مجھے ہمدردی ہے

اسلام نے بلا شبہ عورت کو اعلی مقام بخشا ہے، کاش پاکستانی مسلمان بھی عورت کے مقام کی قدر کرنا سیکھ جائیں۔ کبھی غور کریں تو رونگٹے کھڑے ہو جا ئیں گے کہ پاکستان میں کتنی خواتین کوزندہ جلا دیا گیا، کتنی عورتوں کوتیزاب ڈال کر زندگی سے محروم کر دیا گیا، کتنی عورتیں گیس کے چولہے اور ہیٹر کی نذر ہو گئیں ، کتنی عورتوں کو مٹی کا تیل پلا کر ان کے معدے چھلنی کر دئیے گئے، کتنی عورتوں کی عصمتیں پنچائیت میں درندوں کے حوالے کر دی گئیں، کتنی عورتوں پر بدچلن ہونے کا بھونڈا الزام لگا کر قتل کر دیا گیا یا وہ اپنی جان بچا کر دارالامان میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئیں، کتنی عورتوں کی زندگی اپنے سسرال میں اپنے ہی گھر میں جہنم بنی ہوئی ہے۔ کتنی عورتیں بغیرتوں کی غیرت کی بھینٹ چڑھ گئیں ۔۔۔ اللہ اللہ کلیجہ منہ کو آتا ہے کتنے مظالم گنتے رہیں۔
اگر ان مظالم کے خلاف بات کریں تو صالحین فرماتے ہیں کہ تم عورتوں کی آزادی نہیں بلکہ عورتوں تک پہنچنے کی آزادی چاہتے ہو۔ اے پاکستانی صالحین کچھ تو ڈرو خدا سے، کیا تم سے پوچھا نہیں جائے گا کہ جب پاکستان کی خواتین کی زندگی جہنم بنی ہوئی تھی تو تمہارے محراب کومقام النساء پرسانپ کیوں سونگھ گیا تھا؟ تم نے ان نام نہاد مولوی اور پیروں کی مذمت کیوں نہیں کی جنہوں نے خواتین جن کو قرآن بھی بڑے احترام سے مخاطب کرتا ہے کو رنڈیاں لکھا ۔ جو خواتین پر تشدد کو جائز جانتے ہیں، جو خواتین کے لیے لکھی گئیں کتب میں مردانہ بیماریوں کا ذکر تفصیل سے کرتے ہیں ۔ کاش تم عورت کے جذبات اور اس کی نزاکت کو سمجھ سکتے کہ وہ ترش الفاظ برداشت نہیں کرسکتی اور تم ان پر تیزاب گرتا دیکھ کر خاموش رہے اور ان کے حق میں بولنے والوں پر پھبتیاں کستے رہے لیکن ہوموجینئس کہاں سے سمجھے گا۔ سب سے بڑے ظالم ہیں وہ والدین جن کی بیٹی اپنے میکے آ کر انہیں سسرال کے برے رويے کی شکایت کرے اور وہ والدین صرف اس لیے خاموش ہو جائیں کہ کہیں بیٹی کا گھر نہ اجڑ جائے۔ ارے میاں سمجھو کہ وہ گھر میں نہیں جہنم میں رہ رہی ہے۔ اسلام نے بلا شبہ عورت کو اعلی مقام بخشا ہے کاش ہم عورت کے مقام کی قدر کرنا سیکھ جائیں۔

Facebook Comments

محمد سرور
چیف فنانشیل آفیسر صفی گروپ آف کمپنیز۔ ملتان

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply