اسلام آباد:قومی احتساب بیورو(نیب )نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل ) میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق،نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو 2الگ الگ خط لکھے گئے ہیں۔
ایک خط میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہےجبکہ دوسرے خط میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا کہا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق،نیب کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ تینوں ملزم کرپشن ریفرنسز میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف مقدمات کا ٹرائل اختتام کے قریب ہے اور ملزموں کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔
نیب نے خط میں سفارش کی ہے کہ اگر ملزم بیرون ملک چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے ،اس لئے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔
واضح رہے کہ نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف دائر ریفرنسز کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جاری ہے جبکہ گزشتہ روز سماعت کے دوران نوازشریف نے نیب ریفرنسز کی سماعت میں حاضری سے 2ہفتے کے استثنیٰ کی درخواست کی تھی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں