔ وہ  تقریریں کرتی ہے، ڈرامے لکھتی ہے، آرٹ اور ڈرائینگ کے مقابلوں میں کالج کا نام روشن کرتی ہے۔وہ لڑکی!! جس کا اندر صرف سیاہ ہے!! وہاں ماں کی بے حسی اور لاتعلقی کا اندھیرا ہے اور وہ گھنٹوں اس بات پر کڑھتی ہے کہ آخر اس کا باپ یہ سب ابنارمل ماحول دیکھ کر بھی خاموش کیوں رہتا ہے؟؟؟وہ حیران ہوتی ہے کہ لوگ اس میں رنگ کیسے دیکھتے ہیں؟؟  جبکہ اسے ہمیشہ سے سیاہ کہا گیا، سیاہ سمجھا اور سیاہ بنایا گیا۔۔
وہ چہکتی اور کھلکھلاتی لڑکی گھر کی دہلیز پہ قدم دھرتے ہی سردمہر، سپاٹ اور بے حس بت میں بدل جاتی ہے۔ اس کی پناہ گاہ اس کا کمرہ اور کتابیں ہیں۔۔کتابیں!! جن میں ایک مثالی خاندان ہے اور ماں کی گرم جوش آغوش ہے! محبت کے مظاہرے ہیں۔۔”اور پھر سب ہنسی خوشی رہنے لگے” کے الفاظ پر وہ بار بار ہاتھ پھیرتی ہے اور آہستہ آہستہ اس نے ان مناظر میں، خوش باش اور پر محبت خاندانی کہانیوں میں خود کو تصور کرنا شروع کر دیا ہے!
یہ ذہنی فرار اسے ان وقتوں میں بے حد مدد دیتا ہے جب اسکی ماں اس پر چیختے چلاتے ہوئے اس کے بخئیے ادھیڑتے ہوئے اسے “ڈھیٹ، بدبخت اور لعنتی” کہتی ہے۔۔۔وہ اپنے تصوراتی قلعے میں اپنی مہربان تصوراتی ماں کی بانہوں میں سمٹ کر خود کو بچا لیتی ہے۔۔
وہ دہری زندگی جی رہی ہے!!!۔

وقت کو کون روک سکا ہے؟؟ وقت تو بڑھتا رہا، آگے  کو چلتا رہا۔۔ نفرت میں اضافہ ہوتا رہا، لاتعلقی بڑھتی رہی، گھر کی فضا جہنم تھی، جہنم ہی رہی!!
یہاں تک کہ وہ دن آن پہنچا جب اسے گھر چھوڑ کر ہاسٹل جانا ہے!
وہ اس قدر خوش ہے کہ ایک ہفتہ پہلے ہی اپنا سارا سامان تیار کر چکی ہے۔ “بالاخر وہ اس دم گھونٹتے ماحول سے نکل  جائے گی۔۔
اور پھر وہ نکل بھی گئی۔۔۔
اب یونیورسٹی کی دنیا ہے!! نئی دوستیاں ہیں۔ نئی کامیابیاں!! مگر روح تو وہی پرانی ہے !!
اس کارٹن میں اب کئی ٹرافیاں ہیں، کئی اسناد، رزلٹ کارڈز ہیں اور سب سے نیچے وہ امید اور ماں سے ٹوٹا ہوا تعلق پڑا ہے جسے وہ دفن کرنا بھول گئیہے۔۔وہ قیمتی جاپانی گڑیا بھی وہیں پڑی ہے جسکے بال سیاہ اور لباس سرخ ریشم کا ہے، اور اس کے ہاتھ میں ایک گٹار ہے ۔ وہ گانے والی گڑیا جس کے ٹوٹنے پر اس قدر بے رحمی سے اس کے بال نوچے گئے تھے کہ دنوں جڑیں دکھتی رہی تھیں۔۔
اب وہ کچھ بدل گئی ہے۔!! سمسٹر کے اختتام پر ملنے والے رزلٹ کی تصویر وہ ابا کو “پاس ہو گئی ہوں ” کے ٹیکسٹ کے ساتھ واٹس ایپ کر دیتی ہے۔  اور جواب کی توقع بھی نہیں رکھتی۔ حالانکہ ابا بیچارے!! وہ جواب بھی دے دیتے ہیں اور فون بھی کر لیتے ہیں!۔
دن گزر رہے ہیں، مہینوں اور پھر سالوں میں ڈھل رہے ہیں۔ ہاسٹل اور یونیورسٹی کی دنیا سے بھی نکلنے کا وقت آن پہنچا ہے!!
وہ اپنا فائنل رزلٹ تھامے، ایک ہاتھ سے ہینڈ کیری گھسیٹتی  اسی دنیا میں لوٹ رہی ہے جہاں اسے زندہ رہنے کے لئے ایک تصوراتی دنیا بسانی پڑی تھی۔ ! جہاں اسے ایک باغی، نافرمان اور لعنتی سمجھا گیا۔ جہاں اس کا بچپن خود پسند رویوں نے چھین لیا! کوئی یہ راز نہیں جانتا! وہ بہت پہلے سے بوڑھی ہو چکی ہے۔ صدیوں کے زہر بھرے تلخ تجربوں کے گھونٹ اس نے دس سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے ہی پی لیے تھے۔
خود انحصاری نے اسے رشتوں کے بھرم ، انکی ضرورت اور موجودگی کی اہمیت سے ناواقف کر دیا ہے۔ اسے جذباتی سہاروں کی عادت نہیں رہی!!
وہ رشتے بنانے سے متنفر ہو چکی ہے !! اتنی کہ اپنی طرف بڑھنے والے قدموں کو نفرت سے دھتکار دینا اس کے لیے  معمولی بات ہے!

اور اب عمر کے اس مقام پر، کہ جب اس کا دامن بے توجہی کے،  خونی رشتوں کی بے حسی، ذہنی لاتعلقی، جذباتی استحصال کے سلگتے انگاروں سے بھر چکا ہے۔ رشتوں ، محبتوں اور بھروسے سے اعتماد اٹھ چکا ہے، وہ چوکنی بلی کی مانند ہر میٹھے محبت بھرے جملے پر بھڑک اٹھتی ہے اور اپنی پناہ گاہ کے محفوظ اندھیروں میں جا چھپتی ہے ۔اس دہری شخصیت اور شدید نفسیاتی ٹوٹ پھوٹ کی شکار لڑکی سے اس کی ماں چاہتی ہے کہ وہ شادی کر لے۔۔
وہ عورت جس نے ہمیشہ شوہر اور بیوی کے رشتے کی بدترین تصویر اپنے بچوں کو دکھائی، وہ چاہتی ہے کہ اس کی بیٹی ایک اچھی بیوی بنے۔
وہ عورت جس کی بیٹی نے اپنی الٹی سیدھی پونی بنانے سے یونیورسٹی کی ڈگری وصول کرنے تک اپنا ہر کام خود کیا ہے۔ ہر موقع  پر جذباتی تنہائی کو سہنا سیکھا ہے ، ہاسٹل کی بالکونیوں میں دیر رات تک ٹہلتے ہوئے ہواؤں  کو دکھ سنائے ہیں، بلیوں سے خوشیاں بانٹی ہیں ، وہ اب چاہتی ہے کہ اس کی بیٹی اس کی گود میں سر رکھ کر اپنا حال اسے سنائے۔ وہ اس بات پر الجھتی ہے کہ آخر ایک جوان لڑکی زندگی کے رنگوں سے اس قدر بیزار کیوں ہے کہ ساری عمر کی تنہائی کو ترجیح دے چکی ہے؟؟

وہ ماں نہیں جانتی!! اس کی بیٹی نے ایک اور نفسیاتی نسل پیدا کرنے سے بہتر جانا کہ وہ ساری عمر تنہا رہے!
وہ لڑکی! وہ سیاہ تتلی !! اپنا تنہا وجود سیاہ لفظوں کے کفن میں لپیٹے اور اپنا نوحہ آپ پڑھتی بدروح بس ایک پیغام دینا چاہتی ہے!
وہ بس یہ کہنا چاہتی ہے کہ بے حسی قتل سے بھی بڑا جرم ہے!
اس کا کہنا ہے کہ اولاد وہ بیج ہے جس سے زہریلے کانٹوں والی جھاڑیاں بھی اگائی جا سکتی ہیں اور لہلاتے خوشبودار اور دلکش پھول بھی!!
وہ آپ سب سے ہاتھ جوڑ کر کہتی ہے، خدارا!! اولاد کا جذباتی استحصال نہ کرو!  اسے اپنی ذات کا قیدی نہ بناؤ!
اسے اس حد تک تنہا نہ کرو کہ وہ آپ کے بغیر جینے کا ہنر سیکھ لے!! پرندوں کو اڑ ہی جانا ہوتا ہے مگر! انہیں اڑان بھرنے سے پہلے ہی گھونسلے سے مت دھکیلو!!
برائے خدا! نفسیاتی مریض پروان نہ چڑھاؤ!
تتلیوں کے گلابی، نیلے اور سنہری پروں کو بے رحمانہ غفلت سے سیاہ مت بناؤ۔۔۔۔
اولاد ذمہ داری ہے! اسے اپنی اور دوسروں کی آزمائش بننے سے بچائیے! تا کہ سیاہ تتلی کے پروں میں امید کا سنہری دھبہ جنم لے سکے!!

Advertisements
julia rana solicitors

(جذباتی استحصال کے شکار ہر بچے کے نام)

Facebook Comments

مریم مجید
احساس کے موتیوں میں تحریر کا دھاگہ پرو کر مالا بناتی ہوئی ایک معصوم لڑکی

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”سیاہ تتلی۔۔۔مریم مجید ڈار

Leave a Reply to روبینہ فیصل Cancel reply