ضرورت مندوں کیلئے رمضان شیئرنگ فریجز متعارف

رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں ہر مسلمان نیکیاں کمانے کی جستجو میں نظر آتا ہے اور غربا اور ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرتا ہے، ایسا ہی ایک انوکھا انداز دبئی میں بھی دیکھا گیا جہاں لوگوں نے کھانے کی اشیا سے بھرے فریج گھروں سے باہر نکال کر رکھ دیئے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں دنیا کے کئی اسلامی ممالک کی طرح دبئی میں بھی انسان خدمت کے جذبے سے سرشار مسلمان روزہ داروں کے لئے سحر و افطار کا بندوبست کرتے ہیں۔ ایسے میں پورے دبئی میں 100 سے زائد رمضان شیئرنگ فریج رکھے جاچکے ہیں اور ان میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ گھروں سے باہر کھانے سے بھرے فریج دیکھ کر مزدور اور غربا آتے ہیں اور اپنی مرضی سے فریج میں رکھے پسندیدہ کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ضرورت مند اور غریب افراد کو سحری و افطاری کرانے کا یہ منفرد انداز نہ صرف ثواب کا ذریعہ ہے بلکہ ایسے افراد جو گھروں سے دور ہیں اور افطاری کا اہتمام نہیں کر پاتے، ان کے لئے بھی نہایت موثر ثابت ہوا۔ دبئی کی رہائشی ایک خاتون کے مطابق انہوں نے شہر کے مختلف مقامات پر کھانے پینے کی چیزوں سے بھرے فریج رکھوائے ہیں جن میں کھانے کا سامان رکھنے کے لئے ملازم بھی موجود ہیں۔ اس اقدام کا آغاز 2016 میں دبئی میں رہائش پذیر ایک 31 سالہ آسٹریلوی خاتون سمیہ سید نے کیا تھا، جو ایمرٹس ریڈ کریسنٹ اور اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹیز ڈپارٹمنٹ سے لائسنس یافتہ ہے۔ سمیہ نے رمضان شیئرنگ فریجز کے نام سے ایک فیس بک پیج بھی بنایا، جس کے اب 28 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور ان میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *