نو نومبر اور کرکٹ

برائن چارلس لارا کا ون ڈے کیرئیر 9 نومبر 1990 کو نیشنل سٹیڈئم کراچی میں سٹارٹ ہوا تھا۔ پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ون ڈے کھیلنے والے پرنس آف کیریبئین تاریخ کے بہت بڑے بلے باز بنے۔ لارا اس میچ میں صرف 11 رنز بنا سکے تھے، اس میچ کے ہیرو وقار یونس رہے، انہوں نے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، یہ وقار یونس کا صرف 27 واں میچ تھا، انہوں نے اسی میچ میں اپنی 50 وکٹیں بھی مکمل کی تھیں۔ خاص بات یہ تھی کہ یہ پانچواں موقع تھا جب وقار یونس نے کسی ون ڈے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہو، جی ہاں 27 میچز میں 5 بار 5 وکٹوں کا کارنامہ. یہ اتنا بڑا کارنامہ ہے کہ وسیم اکرم جیسے بڑے باولر نے اپنے پورے کیرئیر میں صرف 6 بار انجام دیا ہے.۔وقار یونس نے اپنے کیرئیر میں 13 بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے، عمران خان یہ کارنامہ صرف ایک بار انجام دے سکے ہیں، آفریدی 9 بار 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔

رنگنا ہیراتھ نے آج 7 ویں بار کسی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں، ساتوں بار انہوں نے یہ کارنامہ کسی نئے ملک کے خلاف سر انجام دیا ہے . وہ سات ممالک کے خلاف یہ کارنام کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں، صرف مرلی دھرن ہر ٹیسٹ ملک کے خلاف 10 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے سکے ہیں . اس سے پہلے اسی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ہیراتھ کسی ٹیسٹ اننگز میں ہر ملک کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے صرف تیسرے باولر بنے تھے۔ ان سے پہلے مرلی دھرن اور ڈیل سٹین بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ہیراتھ اب تک 2016 میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے واحد باولر بھی بن گئے ..

آج نیوزی لینڈ کے بیٹسمین میتھیو سنکلئیر کی سالگرہ ہے۔ اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں ان کا تیسرا نمبر ہے . انہون نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی ہی اننگز میں 214 رنز بنائے تھے . ویسٹ انڈیز کے لارنس رووو بھی 214 رنز بنا چکے ہیں ..لارنس روو نے اس میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کی تھیں. ان کے علاوہ صرف پاکستان کے یاسر حمید ہی اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنا سکے ہیں۔ سنکلئیر سے زیادہ ساوتھ افریقہ کے جیک روڈلف نے بنگلہ دیش کے خلاف 222 رنز بنائے تھے جبکہ سب سے زیادہ 1903 میں انگلینڈ کے رینالٹ فوسٹر نے 287 رنز بنائے تھے، مزے کی بات ہے ان کی یہ واحد سنچری بھی تھی اپنے کیرئیر میں دوبارہ وہ کبھی سنچری نا سکور کر سکے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

9 نومبر 1985 کو سر رچرڈز ہیڈلی نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن تباہ کر دی تھی۔ انہوں نے برسبین گراونڈ پر کھیلے گئے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف 52 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا یہ مجموعی طور پر ٹیسٹ کی چھٹی کامیاب ترین باولنگ کارکردگی ہے۔ پاکستان کی طرف سے عبدالقادر 9/56 اور سرفراز نواز 9/86 بھی ایک اننگز میں 9 وکٹیں لینے والے چند کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ اس میچ میں ہیڈلی نے 15 وکٹیں حاصل کی تھیں اور نیوزی لینڈ یہ میچ ایک اننگز سے جیت گیا تھا ہیڈلی کو کرکٹ کے چار بڑے آل راونڈر ز میں شامل کیا جاتا ہے، انہیں گریٹ فور بھی کہتے ہیں۔ کپل دیو آئن بوتھم اور عمران خان بھی اس کا حصہ ہیں. پاکستان کی طرف سے ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 14 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ عمران خان انجام دے چکے ہیں کسی ایک ٹیسٹ میں سب سے بہترین باولنگ کا ریکارڈ جم لیکر کے پاس ہے انہوں نے 1956 میں انگلینڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف 90 رنز دے کر 19 وکٹیں حاصل کی تھیں

Facebook Comments

محسن حدید
میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ محسن کسی بھی اخباری ریپورٹر سے زیادہ بہترین سپورٹس تجزیہ نگار ہیں۔ آپ روزنامہ دنیا میں کالم نگار ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply