شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کی حنوط شدہ لاش برآمد

ایران کے دارالحکومت تہران کے جنوبی علاقے  شہر ری کے ایک مزار سے تعمیراتی کام کے دوران سابق شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کی حنوط شدہ لاش دریافت ہوئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رضا شاہ پہلوی کے خاندان کے ارکان نے دعویٰ کیا  کہ جو حنوط شدہ لاش دریافت ہوئی وہ حتی الامکان طور پر رضا شاہ پہلوی کی ہے۔ اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی تصاویر گردش کر رہی ہیں جن سے اس رپورٹ کو مزید تقویت مل رہی ہے۔ سابق شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کا مزار بھی شہر ری میں واقع تھا ، تاہم 1979 کے انقلاب کے دوران ان کے مزار کو تباہ کر دیا گیا تھ،ا البتہ ان کی باقیات کبھی دریافت نہیں ہوسکی تھیں۔ اب رضا پہلوی، جو امریکا میں مقیم ہیں، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حنوط شدہ لاش ان کے دادا رضا شاہ پہلوی کی ہی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں رضا شاہ پہلوی کے پوتے رضا پہلوی نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے خاندان کے منظور شدہ طبی ماہرین کو لاش تک رسائی دے اور ایران میں اس کی دوبارہ باوقار تدفین کی اجازت دے۔ انہوں نے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ اگر بابائے جدید ایران اور بادشاہ کے طور پر نہیں تو ایک سپاہی اور ملک کے خادم کی حیثیت سے ہی رضا شاہ پہلوی اس بات کے مستحق ہیں کہ ایران میں ان کی باضابطہ قبر موجود ہو اور ایرانی شہریوں کو اس کا علم ہو۔ اس حوالے سے ایران کی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ممکن ہے دریافت ہونے والی لاش سابق شاہ ایران کی ہو، تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں اس دعوے کی تردید کی گئی ہے اور فی الحال یہ بھی معلوم نہیں کہ لاش کو اس وقت کہاں رکھا گیا ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply