ایلون مسک کا وژن/محمد ثاقب

ایلون مسک کی زندگی کامیابی، جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر کی ایک منفرد کہانی ہے۔ وہ ایک ایسے شخص ہیں جنہوں نے نا صرف اپنی زندگی بلکہ دنیا کو بھی بدلنے کا عزم کیا۔ ان کی شخصیت ہر وقت تنازعات اور شہرت کے درمیان گھومتی رہتی ہے، اور حالیہ دنوں میں ان کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وابستگی نے ان کی زندگی میں ایک نیا موڑ دیا ہے۔

ایلون مسک کی پیدائش28 جون 1971 کو جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا میں ہوئی۔ بچپن سے ہی وہ  غیر معمولی ذہانت کے مالک تھے، لیکن ان کا سماجی تعلق کمزور تھا۔ بچپن کے دنوں میں وہ سکول میں دیگر بچوں کے مذاق کا نشانہ بنتے رہے۔ انہوں نے اپنے ذہن کو ان مسائل سے نکالنے کے لیے کتابوں اور کمپیوٹرز کا سہارا لیا۔ صرف بارہ سال کی عمر میں انہوں نے اپنا پہلا کمپیوٹر گیم بنایا اور بیچ کر رقم کمائی، جو اِن کے جدت پسند ذہن کا پہلا اشارہ تھا۔

تعلیم کے بعد ایلون نے اپنی زندگی امریکہ میں گزارنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ انہیں یقین تھا کہ وہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پے پال، اسپیس ایکس، اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں کی بنیاد رکھی، جنہوں نے دنیا میں انقلاب برپا کیا۔

ہم پاکستانی آج 2024 میں پے پال کو پاکستان میں لانچ بھی نہیں کر سکے۔ اپنے گریبان میں جھانکنے کا وقت ہے

انشا نے کہا تھا

نہ چھیڑ اے باد بہاری راہ لگ اپنی

تجھے اٹھکھیلیاں سوجھی ہیں ہم بے زار بیٹھے ہیں

اسپیس ایکس نے خلائی تحقیق کو عام انسانوں کے لیے ممکن بنانے کا خواب دیکھا، جبکہ ٹیسلا نے الیکٹرک کاروں کو مقبول بنا کر ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

ایلون مسک کی نیورالِنک کمپنی نے حالیہ سالوں میں ان کی شہرت کو مزید بڑھایا۔ نیورالِنک ایک ایسی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے جو دماغ اور کمپیوٹر کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کر سکتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نا صرف معذوری کا علاج ممکن ہوگا بلکہ دماغی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔ ایلون کا خواب ہے کہ انسان مصنوعی ذہانت کے خطرات سے بچ سکے اور اس کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرے۔

علامہ اقبال کا یہ فرمان ایلون مسک کے لیے

قوتِ افرنگ از علم و فن است ؍ از ہمین آتش چراغش روشن است

علم و فن را ای جوانِ شوخ و شنگ ؍ مغز میباید نہ ملبوسِ فرنگ

کہ اہلِ مغرب کی طاقت کا راز علم و فن میں ہے۔ اسی آگ سے ان کا چراغ جل رہا ہے۔ اے چنچل جوان! علم و فن کے لیے مغز کی ضرورت ہے نہ کہ فرنگی ملبوس کی

حالیہ دنوں میں ایلون مسک کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وابستگی نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ، جو ہمیشہ اپنے متنازع خیالات اور فیصلوں کے لیے مشہور رہے ہیں۔ ایلون مسک کے ساتھ ان کی ملاقاتیں اور گفتگو نے دونوں شخصیات کے مشترکہ نظریات اور عزائم کو اجاگر کیا ہے۔ مسک اور ٹرمپ دونوں ایسے افراد ہیں جو روایتی حدود کو توڑنے اور نئے نظریات پیش کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

ایلون مسک کی کہانی انفرادیت اور جدت کی مثال ہے۔ وہ ایک ایسے شخص ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے ہر موڑ پر چیلنجز کو قبول کیا اور انہیں مواقع میں بدل دیا۔ ان کی زندگی کا ہر باب ایک نئی تحریک کا آغاز کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی وابستگی ایک اور کہانی کا آغاز ہو سکتی ہے، جس کے نتائج آنے والا وقت ہی بتا سکے گا۔

ایلون مسک نے ہمیشہ اپنے وژن کے ذریعے دنیا کو حیران کیا ہے۔ ان کی کہانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کامیابی محنت، جدت، اور غیر معمولی سوچ کا نتیجہ ہے۔ ان کی زندگی کا سفر جاری ہے، اور ان کا ہر قدم دنیا کو ایک نئی سمت دے رہا ہے۔

ایلون مسک کی زندگی کی کہانی سے اخذ کردہ کچھ اہم اصول آپ کی خدمت میں پیش ہیں

1. ہمیشہ بڑے خواب دیکھیں اور انہیں حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

2. مشکلات کو کامیابی کا راستہ سمجھیں، نہ کہ رکاوٹ۔

3. وقت کی قدر کریں اور اسے بہترین طریقے سے استعمال کریں۔

4. غیر معمولی سوچ کو اپنائیں اور اپنی جدت کے ذریعے دنیا کو بدلیں۔

5. ناکامی کو سیکھنے کا ایک ذریعہ سمجھیں، نہ کہ مایوسی کا۔

6. اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل محنت کریں۔

7. خوف کو اپنے راستے کی دیوار نہ بننے دیں۔

8. ہر نئے دن کو ایک نئے موقع کے طور پر دیکھیں۔

9. زندگی میں خود کو محدود نہ کریں، ہمیشہ مزید کی تلاش کریں۔

10. خود پر اعتماد کریں اور اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں۔

11. سادگی کو اپنائیں اور غیر ضروری چیزوں سے بچیں۔

12. نئے تجربات سے کبھی نہ گھبرائیں۔

13. دوسروں کی رائے سنیں، لیکن فیصلہ ہمیشہ اپنے اصولوں پر کریں۔

14. اپنی ٹیم کو مضبوط بنائیں ایلون مسک نے ہمیشہ بہترین اور ذہین لوگوں کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ ان کے مطابق، “آپ کی ٹیم آپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اور بہترین ٹیم ہی آپ کو کامیاب بناتی ہے ۔

15. مستقبل کے بارے میں سوچیں، لیکن حال کو نظرانداز نہ کریں۔

16. تعلیم کو اہمیت دیں اور ہمیشہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کریں۔

17. رسک لینے سے نہ ڈریں، یہی ترقی کا پہلا قدم ہے۔

18. اپنی زندگی کے مقصد کو واضح کریں اور اس پر قائم رہیں۔

19. مثبت رہیں اور ہر صورتحال میں بہترین تلاش کریں۔

20. جدت کو اپنائیں اور پرانی روایات کو نئے انداز سے دیکھیں۔

21. ہمیشہ دوسروں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں۔

22. اپنے کام کو شوق کے طور پر کریں، نہ کہ بوجھ کے طور پر۔

23. بڑے مسائل کے لیے بڑے حل تلاش کریں۔

24. اپنی صحت کو ترجیح دیں اور اپنے جسم کا خیال رکھیں۔

25. خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے بے خوف ہو کر محنت کریں۔

آخر میں ہم پاکستانیوں کے لیے جون ایلیا کا یہ پیغام

نوکری کررہے ہو مدت سے

تم

Advertisements
julia rana solicitors london

کوئی کام کیوں نہیں کرتے

Facebook Comments

محمد ثاقب
محمد ثاقب ذہنی صحت کے ماہر کنسلٹنٹ ہیں جو ہپناتھیراپی، لیڈرشپ بلڈنگ، مائنڈفلنس اور جذباتی ذہانت (ایموشنل انٹیلیجنس) کے شعبوں میں گذشتہ دس برس سے زائد عرصہ سے کام کررہے ہیں۔ آپ کارپوریٹ ٹرینر، کے علاوہ تحقیق و تالیف سے بھی وابستہ ہیں اور مائنڈسائنس کی روشنی میں پاکستانی شخصیات کی کامیابی کی کہانیوں کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں۔ معروف کالم نگار اور میزبان جاوید چودھری کی ٹرینرز ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply