يوں تو ميرا بچپن بھی بہت سے عام بچوں کے جيسا ہی تھا ليکن اس ميں کچھ خاص بھی تھا۔ ميرےماضی کے دھندلکوں ميں تين تصويريں دکھائی دیتی ہيں۔
ايک ماں بيٹی اور ايک اس کا بيٹا۔
آج کے دن لوگ ان عظيم عورتوں کا نام اپنی تحريروں ميں بياں کرتے ہيں جنہوں نے کوئی بڑا کارنامہ کيا۔ ليکن ميرے ذہن ميں عظيم خواتين
کے جو نام آتے ہيں، وہ ہيں ميری ماں اور ميری نانی اور تيسرا ميرا بھائی۔ جی اپ سوچ رہے ہوں گے خواتين کے بيچ مرد کہا سے آ گيا؟ تو بتاتی ہوں۔
لوگ کہتے ہيں بچپن ميں ہی ہمارے گھروں ميں ببیٹیوں کا استحصال ہوتا ہے ليکن ميرے ساتھ کبھی ايسا نا ہوا تھا۔ مجھے بچپن سے ہی باس کا درجہ ملا ہوا تھا، وی آی پی پروٹوکول کے ساتھ۔ ميری ماں نے ہمیشہ بھائيوں جتنا بلکہ کبھی تو بھائيوں سے زيادہ مجھے کھانے کو دیا۔ ميں بہت اچھی کک ہوں ليکن مجھ سے بھی بہتر ميرے بڑے بھائی کھانا بناتے تھے، غضب کا ذائقہ تھا ان کے ہاتھوں ميں، سارے کھانے پکانے انہی سے سيکھے۔ اکثر جب امی دوپہر کو چھوٹے بھائيوں کو لے کر آرام کرتيں تو ايسے ميں ہم دونوں بہن بھائی کوئی نئی ریسیپی ٹرائی کر رہے ہوتے۔ چونکہ کے ہم گاوں ميں رہتے ہيں تو لکڑيوں سے آگ جلاتے ہيں ليکن آگ جلانا ميرے ليے ہمیشہ ہی مشکل تھا۔ ايسے ميں ميرا بھائی ميرے ليے يہ کام کرتا۔ پياز کاٹنا پڑتا تو آنکھوں سے آنسو ہی بند نا ہوتے ، ناک سے سوں سوں کرتی ميں پياز کاٹتی تو بھائی اپنا کام چھوڑ کر آ کر پياز لے ليتا اور کہتا ہٹ پرے تو کاٹے گی پياز۔
ميرے ساتھ آدھے سےزيادہ کام وہ کرتا تھا۔ اسکے ہوتے ہوئے مجھے کبھی کسی سيہلی کی ضرورت نہيں پڑی۔ وہ بھائی بھی تھا، بہن بھی، دوست بھی۔ ہم اپنی باتيں اور مشکليں ايک دوسرے سے ہی شئير کرتے تھے۔ ہم نے کبھی امی کو پريشان نا کيا، کبھی امی سے کسی چيز کا تقاضہ نا کيا۔ وہ مجھ سے دو سال بڑا تھا۔ مجھے کتابوں کا چسکا بچپن سے ہی تھا ليکن اتنے پيسے نہيں ہوتے تھے کہ خريدی جا سکيں۔ مجھے ياد پڑتا ہے کہ کبھی زندگی ميں میں نے کسی سے کسی چيز کی ضد کی تھی تو اپنے بھائی سے ہی کی۔ اور وہ مزدوری کر کے پيسے جمع کرتا اور ميرے ليے کتابيں لاتا۔ اس نے ميری ہر وہ خواہش پوری کی جو ميں نے اس سے کی، وہ ايک بہترين بھائی تھا ايک بہترين بيٹا تھا۔
آج خواتين کے دن کے موقعے پر ميں يہ کہنا چاہتی ہوں کہ کوئی عورت تب تک عظيم نہيں بن سکتی جب تک کوئی عظيم مرد اسکی سپورٹ کے ليے نا ہو۔ آج اگر مجھے کچھ آتا ہے، کچھ سيکھا ہے، تو يہ سب اپنے بھائی کی وجہ سے۔ آج وہ اس دنيا ميں نہيں ہے ليکن ميرے ہر لفظ ميں وہی ہے۔
لوگ ہمشہ ان مردوں کی بات کرتے ہيں جو عورتوں کے حقوق کی پامالی کرتے ہيں، مگرکبھی ان مردوں کا نام لينا پسند نہيں کرتے جو عورتوں کو کسی مقام تک پہنچانے کےليے اپنا حصہ بھی بخش ديتےہيں۔ آج کا خواتین ڈے ان عظيم مردوں کے نام
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں