مظہر کلیم مر گیا۔۔۔ فاروق احمد

ماتم یہ بھی ہے کہ آج کی نسل (جی ہاں آج کی نسل) ابنِ صفی کے علی عمران ، جولیا فٹزواٹر، اور ایکسٹو سے یاد اللہ رکھتی ہے تو مظہر کلیم کی عمران سیریز کے طفیل ۔۔۔ مجھے مظہر کلیم کی عمران سیریز کبھی پسند نہ آئی ۔۔۔ پوری کوشش کے باوجود بھی مظہر کلیم کی عمران سیریز کا ایک صفحہ کبھی پورا نہ پڑھ پایا ۔۔۔ مجھے اس کا ذائقہ اس طرح زبان پر جم نہ پایا جیسے وہسکی کے شوقین کو رم کا جیسا کہ منٹو نے ایک جگہ لکھا تھا ۔۔۔ ان کا اندازِ تحریر ذہن پر ہمیشہ ایک نقشِ بدنما چھوڑ جاتا تھا ۔۔۔ لیکن اس تمامتر بدذوقی کے باوجود میں یہ اعتراف کرنے پر خود کو مجبور پاتا ہوں کہ مظہر کلیم نے عمران سیریز کو اسی طرح زندہ رکھا جیسے عرب دانشوروں نے یونانی علم و ادب کے بیش بہا خزینے کو سات سو برس سنبھالے رکھا تاقتیکہ یورپی نشاۃ ثانیہ نے اس میں زندگی کی لو بھڑکا دی ۔۔۔ المیہ کہہ لیجئے یا ستم ظریفی لیکن سچ تو یہ ہے کہ اگر مظہر کلیم ، ابنِ صفی کے کرداروں پر جیسے تیسے لکھتے نہ رہتے تو شاید جتنے جانتے ہیں اس کے آدھے بھی عمران سیریز کے نام سے بھی واقف نہ ہوتے ۔۔۔ ۔۔۔ paradox یہ بھی تو ہے کہ ابنِ صفی کے دورِ حاضر کے نامور محققین نے ابنِ صفی کے کرداروں سے آشنائی حاصل کی تو مظہر کلیم کے وسیلے اور توسط سے ۔۔۔ اب اور کیا کہوں ۔۔۔ سوال یہ ہے کہ ابنِ صفی کے چاہنے والوں اور غلامانِ ابنِ صفی نے علی عمران ایم ایس سی پی ایچ ڈی آکسن، چھ بوتلیں یومیہ والے جوزف مگونڈا ، ثریا ، اماں بی ، رحمان صاحب ، منہ چڑھے سلیمان ، سر سلطان ، صفدر ، بلیک زیرو ، چوہان ، صدیقی ، ظفرالملک ، جیمسن عرف جیمبو جھینگے کو زندہ و پائندہ رکھنے میں وہ کردار ادا نہیں کیا جو ایک اکیلے اور مطعون مظہر کلیم نے ادا کیا ۔۔۔ مظہر کلیم مر گیا ۔۔۔ اب آگے دیکھیے گا کہ محکمہ خارجہ کے ادارۂ کارِ خاص کے کرتا دھرتا علی عمران کی تقدس مآبی کے علمبردار، ٹھیکیدار، جن میں یہ راقم بھی اپنے تئیں شامل ہے، کس طرح عمران سیریز کو آئندہ نسلوں تک منتقل کر پاتے ہیں ۔۔۔ اب ددیکھنا یہ بھی ہے کہ وہ جو ایک استہزایہ ہنسی اور طنزیہ زیرِ لب مسکراہٹ کے ساتھ یہ کہتے ہیں کہ ’’ نہیں نہیں ابن صفی کی عمران سیریز اور ابنِ صفی کے نام کو موجودہ نسل تک پہنچانے میں مظہر کلیم کے ہونے یا نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا تھا ‘‘ ، تو اب وہ مظہر کلیم کے بغیر آئندہ نسل تک یہ کارِخیر کیونکر انجام دے پاتے ہیں ۔۔۔ عمران سیریز نے مظہر کلیم کو زندہ رکھا اور مظہر کلیم نے عمران سیریز کو ۔۔۔ اس مفروضے کو غلط ثابت کر ڈالیے ۔۔۔

Facebook Comments

فاروق احمد
کالم نگار ، پبلشر ، صنعتکار

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply