اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماءفاروق ستار کو کنوینئرشپ سے ہٹانے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا ۔
الیکشن کمیشن نے کنوینئرشپ سے ہٹایا،تو فاروق ستار نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا،جہاں آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے ان کی درخواست پرسماعت کی، فاروق ستارکی جانب سے ایڈووکیٹ بابرستارپیش ہوئے ۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کوکالعدم قراردینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ کنوینئرشپ کا معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیارمیں نہیں آتا اورقانونی تقاضے بھی پورے نہیں کئے گئے، کیس کی سماعت مکمل ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
جسٹس عامرفاروق نے استفسارکیا کہ کیا حکم امتناع جاری کرنے سے پارٹی کے اندرونی اختلافات بڑھ جائیں؟ جس پرایڈووکیٹ بابرستارنے پارٹی معاملات میں کشیدگی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اورخالدمقبول صدیقی سمیت دیگر فریقین کو 11اپریل کیلئے جواب طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، کنورنوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی کوفریق بنایا گیا ہے ۔

الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنماؤں کی درخواست پر ایم کیو ایم پاکستان کے انٹراپارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کی پارٹی کنوینئر شپ ختم کر دی تھی۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں