عاصمہ جہانگیر کا مذہب۔۔شاہد خیالوی

جماعت اہل حدیث کے ایک عہدے دار فیصل علوی عاصمہ جہانگیر سے متعلق ایک واقعہ بیان کرتے ہیں. احباب انہی  کی زبانی سنیں۔۔

Advertisements
julia rana solicitors london

قریباً  ایک سال پہلے فضلیۃ الشیخ حافظ محمد شریف حفظہ اللہ تعالی ریاض تشریف لائے ہمارے پیارے دوست شوکت ملک صاحب کی گھر کھانے پر حافظ صاحب کی زیارت اور گفتگو کا موقع میسر آیا-
فرمانے لگے سوشل اور رفاعی کاموں میں ہم بہت پیچھے ہیں اس حوالے سے عاصمہ جہانگیر کا ایک متاثر کن واقعہ سنایا-
فرمانے لگے،میرے ایک ملاقاتی جنہیں سزائے موت ہو چکی تھی ان سے میں جیل میں ملاقات کے لئے گیا تو وہ بہت پریشان تھے اور کہنے لگے حافظ صاحب اصل مسئلہ یہ ہے کہ میں نے قتل نہیں کیا اور مجھےنا کردہ گنا ہ کی سزا دی جارہی ہے-میں نے انہیں تسلی دی اور میں دعا اور تسلی کے علاوہ کر بھی کیا سکتا تھا-میں ملاقات کرکے واپس آگیا-
کچھ عرصہ گزرا تو سزائے موت کے قیدی سے برسر بازار ملاقات ہوگئی-میں بڑا متعجب ہوا کہ تمھیں تو سزائے موت ہوچکی تھی اور اب تم آزاد ہو معاملہ کیا ہے-
کہنے لگا کہ آپ کے جانے کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ عاصمہ جہانگیر نامی ایک خاتون وکیل مستحق افراد کے مقدمات مفت لڑتی ہے – چناچہ میں نٍے اسے خط لکھ دیااورتفصیل بتائی کہ میں بے گناہ ہوں-خوامخواہ مجھے پھنسایا گیا ہے-
عاصمہ جہانگیر نے مفت میرا مقدمہ لڑا اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میں بری ہوگیا-
حافظ صاحب فرمانے لگے کہ اب آپ ہی بتائیے ہم سو دفعہ عاصمہ جہانگیر کو مرتد اور کافر قرار دیتے رہیں لیکن اس شخص کے نزدیک سب سے بڑی مسلمان ہی وہ ہے۔۔
اور انہوں نے نصیحت کی کہ ہمیں رفاعی کاموں میں بھر پور حصہ لینا چاہیے یہ بھی لوگوں تک دعوت دین پہنچانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔۔
اس دن میں حافظ صاحب کی تمام گفتگو سے انتہائی  درجہ متاثر ہوا وہ ایک وژنری عالم با عمل ہیں۔ہماری جماعت کو ان کے وژن سے بھر پور فائدہ اٹھا نا چاہیے-بعض لوگ عاصمہ جہانگیر کے فوت ہونے پر طعن و تشنیع کے تیر برسا رہے ہیں ، مجھے بھی ان کے خیالات سے شدید اختلافات تھے لیکن اب خاتون کا معاملہ اللہ تعالی کے پاس پہنچ چکا ہے-
لیکن تھیں وہ ایک نڈر اور بے باک خاتون جنہوں نے ہمیشہ آمریت کے خلاف اور ججوں کے نامعقول فیصلوں پر کھل کر اپنی رائے اظہار کیا۔
اب عاصمہ جہانگیر کا معاملہ اللہ رب العزت کے پاس ہے –اگر آپ ہمدردی کا اظہار نہیں کر سکتے تو اس معاملے میں خاموشی ہی بہتر ہے—جزاکم اللہ خیراً!

Facebook Comments

شاہد خیالوی
شاہد خیالوی ایک ادبی گھرا نے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ معروف شاعر اورتم اک گورکھ دھندہ ہو قوالی کے خالق ناز خیالوی سے خون کا بھی رشتہ ہے اور قلم کا بھی۔ انسان اس کائنات کی سب سے بڑی حقیقت اور خالق کا شاہکار ہے لہذا اسے ہر مخلوق سے زیادہ اہمیت دی جائے اس پیغام کو لوگوں تک پہنچا لیا تو قلم کوآسودگی نصیب ہو گی

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply