انتخابی عمل میں تیسری سیاسی قوت کو خود لیڈ کروں گا

اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ لیگی دھڑوں کی طاقت سے بننے والی تیسری سیاسی قوت کو انتخابی عمل میں خود لیڈ کروں گا۔ جی نائن ٹو کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں منعقدہ جلسے سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ اے پی ایم ایل میں تمام قوموں کے لوگوں کی نمائندگی ہے ،ہمارے پاس کوئی بدنام سیاست دان نہیں ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ان لٹیروں سے ہمیں چھٹکارہ پانا ہو گا، عوامی طاقت سے چوروں اور لٹیروں کو اقتدار میں آنے سے روکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میرا دل خون کے آنسو روتا ہے جب دیکھتا ہوں کہ جو پاکستان عروج پر تھا آج کہاں کھڑا ہے، ملک میں ترقی نہ ہونے کے برابر ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ اے پی ایم ایل میں کوئی بدنام ، چور ، ڈاکو اور لٹیرا نہیں ہے، حلال کھائیں گے اور پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، پیسے کی سیاست کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ میرے دور اقتدار میں پاکستان عروج پر تھا، صنعتیں فعال اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا تھا ، ملک میں سرمایہ کاری آ رہی تھی، ملک بھر میں ترقیاتی کام ہو رہے تھے، غریب ، محنت کش اور کسان طبقہ خوش حال ہوا اور غربت میں کمی ہوئی، اب ہر جگہ تباہی نظر آتی ہے، 10 سال میں ملک کی کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ اس موقع پر پرویز مشرف نے اے پی ایم ایل کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد امجد اور جنرل سیکریٹری مہرین ملک آدم کو مبارکباد بھی دی۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد امجد نے جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ شریف برادران کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم سب اکٹھے ہو جاؤ لیکن ہمارا ایک قائد ہی تم سب پر بھاری ہے۔ مہرین ملک نے کہاکہ آج کا جلسہ ہما ری انتخابی مہم کاآغاز ہے۔جلسے کے دوران پرویز مشرف سے بذریعہ وڈیو لنک رابطہ کرنے میں مشکلات بھی پیش آتی رہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply