بانوے نیوز بھوٹان سپیشل – ۲۔۔۔۔معاذ بن محمود

آج کا دن

راوی آج تاریخ کے پنے میں چین ہی چین لکھتا ہے۔ اس قدر چین کی وجہ چ کے نیچے نقطہ ہے جو سی پیک کا نتیجہ ہے۔ عوام خوشحال ہے البتہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بے حال ہے۔ طاقت کا اصل سرچشمہ سیاہ چشمہ لگائے ڈنڈہ تھامے چیف العساکر ہے لہذا بانوے نیوز بھوٹان سپیشل سے ہم ایک بار پھر یہ خبر کنفرم کرتے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ کے باوجود بھی سب اچھا ہے۔ جیے باجوہ۔

عدالتی خبریں

عدلیہ سے متعلق خبروں میں آج عدالتی عزیز و اقارب سرفہرست رہے۔ مملکت بھوٹان کے چیف جسٹس بابے رحمتے نے آج عظمی کے ہونے والے بہنوئی راؤ بمبار سے مقدمے کی سماعت کے بہانے ملاقات فرمائی۔ ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور جیسا کہ عدالت میں ائیر کنڈیشن کے مخدوش نظام اور راؤ بمبار کے پرانے قتال پہ بات چیت ہوئی۔ راؤ بمبار نے شغل میلے کی ایک اور نشست میں اپنے ساتھ ملوث دیگر پولیس افسران کے ساتھ تبادلۂ خیال بھی کیا۔ انہوں نے ریاست بھوٹان کے چیف جسٹس کو صاف صاف بتا دیا کہ وہ مجرموں کو پہنائی جانے والی نارنجی جیکٹ نہیں پہنیں گے کیونکہ اس سے ان کی سیلفیاں خراب ہونے کا احتمال ہوتا ہے۔ بابے رحمتے نے راؤ بمبار کا حکم قبول فرمایا اور اس بابت ضروری احکامات صادر فرمائے۔ چیف جسٹس آف بھوٹان بابے رحمتے نے یہ حکم بھی جاری کروایا کہ اتنا چلنے پھرنے سے راؤ بمبار کی ناف گرنے کا اندیشہ ہے لہذا اگلی پیشیوں کے لیے راؤ بمبار کے گھر کو ہی عدالت کا درجہ حاصل ہوگا۔

عسکری خبریں

اس ہفتے کی اہم خبر بھوٹان کے عظیم ادیب مسلسل حسِین تاڑہ کر کا عسکری اعلامیے سے ہم آواز ہونا ہے۔ جناب تاڑہ کر نے حال ہی میں عسکری بھونپو کو استعمال کرتے ہوئے بھوٹان کے تین بار وزیراعظم ہمپٹی ڈمپٹی شریف کو غدار کہا ہے اور انہیں ہندؤوں کے نئے بھگوان سے تشبیہ دی ہے۔ بھوٹان کی پٹواری برادری نے اس سلسلے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ انجمن موچیانِ بھوٹان نے جناب مسلسل حسین تاڑہ کر کی ناموس کے آگے سٹین لیس سٹیل پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بھوٹان کے عسکری ذرائع نے غدار کا بیانیہ کمزور کرنے کے لیے پچھلے دس سال کی ویڈیوز جن میں بھوٹانی جوانوں کی شہادت دکھائی گئی ہے، موچیوں کے حوالے کر دی ہے۔ دوسری جانب ملت پٹواریہ بھوٹان کے تمام عہدے دار بھوٹان کے پرانے عسکری بیانیے عوام کے سامنے لانے میں مصروف ہیں۔

سیاسی منظرنامہ

بھوٹان کے سابق کبڈی کپتان میری ران خان نے کراچی میں کامیاب ترین جلسہ منعقد کرنے کے بعد اب اپنی توجہ واپس الیکشن کمیشن آف بھوٹان میں جاری بیرون ملک فنڈنگ کیس پر کر دی ہے۔ میری ران خان کے وکیل طاہرہ سید بخاری نے الیکشن کمیشن کے استفسار کہ “کس نے دیے یہ جھمکے؟ کہاں سے آئے یہ جھمکے؟ کون لایا یہ جھمکے؟” کے جواب میں نہایت بہادری مگر شائستگی کے ساتھ اپنا تحریری جواب داخلہ کروایا۔ ذرائع کے مطابق تحریری جواب پندرہ سو صفحات پر مشتمل تھا جس کا مواد صرف “تینوں کی تینوں کی تینوں کی” پر مبنی تھا۔ بھوٹان کے سابق کپتان میری ران خان کے اس جواب کے بارے میں رائے لینے کے لیے ہمپٹی ڈمپٹی شریف سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے محض روح چیرتے قہقہے پہ اکتفاء کیا۔

جماعت غیر اسلامی بھوٹان کے سربراہ نسوار الحق نے اپنے تازہ ترین کامیڈی شو میں شگوفہ چھوڑا کہ عنقریب روس اور امریکہ کے طلباء و طالبات بھوٹان کی دھرتی پہ تعلیم حاصل کرنے آیا کریں گے۔ اس معاملے پہ ایک جماعتیے سے رائے لی گئی تو اس نے بتایا کہ نسوار الحق صاحب کو شو سے پہلے اچھی چرس نہیں مل سکی لہذا ہم نے انہیں بیڑی میں خصی بکرے کی مینگنیاں بھر کے پلا دی تھیں، شاید اس حد تک خطرناک مذاق اسی نشے کا نتیجہ تھا۔ جماعتیے نے اس بیان کا ایک اور جواز یہ بھی دیا کہ شاید نسوار الحق روس اور امریکہ کے طلباء کی بجائے طالبان کہنا چاہتے تھے مگر فرط جذبات سے مغلوب وہ کچھ اور کہہ گئے۔

صوبہ دودھ اور شہد خواہ کے حالات

بھوٹان کے صوبہ دودھ اور شہد خواہ کے وزیر ادنی جناب پہلوان خٹک نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جنگلہ بس پھرشاور شہر کی تمام انتظامیہ کو فارغ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلوان خٹک نے انتظامیہ سے جنگلہ بس سروس میں اپنے خاندان کے افراد کو جھولے دلانے کی درخواست کی تھی جس کے جواب میں جنگلہ بس سروس کی انتظامیہ نے تحریری طور پہ “انی دیاں، کہڑی بس؟ حالے پنج سال پئے نے ٹیسٹ ڈرائیو توں” بھیج ڈالا۔ پہلوان خٹک نے خود کلامی کرتے ہوئے “ام تمارا شکایت میری ران خان سے کرے گا پر دیکو تمیں چوڑے گا نئی”- ذرائع کے مطابق میری ران خان اپنے  نجی کتے اور نجی بیگم کے ساتھ نجی زندگی میں مصروف تھے لہذا پہلوان خٹک کی کال اٹینڈ نہ کر سکے۔

صوبہ فساد کی خبریں

بھوٹان کے صوبہ فساد کے وزیر ادنی بے آواز شریف نے گزشتہ دنوں نارنجی ٹرین کا آزمائشی سفر کیا۔ اس دوران اخبار اور نیوز چینلز کے لیے خصوصی آسائشوں کا بندوبست کیا گیا جس میں مرزا غالب کی پسندیدہ برف والی چائے سرفہرست تھی۔ بے آواز شریف کے مطابق صحافیوں کا خیال رکھنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بے آواز شریف نے ڈان نیوز کے صحافی سڑیل المیدہ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سنگھاڑے جیسا منہ بنا کر کہا کہ وہ شخص ہم میں سے نہیں جو ہماری باتیں بڑے لڑکوں کو مصالحہ لگا کر بتلائے۔

شہر کرانچی سے

شہر کرانچی سے اہم ترین خبر بھوٹان کی اہم بندوق بردار سیاسی جماعت متحدہ قومی مرڈر کے سربراہ الباپ حسین کی جانب سے آنے والے انتخابات کے بائیکاٹ کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ پاکستان کی مشہور و معروف غیر واہیاتی و غیر مسلکی سائٹ مکالمہ کے نیک نیت مبشر جیدی کو انٹرویو دیتے ہوئے الباپ حسین نے کہا کہ بھوٹان کے جرنیلوں نے ہماری اکڑ نکال دی ہے۔ بات یہیں تک رہتی تو ٹھیک تھا لیکن انہوں نے ہماری سنوکر سٹک بھی توڑ دی ہے اور ہمارے  ہاتھ رسی پکڑا کر ہمیں بلیک بال پاٹ کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ الباپ حسین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسطبلچمنٹ کے گھوڑا بردار اپنے لاڈلوں کو چیٹ لگا کر ایٹ بال کھلا رہے ہیں جس کے باعث ان کا جیتنا یقینی ہے۔ الباپ حسین نے مکالمہ کا انٹرویو لینا شروع کیا اور پوچھا کہ ہمیں لنگڑا لولا کر کے اس فٹ بال میچ میں بھیجا جا رہا ہے، آپ ہی بتائیے ہم کیسے جیتیں؟ جائیے ہم نہیں کھیلتے۔

کوٹے کی خبریں

اطلاعات کے مطابق کوٹے اور گرد و نواح میں دہشت گردوں اور ریاستی غلیل برداروں میں سخت کشیدگی جاری ہے جس کا نشانہ کوٹے کی عوام بن رہے ہیں۔ پچھلے دنوں غلیل برادران نے دہشت گردوں کا ایک مینگل پھڑکایا جس کے جواب میں دہشت گردوں نے وردی بردار مینگل ڈھونڈنے کی کوشش کی اور نہ ملنے پر عوامی مینگل سے بدلہ لیا۔ دہشت گردوں کی جانب سے موصول ہونے والے صوتی پیغام میں واضح طور پہ سنا جاسکتا ہے کہ “تم امارا بجائے گا ام تمارا بجائے گا۔ تم نے امارا مینگل مارا ام نے تمارا مینگل مارا”۔ اطلاعات کے مطابق کوٹے کے سارے مینگل اپنا نام تبدیل کر کے بھٹی بننے کے مرحلے میں ہیں۔

انٹرٹینمنٹ کی خبریں

Advertisements
julia rana solicitors london

ریاست بھوٹان کے نیچ ترین ٹی وی چینل بھونک نیوز میں بدنام زمانہ بہروپیے آمَر لیاکت اس رمضان خصوصی ٹرانسمیشن میں مشہور زمانہ اداکارہ، مغنیہ، ماڈل، انسانی حقوق کی الم بردار اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی میا خلیفہ کو مسلمان کروانے کا خاص اہتمام فرمائیں گے۔ آمر لیاکت کے مطابق ان کا ارادہ نہ صرف میا بی بی کو اپنا ہم مذہب بنانا ہے بلکہ وہ انہیں اپنی زوجیت میں لانے کا بھرپور ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ بھوٹان کے ایک جج نے رمضان میں بھانڈ ٹرانسمیشن پر حال ہی میں پابندی لگائی تاہم آمر لیاکت اور میا خلیفہ کے پروگرام کو خاص اجازت دی گئی ہے جس کے تحت آمر لیاکت بارہ بجے کے بعد اپنا پروگرام کر سکیں گے۔

Facebook Comments

معاذ بن محمود
انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاست اور سیاحت کا انوکھا امتزاج۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply