بابا جی۔۔۔گل نوخیز اختر

بابا جی اب اس دُنیا میں نہیں رہے… لیکن مجھے یقین ہے اُن کے فرمودات رہتی دُنیا تک یاد رہیں گے۔ بابا جی سے میری پہلی ملاقات ایک کچی بستی میں ہوئی۔ وہ دُنیا سے بے نیاز ایک طرف چھوٹی سی جھونپڑی میں رہائش پذیر تھے۔ مٹی کے معمولی برتنوں میں کھانا کھاتے تھے اور پھٹا پرانا لباس پہنتے تھے۔ کم بولتے تھے لیکن جب بولتے تھے تو ایسا ایسا فکر انگیز جملہ کہتے کہ سننے والا سر دھننے پر مجبور ہو جاتا۔ میں اُن کا مرید ہونا چاہتا تھا لیکن اُنہوں نے سختی سے منع کر دیا۔ میں نے منت سماجت کی کہ آخر میں کس طرح آپ کے کام آ سکتا ہوں۔ انہوں نے ہلکا سا تبسم فرمایا‘ پھر نہایت نرمی سے میرے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے بولے ”بیٹا! مجھے کسی سکیم میں پانچ مرلے کا پلاٹ لے دو‘‘۔ بابا جی کی یہ بات سن کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے اور میں دل پر بھاری بوجھ لیے خاموشی سے اُٹھ کر فلم دیکھنے چلا گیا۔
بابا جی سراپا محبت تھے۔ مجھے ان کی صحبت میں پانچ سال گزارنے کا اتفاق ہوا‘ یہی پانچ سال میری زندگی کا حاصل ہیں۔ اِن پانچ سالوں میں مجھے زندگی کی بہت سی مشکل گتھیوں کی سمجھ آئی۔ مثلاً ایک دفعہ میں نے پوچھا کہ ”بابا جی! میں نے کئی گاڑی والوں کو بھی بہت بے چین دیکھا ہے‘ تھوڑی سی ٹریفک بلاک ہو جائے تو غصے میں آ جاتے ہیں‘ اِدھر اُدھر سے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں‘ اِیسے لوگوں کی زندگی کیسے آسان ہو سکتی ہے؟‘‘۔ بابا جی نے ایک گہری سانس لی‘ پاس پڑا ہوا پانی کا گلاس اٹھا کر ایک گھونٹ بھرا اور پھر ایسا جواب دیا کہ میں عش عش کر اٹھا‘ کہنے لگے ”اِن سب کو چاہیے کہ آٹو گیئر گاڑیاں خرید لیں‘‘۔
لوگوں کے کام آنا بھی بابا جی پر ختم تھا۔ جو بھی سائل اُن کے پاس آیا ‘ خالی ہاتھ نہیں گیا ۔ ایک دفعہ میری موجودگی میں ایک لاچار انسان بابا جی کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا ”بابا جی! میری زندگی میں کوئی آسودگی نہیں ‘ میں چاہتا ہوں کہ میری بھی جھولی بھر جائے‘ آپ ہی کچھ کیجئے‘‘۔ یہ سنتے ہی بابا جی نے اسے تسلی دی اور فرمایا ”جھولی آگے کرو‘‘۔ سائل نے جھولی پھیلائی اور بابا جی نے ایک لمحے کا توقف کیے بغیر پاس پڑی ہوئی ڈسٹ بن اُس کی جھولی میں خالی کر دی۔
بابا جی کی کرامات زبان زدِ عام تھیں۔ مثلاً اُن کے ہاں ایک ٹی وی تھا لیکن کیبل نہیں لگی ہوئی تھی اس کے باوجود شیشہ پرنٹ آتا تھا۔ ایک دفعہ کسی نے پوچھ ہی لیا کہ بابا جی کیبل کے بغیر بھی آپ کے ٹی وی پر سارے چینل کیسے آ جاتے ہیں؟ قربان جائوں بابا جی پر… ہمیشہ کی طرح مدھر مسکراہٹ لبوں پرآئی اور دھیرے سے فرمایا ”بیٹا! ڈِش کا رزلٹ ایسا ہی ہوتا ہے‘‘۔
بابا جی کہتے تھے کہ کوئی کام چھوٹا نہیں ہوتا۔ ایک دفعہ میں نے فرمائش کی کہ بابا جی میں کوئی بڑا کام کرنا چاہتا ہوں‘ انہوں نے مجھے دو کلو لہسن چھیلنے کے لیے دے دیا۔ میں نے بے بسی سے کہا ”بابا جی میں نے بڑا کام کرنے کا کہا تھا اور آپ نے مجھے لہسن چھیلنے پر لگا دیا ہے؟‘‘ بابا جی نے بڑے پیار سے سارا لہسن میرے سامنے سے اٹھا لیا اور میرا ہاتھ پکڑ کر اندر لے گئے جہاں بڑا سا فریج رکھا تھا۔ مجھے فریج کے سامنے کیا اور فرمایا ”اس کا کمپریسر ٹھیک کر دو… ایڈا توں اشفاق احمد‘‘۔
میں نے کئی دفعہ بابا جی سے پوچھا کہ کیا وجہ ہے کہ بابے ہمیشہ عقل کی بات کرتے ہیں؟ جواب ملا ”کیونکہ اُن کے پاس زندگی بھر کا تجربہ ہوتا ہے ‘‘۔ میں نے بے چین ہو کر پوچھا ”تو پھر اپنے تجربے کی بنیاد پر مجھے بتائیے کہ مجھے بھوک کیوں نہیں لگتی‘ کھانا سامنے رکھا ہوتا ہے لیکن کھانے کو دل نہیں کرتا‘ میں کیا کروں؟ ‘‘ بابا جی نے کچھ لمحے میری بات پر غور کیا‘ پھر اوپر دیکھا ۔ کافی دیر تک اُن کی یہی حالت رہی‘ پھر انہوں نے اطمینان سے چہرہ نیچے کیا اور پیار سے میرے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے بولے ”توں اپنا کھانا مینوں دے جایا کر‘‘۔
میں نے زندگی میں بابا جی جیسا درویش انسان نہیں دیکھا۔ بس میٹھا بہت شوق سے کھاتے تھے۔ عقیدت مند اُن کے لیے روزانہ کیک اور مٹھائی کے ڈبے لاتے لیکن بابا جی اُنہیں سختی سے منع کر دیتے کہ کوئی ڈبہ نہ کھولا جائے۔ مجھے پتا تھا کہ بابا جی یہ سارے ڈبے بعد میں غریبوں میں بانٹ دیتے ہیں تاکہ مساکین بھی اس نعمت کا لطف اٹھا سکیں؛ تاہم یہ بات مجھے کبھی سمجھ نہ آ سکی کہ بابا جی ڈبہ کھولنے کی اجازت کیوں نہیں دیتے۔ ایک دن ڈرتے ڈرتے پوچھ ہی لیا اور جواب سن کر میرے دل میں بابا جی کا احترام اور بھی بڑھ گیا۔ فرمایا ”پُتر ڈبہ کھلا ہوا ہو تو دکان دار واپس نہیں لیتے‘‘۔
بابا جی کو دُنیاوی مال سے سخت نفرت تھی۔ کہتے تھے ” مال کو آگ بھی لگ سکتی ہے‘ دیمک بھی چاٹ سکتی ہے‘ ڈاکا بھی پڑ سکتا ہے… ایسی چیزوں سے دور رہو اور سُکھی ہونا چاہتے ہو تو صرف پلاٹوں میں انویسٹ کرو۔ میں صدقے اپنے بابا جی کے‘ اتنی گہری بات کرتے تھے کہ دو دن بعد سمجھ آتی تھی اور دل احترام کے جذبات سے بھر جاتا تھا۔ ایک دن مجھے بطور خاص بلا کر لوہے کی ایک موٹی سی مڑی ہوئی تار تھمائی اور کہنے لگے ”ہماری طرف سے تحفہ سمجھ کے لے جائو‘‘۔ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ یہ لوہے کی تار میرے کس کام کی ہے۔ بابا جی سے پوچھنا چاہا تو انہوں نے کچھ بولنے سے منع فرمایا ”پندرہ تاریخ کے بعد تمہیں اِس کی افادیت سمجھ میں آ جائے گی۔‘‘ میں نے عقیدت سے لوہے کی تار رکھ تو لی لیکن سارا رستہ سوچتا آیا کہ آخر پندرہ تاریخ کے بعد یہ میرے کس کام آئے گی۔ پھر میں بے چینی سے پندرہ تاریخ کا انتظار کرنے لگا۔ جیسے ہی پندرہ تاریخ آئی‘ مجھے فوراً اِس تار کی منطق سمجھ میں آ گئی‘ پچیس ہزار بجلی کا بل میرے سامنے تھا۔ میں نے فوری طور پر تار کا بوسہ لیا اور محلے کے الیکٹریشن کو بلوا کر بابا جی کا یہ تحفہ دکھایا۔ اُس نے تعریف کی اور انتہائی مہارت سے اس تحفے کا کنکشن میرے گھر سے جوڑ دیا۔ الحمدللہ اب بے شک میں تین اے سی چلائوں ‘ بابا جی کے تحفے کی وجہ سے میرا بل پانچ ہزار سے اوپر نہیں جاتا۔
بابا جی جانوروں سے بھی بہت پیار کرتے تھے ۔ جب سلمان خان کو ہرن کیس میں پکڑا گیا تو میں نے بابا جی سے پوچھا کہ کیا سلمان خان کو سزا ہو جائے گی؟ بابا جی نے زندگی میں پہلی بار غصہ فرمایا اور گرج کر بولے ”یہ تو ہمیں نہیں پتا کہ اُسے سزا ہو گی یا نہیں‘ لیکن ہماری خواہش ہے کہ اُسے سخت سے سخت سزا ہو‘‘۔ میں نے وجہ پوچھی تو ہاتھوں کی انگلیاں مروڑتے ہوئے فرمایا ”جو انسان جنگل میں سونالی باندرے‘ تبو اور نیلم کے ہوتے ہوئے بھی شکار کے لیے ہرن کا انتخاب کرے اُسے سر عام پھانسی پر لٹکا دینا چاہیے‘‘۔
بابا جی کے ایک عقیدت مند ‘ میرے پیر بھائی قمر بخاری بھی بابا جی کے قہر کا ایک واقعہ بیان کرتے ہیں۔ بابا جی فحاشی کے خلاف انتہائی قہر میں آئے ہوئے تھے۔ فرمایا ”انتہائی بد ترین دور آ گیا ہے‘ لوگ عورتوں کو گھور گھور کر دیکھنے لگے ہیں‘ اِن بد بختوں کا بس نہیں چلتا کہ راہ چلتی عورت کو کچا چبا جائیں… سن لو مسلمانو! یہ بات میں نہیں کہہ رہا بلکہ ایک امریکی سائنسدان نے بتائی ہے کہ جو لوگ غیر عورتوں کو گھور گھور کر دیکھتے ہیں‘ اُن کی یادداشت کم ہو جاتی ہے‘ کچھ دیر پہلے کی باتیں بھی بھولنے لگتی ہیں۔‘‘ یہ کہتے ہوئے بابا جی کو بے اختیار کھانسی آ گئی‘ فوراً پانی پیش کیا گیا۔ سانس بحال ہوئی تو عقیدت مندوں کی طرف دیکھ کر بولے ” ہاں تو میں کیا کہہ رہا تھا…؟‘‘

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 2 تبصرے برائے تحریر ”بابا جی۔۔۔گل نوخیز اختر

  1. بہت ہی باکرامات باباجی تھے۔ سلمان خان پر اصل غصہ مجھے بابا جی کی حکمت سے ہی آیا ہے۔ اور وہ پندرہ تاریخ والا تحفہ۔ کہاں ہیں ہاتھ۔ میں دھو کر چوم لوں۔ ????

Leave a Reply to عابد حسین Cancel reply