میں ہمیشہ سے ہی ہر پَل بدلتے اور ڈیجیٹلائزڈ ہوتے بھارت دیش کے حالات کے سندربھ میں کہتا آرہا ہوں کہ ابھی بھی وقت ہے اس نئے بھارت کے نئے بندوبست میں خود کو صحیح اور شفاف طریقے سے درج کرا لیجیے ۔
ڈیٹا کلیکشن کے اس جدید عہد میں آپ کے اور آپ کے پرکھوں کے چھوٹے سے چھوٹے دستاویز اور ڈاکیومنٹس بھی آپ کو گزٹ کرانے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہوسکتے ہیں ۔
پرانے لوگوں سے بارہا آپ نے سنا ہوگا کہ “اللہ تعالیٰ کورٹ ، کچہری اور مقدمات کے جھمیلوں سے محفوظ رکھے ” ۔لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ آئندہ کی زندگی میں یہی مقدمات اور کچہری کی پرانی اور نئی فائلیں آپ کی زندگی ، آپ کے وجود اور آپ کی شہریت کے ساتھ آپ کے بھارتی ہونے کے پختہ ثبوت بننے والے ہیں ۔
“گویا کہ ابھی تک وقتی طور پر دکھائی اور معلوم پڑنے والی یہی زحمت آپ کے لیے مستقل رحمت بننے والی ہے “۔
میں اکثر اپنے لوگوں سے کہتا ہوں کہ اگر آپ کے والدین زندہ ہیں اور ان کے خلاف دیوانی کورٹ میں سِو ل اور دیوانی کے یا ریوینیو کورٹ میں ریوینیو مسائل کے مقدمات چل رہے ہیں تو پھر اللہ رب العالمین کا شکر ادا کریں کہ آپ کے والدین یا والد پکے گورنمنٹ گزٹڈ اور ڈاکیومنٹیٹڈ ہونے کے ساتھ ہی ریونیو ریکارڈڈ ہیں ۔
اگر آپ کے دادا یا پر دادا یا لکڑ دادا وغیرہ نے بھی اس وقت کی عدالتوں میں مقدمات لڑے تھے تو یہ اور بھی اچھی بات ہے کہ وہ لوگ بالترتیب گورنمنٹ ریکارڈز میں محفوظ ہیں اور ان کا نام ، پتا ، عمر اور جائے سکونت کی تفصیلات گورنمنٹ کے محافظ خانوں اور مال خانوں میں صحیح سلامت ریکارڈڈ ہیں ۔
بس آپ کو صرف سوال کا فارم بھر کر ان کی نقل نکلوا لینی ہے ۔ جس کی مخصوص سرکاری فیس ہوتی ہے اس کو ادا کرکے آپ ان تفصیلات کی سرٹیفائیڈ اور مصدقہ نکل نکلوا سکتے ہیں ۔
ان کی تفصیلات جاننے کے لیے پہلے معائنہ کی درخواست دینی پڑتی ہے ۔
اب معائنہ میں پرانے مقدمات کی مسل کی فہرست دیکھنی پڑے گی ۔
پھر “رجسٹر ” دیکھنا پڑے گا ۔ جس میں سیریل نمبر ، فائل نمبر ، تاریخ و سن ، مقدمہ نمبر ، نام بنام ، متعلقہ عدالت اور فیصلہ کے ساتھ ساتھ فائل داخل دفتر جیسی ضروری تفصیلات ہوتی ہیں ان کا معائنہ کرنے کے بعد ، نقل کی درخواست دینا پڑتا ہے ۔
اب آپ اسے اپنے پاس محفوظ کرلیں اور اسے بطور ثبوت جدید بندوبست کے سوالوں کے ساتھ جہاں ضروری ہو اسٹپل کراتے چلیں ۔
میں یہاں تک کہتا ہوں کہ خود کو گورنمنٹ گزٹ کرانے کے واسطے ہر کوئی آپس میں طے کرکے چھوٹی موٹی دیوانی یا ریوینیو کی دھاراؤں میں نام بنام مقدمات کرادے، جو کہ سو ل عدالتوں میں کمپیوٹرائزڈ مقدمات نمبر کے ساتھ درج ہوتے ہیں اور دونوں طرف سے اپنے وکیل لگا کر پیروی کرادیں اور فیصلوں کی سرٹیفائیڈ نقل اپنے پاس محفوظ کرلیں ۔
اس طرح آپ کو بڑی ہی آسانی سے ڈاکیومنٹیشن میں سب سے ضروری اور بنیادی ثبوت فراہم ہوجائیں گے ۔
اسی طرح کے ضروری دستاویزات کی فہرست ہم بالتفصیل ایک کے بعد ایک پیش کرنے کی کوشش کریں گے ۔
بشکریہ فیس بک وال
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں