پانچ قبریں ۔مسٹری مائیکرو فکشن ۔۔۔عامر صدیقی

آج بھی مجھے اچنبھے میں دیکھ کر وہ بوڑھا بول ہی پڑا،’’یہ پانچچ قبریں میرے پانچ دوستوں کی ہیں۔ ان پانچوں کا مجھ پر جو احسان ہے وہ میں کبھی نہیں اتار سکتا، ایسا احسان بھلا کب کسی نے، کسی کے ساتھ کیا۔اب میرا فرض ہے کہ میں روزان کی قبروں پر آؤ ں اور انکی ارواح کے لئے دعائیں مانگوں۔‘‘
’’مجھے بھی اسی بات پر حیرت ہوتی کہ ان پانچ مختلف ناموںں والی قبروں سے آپ کا بھلاکیا رشتہ ہے ۔ جو آپ روز بلا ناغہ آتے ہیں۔ شاید ان سے آپ کا احسان کا رشتہ ہو؟ویسے تاریخ کے صفحات ایسے محسنوں کے ناموں سے بھی بھرے پڑے ہیں۔ جنہوں نے اپنا سب کچھ قربان کر کے بھی دوسروں کی مدد کی۔یقیناًاس کے پیچھے کوئی کہانی ہو گی۔‘‘
’’بجافرمایا، یہ میرے دوستوں کی قبریں ہیں۔ان پانچوںں نے میرے لئے کچھ ہٹ کر کیا تھا۔کہانی کچھ یوں ہے کہ ہم سبھی دوست ایک تجارتی سفر کیلئے بمبئی سے کراچی ،ایک بحری جہاز میں روانہ ہوئے۔ اس وقت کسے معلوم تھا کہ ہماری زندگیاں بدلنے والی ہیں۔تیسری شب ایک بھیانک طوفان میں ہمارا جہاز پھنس گیا،تجربے کار کپتان اور عملے کے دیگر افراد نے بہت کوششیں کیں، مگر وہ اسے تباہ ہونے سے بچا نہیں سکے، خوش قسمتی سے ہم سبھی چھ دوستوں کو ایک بچاؤ کشتی مل گئی۔ اور ہم اس میں سوار ہوگئے۔ اور اپنی آنکھوں سے جہاز ڈوبتے دیکھتے رہے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ شاید ہم ہی بچ پائے ہیں۔صبح ہم نے پایا کہ ہم تھے اور دور دور تک پھیلا سمندر تھا۔ افراتفری میں کھانے کی کوئی چیز بھی اپنے ساتھ نہیں لا سکے تھے۔کئی دن اسی بھوک پیاس کے عالم میں گزرگئے۔ہم سبھی کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی تھی مگر ایک دوست کی حالت تو بہت ہی خراب لگ رہی تھی۔ہم سبھی سوچوں میں گم تھے، اسے ٹکٹکی باندھے دیکھ رہے تھے تبھی اس نے اپنی نحیف آواز میں کہا کہ میں مر جاؤ تو پلیز مجھے سمندر برد نہیں کرنا، اپنے استعمال میں لے لینا،یہ میری تم سے گذارش بھی ہے اور آخری وصیت بھی۔یہ کہتے ہوئے اسکی گردن لڑھک گئی۔سبھی کے منہ سے نکلا نہیں ایسا نہیں ہو سکتا ہے۔ہم سے یہ نہیں ہو پائے، ہم کس طرح اپنے ہی ۔۔۔؟
ہمارے دلی جذبات ہونا ایک بات تھی اور کئی دنوں ک بھیانک اور نا قابل برداشت بھوک ہونا دوسری بات، ہمیں نہ چاہتے ہوئے بھی یہ مکروہ فعل سر انجام دینا پڑا۔ تبھی اس حقیقت کا انکشاف ہوا کہ زندگی سے بڑھ کر پیاری کوئی دوسری چیز ،انسان کو نہیں ہوتی۔جب بات اس کی زندگی پر بن آتی ہے تو وہ اسے بچانے کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہو جاتا ہے۔
خیر جناب، ایک ایک کر کے میرے دوست مرتے رہے، اورہم ہر مرنے والے کو کھاتے رہے جہاں تک کہ سبھی مر گئے اور آخر میں، میں بچا۔میں کئی دنوں تک اکیلا کشتی میں پڑا رہا،تبھی خوش قسمتی سے مچھیروں کے ایک ٹرالر نے مجھے دیکھ لیا، یوں میں بچ پایا اور آج آپ کے سامنے ہوں۔‘‘
وہ اٹھا اور خاموشی سے جانے لگا۔
’’ اگر آخر میں آپ ہی بچے تھے تو انکی یہ قبریں کہاں سے آ گئیں۔ کیوں قبروں کے لئے تو ۔۔۔؟‘‘میں نے کپکپاتی ہوئی آواز میں پوچھا۔۔
وہ مڑا اور شہادت کی انگلی اپنے سر پر رکھتا ہوا بولا،’’خود ہی سوچ لو۔‘‘

Facebook Comments

عامر صدیقی
لکھاری،ترجمہ نگار،افسانہ نگار،محقق۔۔۔ / مائکرو فکشنسٹ / مترجم/شاعر۔ پیدائش ۲۰ نومبر ۱۹۷۱ ؁ ء بمقام سکھر ، سندھ۔تعلیمی قابلیت ماسٹر، ابتدائی تعلیم سینٹ سیوئر سکھر،بعد ازاں کراچی سے حاصل کی، ادبی سفر کا آغاز ۱۹۹۲ ء ؁ میں اپنے ہی جاری کردہ رسالے سے کیا۔ ہندوپاک کے بیشتر رسائل میں تخلیقات کی اشاعت۔ آپ کا افسانوی مجموعہ اور شعری مجموعہ زیر ترتیب ہیں۔ علاوہ ازیں دیگرتراجم و مرتبہ نگارشات کی فہرست مندرجہ ذیل ہے : ۱۔ فرار (ہندی ناولٹ)۔۔۔رنجن گوسوامی ۲ ۔ ناٹ ایکیول ٹو لو(ہندی تجرباتی ناول)۔۔۔ سورج پرکاش ۳۔عباس سارنگ کی مختصرسندھی کہانیاں۔۔۔ ترجمہ: س ب کھوسو، (انتخاب و ترتیب) ۴۔کوکلا شاستر (ہندی کہانیوں کا مجموعہ ) ۔۔۔ سندیپ میل ۵۔آخری گیت اور دیگر افسانے۔۔۔ نینا پال۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۶ ۔ دیوی نانگرانی کی منتخب غزلیں۔۔۔( انتخاب/ اسکرپٹ کی تبدیلی) ۷۔ لالٹین(ہندی ناولٹ)۔۔۔ رام پرکاش اننت ۸۔دوڑ (ہندی ناولٹ)۔۔۔ ممتا کالیا ۹۔ دوجی میرا (ہندی کہانیوں کا مجموعہ ) ۔۔۔ سندیپ میل ۱۰ ۔سترہ رانڈے روڈ (ہندی ناول)۔۔۔ رویندر کالیا ۱۱۔ پچاس کی دہائی کی بہترین ہندی کہانیاں(۱۹۵۰ء تا ۱۹۶۰ء) ۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۱۲۔ ساٹھ کی دہائی کی بہترین ہندی کہانیاں(۱۹۶۰ء تا ۱۹۷۰ء) ۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۱۳۔ موہن راکیش کی بہترین کہانیاں (انتخاب و ترجمہ) ۱۴۔ دس سندھی کہانیاں۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۵۔ قصہ کوتاہ(ہندی ناول)۔۔۔اشوک اسفل ۱۶۔ ہند کہانی ۔۔۔۔جلد ایک ۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۷۔ ہند کہانی ۔۔۔۔جلد دوم۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۸۔ ہند کہانی ۔۔۔۔جلد سوم ۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۹۔ہند کہانی ۔۔۔۔جلد چہارم ۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۲۰۔ گنگا میا (ہندی ناول)۔۔۔ بھیرو پرساد گپتا ۲۱۔ پہچان (ہندی ناول)۔۔۔ انور سہیل ۲۲۔ سورج کا ساتواں گھوڑا(مختصرہندی ناول)۔۔۔ دھرم ویر بھارتی ۳۲ ۔بہترین سندھی کہانیاں۔۔۔ حصہ اول۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۲۴۔بہترین سندھی کہانیاں ۔۔۔ حصہ دوم۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۲۵۔سب رنگ۔۔۔۔ حصہ اول۔۔۔۔(مختلف زبانوں کی منتخب کہانیاں) ۲۶۔ سب رنگ۔۔۔۔ حصہ دوم۔۔۔۔(مختلف زبانوں کی منتخب کہانیاں) ۲۷۔ سب رنگ۔۔۔۔ حصہ سوم۔۔۔۔(مختلف زبانوں کی منتخب کہانیاں) ۲۸۔ دیس بیرانا(ہندی ناول)۔۔۔ سورج پرکاش ۲۹۔انورسہیل کی منتخب کہانیاں۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۳۰۔ تقسیم کہانی۔۔۔۔حصہ اول۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۱۔سورج پرکاش کی کہانیاں۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۲۔ذکیہ زبیری کی بہترین کہانیاں(انتخاب و ترجمہ) ۳۳۔سوشانت سپریہ کی کہانیاں۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۴۔منتخب پنجابی کہانیاں ۔۔۔۔حصہ اول۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۵۔منتخب پنجابی کہانیاں ۔۔۔۔حصہ دوم۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۶۔ سوال ابھی باقی ہے (کہانی مجموعہ)۔۔۔راکیش بھرامر ۳۷۔شوکت حسین شورو کی سندھی کہانیاں۔حصہ اول۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۸۔شوکت حسین شورو کی سندھی کہانیاں۔حصہ دوم۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۹۔شوکت حسین شورو کی سندھی کہانیاں۔حصہ سوم۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) تقسیم کہانی۔ حصہ دوم(زیرترتیب ) گناہوں کا دیوتا(زیرترتیب ) منتخب پنجابی کہانیاں حصہ سوم(زیرترتیب ) منتخب سندھی کہانیاں حصہ سوم(زیرترتیب ) کبیر کی کہانیاں(زیرترتیب )

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply