’’مجھے کیوں مارا۔؟‘‘

میرا دوست شیخ مرید آج طویل وقفے کے بعد ملا تھا۔اور۔۔اتنا خوش تھاکہ ۔خوشی۔رال کی طرح باچھوں سے جھلک رہی تھی۔
میں نےرسماً۔۔ اسےایک دھپا دیا اورپوچھا۔سناؤ کیسی گذر رہی ہے؟۔
باچھ مزید پھیلی اوررال جھلکی ۔۔ الحمد اللہ، سبحان اللہ ، ماشااللہ۔ بہت اچھی۔ وہ بولا۔
طبعیت کچھ زیادہ ہی بشاش تھی۔کیونکہ تین تین کلمات طیبات یک مشت ادا ہوئے تھے۔
وگرنہ۔ مرید۔تو۔علامہ کےشعر’’کیا لُطف انجمن کا جب دل ہی بجھ گیا ہو‘‘کی تعبیر بن کر بیٹھارہتا تھا۔۔ البتہ آج اس کے دماغ کی ساری بتیاں یوں ٹمٹما رہی تھیں۔ گویا۔تان سین نےدیپک راگ چھیڑ دیا ہو۔
ہم۔یک جان۔دو لنگوٹ والے دوست ہیں۔اور ہماری یاری ایٹمی رازوں کی طرح خفیہ نہیں بلکہ اوجڑی کیمپ کی طرح دھماکے دار ہے۔۔اسی یارانے کی وجہ سے ہماری بیویاں ہی۔ ہماری رقیب بن گئی ہیں۔ انہیں اوجڑی کیمپ کےگولے بارود کے بجائے ہمارے لنگوٹ پھٹنے کا شدت سے انتظارہے۔اوراس دوستی کا ہر راز بیویوں کے ہاتھ میں تھا۔حتی کہ انہیں۔۔شک نہیں بلکہ یقین تھا کہ ہم ایک دوسرے کو پٹیاں پڑھاتے ہیں۔
مریدجس روز گھوڑی بیٹھا تھا۔پہلی بار۔اس کی رال۔تب۔ ٹپکی تھی۔اور دوسری بار آج۔ نگوڑا ۔خوشی میں ست ربٹی گیند بن جاتا ۔ آج وہ جگہ جگہ ٹھپےکھاتا پھر رہاتھا۔اورمیں۔۔اس کی خوشی کا سبب جاننے کے لئےبے قرار تھا۔۔
’’دراصل ۔تمہاری بھابھی کے دانت میں کئی روزسے درد ہے۔نیا تھری پیس سوٹ لے کر دیا تھا۔ابھی تو سوٹ کا پہلا دھو بھی نہیں نکالا ۔۔ کہ نصیبو(بھابھی)نے۔نواں نکور ڈوپٹہ سر کو باندھ لیا۔درد کی وجہ سے وہ دونوں بتیسیاں دبائےبیٹھی تھی۔ ہنگھورا بھی نہیں بھرا جا رہا تھا۔لانگ ۔لیچی، دار چینی ۔ کئی ٹوٹکے آزمائے لیکن ’’مرض برھتا گیا جوں جوں دوا کی‘‘۔ مجھے بیچاری پر بڑا ترس آیا ۔اور۔میں مشتاق احمد یوسفی کو سوچتا سوچتا دفتر نکل گیا۔ وہ کہتے ہیں’’مرد کی آنکھ اور عورت کی زبان کا دم سب سے آخر میں نکلتا ہے‘‘۔دفتر سے واپس آیا تودرد کی وجہ سے نصیبو کی زبان کا دم ختم ہو چکا تھا۔انجیکشن کا اشارہ کرکے بتایابھی کہ ڈاکٹر کے پاس جانا ہے۔میں اس کا اشارہ سمجھ بھی گیا تھا۔لیکن میں نکل پڑا کیونکہ اشاروں پربھلا کو رکتا ہے۔؟۔جال میں پھنساہوا شکار جس طرح شکاری کو دیکھتا ہے۔ویسی مدد طلب نظروں سے وہ مجھے دیکھ رہی تھی۔ مجھے بیچاری پر بڑا ترس آیا۔اورمیں تمہارے پاس چلا آیا۔بھلا دانتوں میں ٹیکےکون لگاتا ہے؟۔‘‘۔مرید بولا۔
جواز تو اس کا گھٹیا تھا۔لیکن مجھے پسند آیا۔
ہم شوہروں کی خوشیاں کتنی چھوٹی چھوٹی ہوتی ہیں اور کتنی عامیانہ باتوں سے جڑی ہوتی ہیں۔بطور شوہر مجھے مرید کی قسمت پر رشک آ رہا تھا۔کیونکہ۔بیوی کے دانت میں دردنہ ہورہا ہو تو شوہرکے سر میں درد ہونے لگتا ہے۔ شوہر اپنی ریاست کا بادشاہ ہوتا ہے۔۔وہ حق حکمرانی میں شراکت برداشت نہیں کرتا۔اسے تابع داررعایا کی ضرورت ہوتی ہے۔وہ آمروں کی طرح صرف ہاں سننے کا عادی ہوتا ہے۔ہمیشہ ہاں۔۔۔!
اور۔ناں۔؟۔۔ ناں تو بغاوت ہوتی ہے۔ریاست کی سب سے بڑی باغیہ۔ بیوی ہوتی ہے۔ جس کا خمیرسر کشی سےگوندھاہوتا ہے ۔ہاں کہنا اس کے ہاں۔اعتراف شکست ہے۔ دوسری جانب۔بادشاہ۔۔ بادشاہ تو بغاوت کچلنے کے شوقین ہوتے ہیں۔ایسے شوق ۔ چٹان حوصلوں کے بغیرپورے نہیں ہوتے۔۔ شوہر۔۔خواہ بادشاہ ہو۔۔اور بادشاہ خواہ شوہر ہو۔۔ ان کےحوصلے پست ہوتے ہیں۔ مریدتوکہتاہے کہ’’خانگی محاذ پر ہربادشاہ ایک باغیہ کا اسیر ہوتا ہے۔جہاں باغیہ رانی ہوتی ہے اور بادشاہ۔ غلام ہو تا ہے۔ ۔نصیبوبھی اپنے گھر کی رانی تھی۔’’رانی جِنداں‘‘۔
دنیا بھر میں انسانوں کی پسنداور ناپسند مختلف ہوتی ہے۔کسی کو سننے میں سُرپسند ہیں تو کسی کو سنگیت پسندہے۔نصیبوکوسننے میں صرف ’’یس‘‘ پسند ہے۔ مرید بیچارے کے منہ سے اگر کبھی غلطی سے ’’نو‘‘ نکل جاتا تواس کا حشر ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے نوبال جیسا ہوتا۔ جس کے بعد نصیبو کو فری ہٹ ملتی۔۔ ظاہر ہے فری ہٹ کا مطلب پھینٹی ہوتا ہے۔۔ایسی کرس گیل ٹائپ بیوی کے دانت میں درد ہو رہا ہو تو ڈاکٹر کے پاس کون کم بخت لے کر جاتا ہے۔ مجھے تو بیچارہ سچا لگ رہا تھا۔؟
جواز تو اس کا یہ بھی گھٹیا تھا لیکن مجھے اچھا لگا۔
مریدنےتین سال قبل گاڑی کےٹائربدلوائے تھے۔ان میں سےایک ٹائرگھرکےصحن میں رکھ کر مرید نےآگ لگا دی۔وہ احتجاج پر اتر آیا تھا۔۔نصیبو کو فری ہٹ ملے ابھی دو چار گھنٹے ہی اوور ہوئے تھے۔لاٹھی چارج پہلے بھی ہو چکا تھا۔ دوبارہ بھی امکان تھا۔جب ٹائرکا دھواں گھرکے اندرگیا۔تو نصیبو کی دوڑیں لگ گئیں۔ نگوڑی۔ سمجھی ہانڈی سڑ گئی ۔ رسوئی میں پہنچی تو ہانڈی سلامت تھی۔سُکھ کا سانس لیا۔ لیکن دھواں سا اٹھ رہا تھا ۔آخردھویں کی دم پکڑ کر وہ صحن تک پہنچ گئی۔ آگے راستہ بلاک تھا۔ خاموش دھرنے میں پڑا پلے کارڈ مسلسل شور مچا کر پوچھ رہا تھا۔۔’’مجھے کیوں مارا‘‘۔۔
دل ہمارےجسم کا ایساعضوہے۔جسے ہاتھ لگائے بغیر چھوا جا سکتا ہے۔۔بلکہ۔چھوناتوایک طرف اسےجنبش ِابروسے توڑا بھی جا سکتاہے۔ لیکن مرید کہتا ہے کہ ماڈرن محبت اب اخلاقیات کی دہلیز پھلانگ چکی ہے۔اب زلف و رخسار کےقصے۔بھلا۔لیل و نہار کون سناتا ہے؟۔مجنوں اب لیلی کی گلیوں کے چکر نہیں کاٹتے۔یہ عاشق تو کسی اور ہی چکر میں ہیں۔یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے۔۔ لیلی اب وٹس ایپ پرڈسکس ہوتی ہے۔منی بدنام ہوکر خوش ہوتی ہے۔دل کمینہ اور عشق کم بخت ہو چکا ہے۔محبت کے طریقے اور الفت کے تقاضے سب بدل گئے ہیں۔عشق کی پیمائش۔اب ۔ کیلکولیٹرسےبھی ہو جا تی ہے۔اوردنیا بھر میں صرف محبت ہی تو ایسی پراڈکٹ ہے جس کے ترازو میں ہم پورا تُلنا چاہتے ہیں۔
میں نے اسے بتایا کہ ’’لندن میں بیوی کے تشدد، طعنوں اور لڑائی جھگڑے سےتنگ ایک شخص جنگل میں چلا گیا اور وہ دس سال سے وہیں رہ رہا ہے۔62 سالہ میلکم جب جنگل گیا تھا تو 52 سال کاتھا۔ وہ کہتا ہے جب تک شادی نہیں ہوئی تھی وہ اپنی ملازمت اور زندگی سے بہت خوش تھا۔ایک روز گھر میں شدید لڑائی کے بعدمیلکم گھر سے نکل گیا۔گھر والے اسے مردہ سمجھتے رہے اور وہ زندگی میں سکھ چین کے لئے جنگل میں قیام پزیر رہا‘‘۔
مرید کی عمر42 سال ہو چکی ہے۔عمر کی شرط نہ ہوتی تو وہ۔ میلکم کی طرح جنگل جانے والے میرٹ پر پورا اترتا تھا۔گھریلو حالات موافق تھےاور نہ ہی بہتری کی امیدتھی۔لیکن وہ پھر بھی گھر میں رہنا چاہتا ہے۔اپنی شیرنی کے پاس۔وہ کہتا ہے کہ جنگلوں کا بھی دستور ہوتا ہے۔ میرا گھربھی ایک جنگل ہے جہاں۔ شیرنی شکار کرتی ہے۔ اور شکار آس پاس ہی ہوتا ہے۔
ناٹھا جب۔گھرواپس روانہ ہوا تو خوشی اس کی باچھوں سے پھربہہ رہی تھی۔بھگوڑا ۔ جاتے ہی نصیبو کے دانت کا علاج کرائے گا۔دم ہلا ہلا کر ہاں جی ہاں جی کرتا پھرے گا۔آج وہ تیسری بار خوش نظر آ رہا تھا۔ میں اس کی خوشی کا سبب جاننا چاہتا تھا۔
اچانک مجھے یاد آیا۔ اسے جانور سدھانے کافن بھی آتا ہے ۔۔

Facebook Comments

اجمل ملک
مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ بیورو چیف ایکسپریس نیوز۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply