ناسا کا خلائی جہاز اگلے ماہ مریخ کی جانب سفر کرے گا

 ناسا کی جانب سے مریخ پر کئی اہم مشنز اور خلائی جہاز روانہ کئے گئے ہیں لیکن اب مریخی تاریخ اور اس کی اندرونی خبر لینے کیلئے ناسا اگلے ماہ انسائٹ نامی جدید ترین خلائی جہاز روانہ کر رہا ہے۔ آئندہ ماہ کی پانچ تاریخ کو انسائٹ مریخ کی جانب روانہ کیا جائے گا  جو مریخ کے  رازوں پر سے پردہ اٹھائے گا۔ ماہرین اس کی بدولت مریخ کی اندرونی ساخت، کیمیائی ترکیب، تاریخ اور خود زمین سمیت دیگر سیاروں کے بارے میں بہت کچھ جان سکیں گے۔ ناسا میں اس خلائی مشن سے وابستہ اہم ماہر بروس بینرٹ کہتے ہیں کہ مریخ پر تحقیق کرکے ہم اپنے نیلے سیارے کی خبر لے سکیں گے اور اس کے بارے میں اہم انکشافات مریخ پر تحقیق کے بعد سامنے آئیں گے۔ انسائٹ کا پورا نام انٹریئر ایکسپلوریشن یوزنگ سیسمک انویسٹی گیشنزجیوڈیسی اینڈ ہیٹ ٹرانسپورٹ ہے۔ 2012 میں مریخ کی سطح پر اترنے والا آخری خلائی جہاز کیوریوسٹی تھا اور اب انسائٹ وہاں پہنچے گا۔ اس پر ایک روبوٹ بازو لگا ہوا ہے جو مریخی سطح کو کھود کر اس میں ایک زلزلہ پیما یعنی سیسمو میٹر لگائے گا۔ یہ آلہ مریخی زلزلوں کو ریکارڈ کرے گا اور ساتھ ہی مریخی سطح کی مختلف تہوں میں موجود مختلف مادوں کی خبر دے گا۔ اس طرح ہمیں بخوبی معلوم ہوسکے گا کہ مریخ کے اندر کس طرح کے مادے پائے جاتے ہیں۔ انسائٹ خلائی جہاز میں ایک ہتھوڑے نما آلہ بھی ہے جو مریخ کی سطح کے 16 فٹ اندر تک دھنس کر وہاں موجود حرارت کا پتا لگائے گا۔ اس سے ہمیں معلوم ہوسکے گا کہ آخر مریخ اندر سے کتنا گرم ہے اور اس کی وجہ کیا ہے۔ اس میں نصب ایک تیسرا حساس نظام پورے سال مریخ اور زمین کے درمیان سگنل بھیج کر انہیں بطور ایک حوالہ استعمال کرکے اس کے قطب شمالی کی تھرتھراہٹ کو نوٹ کرے گا۔ اس سے مریخ کی اندرونی کثافت اور دیگر تفصیلات معلوم ہوسکیں گی۔ ماہرین کے مطابق اس اہم مشن سے نہ صرف مریخ بلکہ پورے نظامِ شمسی کے متعلق ہماری معلومات میں اضافہ ہوگا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply