ہم تو مٹ جائیں گے اے ارضِ وطن۔۔عامر عثمان عادل

کچھ تصویریں واقعی بولتی ہیں اور ان کی خامشی پر لفظ قربان ہو ہو جاتے ہیں ۔یہ تصویر یوم پاکستان کی پر وقار تقریب میں شاندار فضائی  مظاہرے کے بعد کی ہے جس میں ایس ایس جی کے کمانڈر قومی پرچم صدر مملکت کو پیش کرتے دکھائی  دیتے ہیں کہنے کو یہ ایک تصویر ہے مگر علامتی اظہار ہے پاک فوج کی اس دھرتی کے دفاع کی خاطر لازوال کمٹمنٹ کا اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے عزم کا یہ تصویر خاموش پیغام ہے ان لوگوں کیلئے جو دن رات سول سپریمیسی کیلئے ہلکان ہوئے جاتے ہیں ،بات بے بات ہر بگاڑ کا ذمہ دار فوج کو ٹھہرانے کو اپنی دانش کا نقطہ عروج گمان کرتے ہیں، مجھے تو یہ تصویر بہت ہی بھلی لگی جس میں وردی والے قومی پرچم کو سربراہ مملکت کو پیش کر کے گویا سول سپریمیسی کا اعتراف کرتے دکھائی  دیتے ہیں، کیسا خوش کن منظر ہے جس محبت،چاؤ سے صدر مملکت نے سبز پرچم کو فرط عقیدت سے چوم کر آنکھوں سے لگایا اس جذبے کو سلام ۔جس احترام سے ایک فوجی نے ملکی وقار اور آبرو کی علامت اس پرچم کو سربراہ مملکت کو پیش کیا اس سپرٹ پر صد آفرین ۔

مجھ جیسے آس پسندوں کیلئے یہ تصویر باعث اطمینان ہے ،اللہ کرے کہ ہمارے تمام ادارے اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں فوج اس پاک دھرتی کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جان لڑا دے ،عدلیہ قانون کی بالا دستی اور عدل و انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ سول انتظامیہ انداز شاہانہ بدل کر صحیح معنوں میں عوام کی خدمت میں جت جائے ۔رہ گئی منتخب قیادت تو وہ اپنی تجوریاں بھرنے اور اپنی نسلوں کو سنوارنے کی بجائے وطن عزیز میں عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی خاطر تمام تر وسائل کر بروئے کار لائے ۔

Advertisements
julia rana solicitors

ہمیں ایک دوسرے کو نیچا نہیں دکھانا ہماری جنگ غربت ،افلاس، جہالت سے ہے نہ کہ ایک دوسرے کے خلاف ۔الزام دشنام اور ابہام کا یہ کلچر اب بند ہو جانا چاہیے  اپنی ہی فوج کو گالی دے کر کیچڑ اچھال کر ہمیں کچھ حاصل ہو نا  ہو ہمارے دشمن کا کام ضرور آسان ہوتا  ہے۔ وردی والوں نے سبز پرچم کو محبت سے لپیٹ کر ادب و احترام کی طشتری میں رکھ کر ریاست کے آئینی سربراہ کو پیش کر کے نفرتیں عام کرنے والوں اور وطن کی عزت نیلام کرنے والوں کو پیغام دے دیا ہے کہ ہم سول بالا دستی کو مانتے ہیں ہم اس وطن کی ناموس کے رکھوالے ہیں ہمارے ہوتے کسی کی  دال نہیں گلنے والی۔ یہ تصویر پہروں تم جیسوں کے سینوں پہ مونگ دلتی رہے گی!

Facebook Comments

عامر عثمان عادل
عامر عثمان عادل ،کھاریاں سے سابق ایم پی اے رہ چکے ہیں تین پشتوں سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں لکھنے پڑھنے سے خاص شغف ہے استاد کالم نگار تجزیہ کار اینکر پرسن سوشل ایکٹوسٹ رائٹرز کلب کھاریاں کے صدر

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply