جنت کے متلاشی جہنمی

نعرہء رسالت لگا کر اتنی بے رحمی سے قتل کرنے والوں کو پتا ہونا چاہیے کہ رسول رحمتﷺ نے بد ترین اہانت کرنے پر بد دعا تک نہ دی، طائف میں رسول رحمتﷺ کے ساتھ ہر بد سلوکی کی گئی لیکن ہاتھ اٹھے تو صرف دعا کے لیے۔۔ کعب بن زہیر بد ترین ہجو لکھنے کے بعد حاضر ہوا، معافی طلب کی، رحمت اللعالمینﷺ کی رحمت کی چادر کا سایہ نصیب ہوا۔ یہ کون ہیں جو نعرہ رسالت لگا کر ایک انسان کو بد ترین طریقے سے مار رہے ہیں۔کیا اب وقت نہیں آ گیا کہ توہینِ رسالت کا جھوٹا الزام لگانے والوں کے لیے سخت قانون بنایا جائے؟ کیا ابھی وقت نہیں آیا کہ توہین رسالت کی سزا گلیوں کوچوں میں دینے والے کو لٹکا دیا جائے؟
اگر یہ خود کو بریلوی کہتے ہیں تو میں ببانگِ دہل چیلنج کرتا ہوں کہ امام احمد رضا رح نے کبھی ایسا کرنے کا حکم نہیں دیا۔ اگر یہ دیوبندی ہیں تو اشرف علی تھانوی رح اور قاسم نانوتوی رح کی کسی ایک کتاب سے اس وحشیانہ فعل کا جواز لا کر دکھائیں۔ اگر یہ شیعہ ہیں تو مولا علی علیہ السلام اور امام جعفر صادق کی فقہ سے اس بر بریت کے لیے کچھ نکال بھی پائے تو اس فعل کی مذمت ہی ہو گی۔ اگر یہ اہلحدیث ہیں تو شاہ اسماعیل رح کی تقویۃ الایمان یا دیگر تصانیف سے اس کا اثبات کریں۔۔نہیں نہیں ہرگز نہیں، یہ نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ان کا رسول رحمتﷺ اور آئمہ سے کوئی تعلق ہے۔ ہر بد عملی کرنے والے شقی القلب لوگ ناموس رسالت کے نام پر گناہ گاروں کو مار کر اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی بخشش ہو گی تو یہ ان کی خود فریبی ہے، مجھے یقین ہے کہ روز حشر وہ قاتلوں کی صف سے اٹھائے جائیں گے اور سرکارِ عالی وقارﷺ ان کی طرف دیکھنا تو دور کی بات تھوکنا بھی گوارا نہیں کریں گے۔

Facebook Comments

شاہد خیالوی
شاہد خیالوی ایک ادبی گھرا نے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ معروف شاعر اورتم اک گورکھ دھندہ ہو قوالی کے خالق ناز خیالوی سے خون کا بھی رشتہ ہے اور قلم کا بھی۔ انسان اس کائنات کی سب سے بڑی حقیقت اور خالق کا شاہکار ہے لہذا اسے ہر مخلوق سے زیادہ اہمیت دی جائے اس پیغام کو لوگوں تک پہنچا لیا تو قلم کوآسودگی نصیب ہو گی

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply