نگران وزیراعظم پر اتفاق رائے نہ ہو سکا

نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان ملاقات میں اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکمران جماعت مسلم لیگ نٞ کے قائد نواز شریف کو راضی کرنے کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کسی سابق جج یا بیوروکریٹ کے نام پر اتفاق نہیں چاہتے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیسری بار نواز شریف کو راضی کرنے کے لیے وقت مانگا ہے۔ نگراں وزیراعظم کے لیے حکومت کے تجویز کردہ 3 ناموں میں جسٹس ر ناصر الملک، جسٹس ر تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر شمشاد اختر شامل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے، تاہم تحریک انصاف نے ذکا اشرف کا نام مسترد کردیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی جسٹس ر تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے سٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین اور معروف صنعت کار عبدالرزاق دائود کے نام بھی سامنے آچکے ہیں۔ تاہم امریکا میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نگراں وزیر اعظم کی دوڑ سے باہر ہو گئیں اور حکومت اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں میں ان کا نام شامل نہیں ہے۔علاوہ ازیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل ہو۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے لیے ناموں پر بحث ہوئی، ہماری کوشش ہے کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل ہو، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمارے دیے گئے نام اچھے ہیں ان پرمزید غور کرنا چاہیے،اگر نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا تو چار چار افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائےگی جس پر اکثریت ہوگی وہ نام آجائے گا۔ وزیراعظم سے بدھ یا جمعرات کو دوبارہ ملاقات ہوگی، وزیراعظم سے کہا آپ اور آپ کے لیڈر نوازشریف نے کہا تھا جونام اپوزیشن لیڈر دے گا وہ مان لیں گے۔ وزیراعظم کونگراں وزیراعظم کے لیے دو تین مناسب نام پیش کیے، ایسے نام دیئے ہیں جوسینئر بیوکریٹس رہ چکے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply