سیاسی فکروعمل کی درجہ بندی

معاشرے میں موجود لوگو ں کو اگر مختلف درجات میں تقسیم کیاجائے تو ان کی تین اقسام سامنے آئیں گی۔
1۔ وہ جو موجودہ سماجی اور سیاسی نظام کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں یا اس کو ماضی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ عام طور پر رجعت پسند اور روایت پسند ہوتے ہیں ۔ یہ لوگ تبدیلی سے ڈرتے ہیں اور تبدیلی کو برائی سمجھتے ہوئے اس کی مخالفت کرتے ہیں ۔ ان میں سے کچھ لوگ بغیر سوچے سمجھے تبدیلی کے مخالف ہوتے ہیں اور کچھ شعوری طور پر ایسا کرتے ہیں، اس لیے کہ ان کے مفادات موجودہ سسٹم کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں اور سماجی و سیاسی تبدیلی سے ان کے مفادات پر ضرب پڑنے کا ندیشہ ہوتا ہے ۔ اسی بنا پر یہ لوگ ہر اس فرد اور گروہ کو دشمن سمجھتے ہیں جو موجودہ سسٹم پر سوالات اٹھاتے ہیں ۔
2 ۔ وہ لوگ جوموجودہ سماجی اور سیاسی نظام میں بہتری چاہتے ہیں تاکہ اس کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔ یہ لوگ ترقی پسند کہلاتے ہیں، یہ معاشرتی تبدیلیوں کو وقت کےنئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کو ضروری سمجھتے ہیں اور مسائل کا حل سماجی اور سیاسی تبدیلیوں میں دیکھتے ہیں اور استحصال کی بنیادیں تلاش کرکے ان پر سوالات اٹھاتے ہیں ، ان پر تنقید کرتے ہیں اور استحصالی نظام کے خلاف انفرادی اور منظم سماجی وسیاسی جدوجہد کے عمل کا حصہ بنتے ہیں ۔ ایک باشعور انسان جس سماج میں رہتا ہے اس کے مسائل سے خود کو لاتعلق نہیں رکھ سکتا۔ وہ جہاں برائی یا خرابی دیکھتا ہے اس میں تبدیلی کا نہ صرف خواہش مند ہوتا ہے بلکہ اپنا موثرکردار بھی ادا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
3 ۔ تیسری قسم ابن الوقت قسم کے لوگوں کی ہے، جس طرف پلڑا بھاری ہوتا ہے ان کا جھکاؤ اس طرف ہوجاتا ہے۔ یہ وقتی طور پر اپنے ذاتی مفاد کے لیے سرگرم عمل ہوتے ہیں ۔ یہ لوگ سماجی تبدیلی اور اجتماعی ترقی کو خاطر میں نہیں لاتے ۔عوام تبدیلی اور ترقی کے خواہشمند ہوتے ہیں مگر یہ لوگ عام طور پر رجعت اور روایت پسند قسم کی ذہنیت کے زیر اثر ہوتے ہیں اس لیے لاشعوری پر یہ لوگ اسی سسٹم کو بچاتے ہوئے نظر آتے ہیں جس کے ذریعے ان کا استحصال کیا جاتا ہے ، یعنی یہ لوگ سماجی و سیاسی تبدیلی کے خلاف ہو کر اپنے خلاف مصروف عمل نظر آتے ہیں یا محض تبدیلی کے نام پر دھوکہ کھاتے ہوئے خالی خولی نعروں کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ سماجی و سیاسی تبدیلی کو چہروں کی تبدیلی سے تعبیر کرتے ہیں اور سسٹم کی استحصالی بنیادوں کو مزید مضبوط کرتے نظر آتے ہیں ۔ ایسی صورتحال میں ترقی پسند افراد او سیاسی پارٹیوں کا کردار بہت اہم ہے کہ عوام کو نظام کا استحصالی چہرہ دکھا کر اس کے خلاف سیاسی جدوجہد کے لیے منظم کریں ، تاکہ ایک خوشحال معاشرے کی تعمیر ممکن ہو سکے۔

Facebook Comments

Amin Shah
میں ایک ہیومنسٹ ہوں اورانسانی مساوات پر یقین رکھتا ہوں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply