• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • خفیہ ایجنسیوں کا جے آئی ٹی کا حصہ بننا غیر مناسب تھا،نواز شریف

خفیہ ایجنسیوں کا جے آئی ٹی کا حصہ بننا غیر مناسب تھا،نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ ایم آئی اور آئی ایس آئی افسران کا جے آئی ٹی کا حصہ بننا غیر مناسب تھا۔ اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں، سماعت کی ابتدا میں نواز شریف روسٹرم پر آئے اور انہوں نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے دیئے گئے سوالات کے جوابات پڑھ کر سنائے۔ انہوں نے کہا کہ میری عمر 68 سال ہے اور میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم پاکستان رہ چکا ہوں۔ جے آئی ٹی کی طرف سے لکھے گئے ایم ایل ایزعدالت پیش نہیں کیے گئے،  جے آئی ٹی کی طرف سے لکھے گئے ایم ایل ایزکی بنیاد پرفیصلہ نہ دیا جائے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی، آئین کا آرٹیکل 10 مجھے شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے سے میرا فیئر ٹرائل کا حق متاثرہوا، مجھے جے آئی ٹی کے ممبران پر اعتراض تھا۔ یہ اعتراض پہلے بھی ریکارڈ کرایا۔ جے آئی ٹی کے ایک رکن بلال رسول میاں محمد اظہر کے بھانجے ہیں، میاں اظہر سابق گورنر پنجاب رہ چکے ہیں اور اب پی ٹی آئی سے منسلک ہیں، میاں اظہر کے بیٹے حماد اظہر کی عمران خان کے ساتھ بنی گالہ میں ملاقات کی تصویریں سامنے آچکی۔ بلال رسول خود بھی ن لیگ کے کھلے مخالف اور پی ٹی آئی کے سپورٹر ہیں، بلال رسول کی اہلیہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی فعال ممبر تھیں۔ نواز شریف نے جے آئی ٹی کے دوسرے رکن عامر عزیز پر اپنا اعتراض دہراتے ہوئے کہا کہ عامر عزیز 2000 میں میرے خاندان کے خلاف ریفرنسز میں تفتیشی تھے، عامر عزیز نے پرویز مشرف کے دور میں حدیبیہ پیپرملز کیس کی تحقیقات کیں۔ عرفان منگی کو بھی جے آئی ٹی میں شامل کر دیا گیا  حالانکہ ان کی تعیناتی کا کیس سپریم کورٹ میں ابھی تک زیر التوا ہے۔ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا سے متعلق نوازشریف نے کہا کہ تحقیقات میں واجد ضیا کی جانبداری عیاں ہے ، واجد ضیا نے اپنے کزن کے ذریعے تحقیقات کرائیں۔ جے آئی ٹی میں شامل آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر نعمان اور ایم آئی کے بریگیڈئیر کامران بھی شامل تھے، ایم آئی اور آئی ایس آئی افسران کا جے آئی ٹی کا حصہ بننا غیر مناسب تھا، سول ملٹری تنائو پاکستان کی تاریخ کے 70 سال کے زائد عرصے پر محیط ہے، پرویز مشرف کی مجھ سے رقابت 1999سے بھی پہلے کی ہے، پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے بعد تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا ہوا، موجودہ سول ملٹری تعلقات میں تنائو کے اثرات جے آئی ٹی رپورٹ پر پڑے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply