فیس بُک کھلتے ہی ہر جگہ مزدور مزدور کے اسٹیٹس دیکھ کر آنکھ و دل دونوں ہی اس مزدور کے لیے اشک بار ہوگئے جو صبح کے اندھیرے میں ہی روز مرہ کی طرح آج بھی اس ” مزدور ڈے ” پر دو وقت کی روٹی کے لئے اپنا خون پسینہ ایک کرے گا جس کے لیے سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ” مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی اجرت دے دو” جسے رب کا محبوب کہا گیا آج وہ در بدر اپنی مزدوری کے لیے بےبس رہے گا کیونکہ یہ مزدور کا عالمی دن نہیں – اس دن کا فائدہ مزدور کو بس اتنا ہی ہے کہ وہ اس دن کی خوشی ان سنگ دل سرمایہ کاروں ، اپنے عالی شان بنگلوں میں اعلی قسم کے اے سی روم میں بیٹھے سیٹھوں ، فائیو سٹار ہوٹلوں کی طرف رخ کرکے پیزا اور طرح طرح کے لذیذ لوازمات کھانے والے ممی ڈیڈیز و جینٹل مین ، برگر بچوں بچیوں اور ان کی عورتوں کے چہروں پر دیکھے گا ، کیونکہ یہ مزدور کا عالمی دن نہیں – جبکہ خود یہ مزدور کھلے آسمان تلے کڑکتی دھوپ میں اپنے رومال سے پیشانی کے پسینے کو پونچھتے ہوئے پھر کسی مالک کا انتظار کرے گا جو آئے اور دیہاڑی کی بات کرے اور پورے دن کی محنت میں دس باتیں سنا کر اس کی مزدوری دے کیونکہ یہ مزدور کا عالمی دن نہیں –
آج یہ سیٹھ جو مزدور ڈے کے نام پر چھٹی انجوائے کرے گا ،کوئی ہوٹلوں کا رخ کرے گا ، کوئی سمندر کی موجوں میں غرق آب ہوکر تو کوئی اپنے نرم بستروں پر لیٹ کر ٹھنڈے اے سی کے مزے لوٹے گا ، پر میرا یہ محنت کش باہمت و جفاکش مزدور دن بھر کی محنت میں پسینے سے شرابور مزودر جب گھر لوٹے گا تو میرا رب اسکی دو وقت کی نہ صحیح ایک وقت کی روٹی کا بندوبست ضرور کر دے گا کیونکہ یہ مزدور کا عالمی دن نہیں – دوستوں مزدور ڈے پر جہاں آپ انکے دکھ درد میں شرکت کرتے ہوئے دو لفظ اپنی وال پر درج کررہے ہیں وہیں ان کے آج کے دن کے رزق کے لئے دعا گو رہیے اور کوشش کیجیے اپنے اطراف میں بسنے والے مزدور کے گھر کا خیال رکھیے ، مزدوری کی تلاش میں نکلے اس مزدور کے دو وقت کی نہ سہی ایک وقت کی روٹی کا بندوبست ضرور کیجیے کیونکہ یہ مزدور کا عالمی دن نہیں !
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں